گوجرخان ( بیورو رپورٹ)گوجرخان شہر کے بعض علاقوں میں دس روز سے پانی کی سپلائی معطل،شہری بوند بوند کو ترس گئے، وارڈ 19 کا نیا ٹیوب ویل بھی فعال نہ ہو سکا ،اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان سے نوٹس لینے کی اپیل تفصیلات کے مطابق گوجرخان شہر کے کئی علاقے گزشتہ دس روز سے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں محلہ عیدگاہ، غوری شادی ہال، اسلامیہ ہائی سکول اور ملحقہ علاقوں میں دس روز سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود پانی کی سپلائی بحال نہ ہونے پر اہلِ علاقہ شدید مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ وارڈ نمبر 19 میں نیا نصب کیا گیا ٹیوب ویل بھی تاحال فعال نہ ہونے سے شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ اہلِ علاقہ نے اس صورتحال پر سخت احتجاج کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ دار بلدیہ اہلکاروں کا تعین کرکے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی جیسی بنیادی ضرورت کی مسلسل عدم فراہمی ناقابل قبول ہے، جبکہ انچارج واٹر سپلائی سب انجینیئر رانا ممتاز اور متعلقہ لائن مین سے رابطے کی متعدد کوششوں کے باوجود شہریوں کو پانی کی بحالی کے حوالے سے کوئی واضح اور تسلی بخش جواب نہیں مل رہا۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ دس روز سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مسئلہ برقرار رہنا متعلقہ محکمے کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھا رہا ہے، جبکہ وارڈ نمبر 19 میں نیا ٹیوب ویل نصب ہونے کے باوجود اسے فعال نہ کیے جانے کی وجوہات بھی سامنے نہیں آسکیں۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان سیدہ زینب حسین سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے پانی کی سپلائی بحالی کی حتمی تاریخ اور وقت معلوم کرکے عوام کو آگاہ کیا جائے، جبکہ نئے ٹیوب ویل کی عدم فعالیت کی وجوہات کا تعین اور عوامی مفادات کی راہ میں رکاوٹ بننے والے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پانی کی بوند بوند کو ترستی عوام اب محض یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدام اور فوری بحالی کی منتظر ہے۔
