مصنوعی ذہانت (AI) سے فرضی جرائم پر مبنی کہانی لکھنے کے لیے مدد لینے والے کراچی کے ایک شہری کو سائبر حکام نے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی۔
تازہ رپورٹ کے مطابق شہری نے اے آئی سے ایک خیالی کرائم اسٹوری تیار کرنے کے لیے مختلف سوالات کیے تھے۔ اس سرگرمی نے مبینہ طور پر امریکا کے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (FBI) کے سیفٹی الرٹ کو متحرک کیا، جس کے بعد معاملہ پاکستانی حکام تک پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے شہری کو طلب کرکے اس سے اے آئی پر کیے گئے سوالات اور ان کے مقصد کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔
حکام کی جانب سے اس معاملے کی مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں لائی گئیں، جبکہ ابتدائی رپورٹ میں شہری کی جانب سے کسی حقیقی جرم کی منصوبہ بندی یا ارتکاب کی تصدیق نہیں کی گئی۔ معاملہ بنیادی طور پر اے آئی پر کیے گئے سوالات اور ان کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

