لاہور(جنرل رپورٹر) ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد عملی طبی تربیت کے لازمی
مرحلے ہاس جاب میں بھی نوجوان ڈاکٹرز کے لیے مشکلات بڑھ گئیں، ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں ہاس جاب کی نشستیں 15 اور 20 سے کم کرکے بعض ہسپتالوں میں صرف 5 تک محدود کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ہاس جاب کرنے والے ڈاکٹرز کو دیا جانے والا وظیفہ بھی ختم کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ہاس جاب کے دوران نوجوان ڈاکٹرز کو مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے کے ساتھ عملی تجربہ حاصل کرنا ہوتا ہے تاہم
نشستوں میں کمی کے باعث بڑی تعداد میں نئے گریجویٹس کے لیے ہاس جاب کے مواقع محدود ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب بغیر وظیفے کے ہاس جاب کرنے والے ڈاکٹرز کو ڈیوٹی کے ساتھ سفری، رہائش اور دیگر اخراجات بھی اپنی جیب سے برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔طبی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایم بی بی ایس کے بعد ہاس جاب ڈاکٹر کی پیشہ ورانہ تربیت کا بنیادی حصہ ہے اس کے مواقع کم کرنا اور وظیفہ ختم کرنا نوجوان ڈاکٹروں پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ حکومت ایک طرف سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی دور کرنے کے دعوے کرتی ہے، جبکہ دوسری طرف نئے ڈاکٹرز کے لیے عملی تربیت کے دروازے محدود کیے جا رہے ہیں جو صحت کے نظام اور مستقبل کی طبی افرادی قوت کے لیے تشویشناک صورتحال ہے۔
