بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ فاتح کپتان ہرمن پریت کور نے تینوں فارمیٹس میں ٹیم کی کپتانی سے فوری طور پر دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے یہ اعلان 6 اکتوبر 2026 کو سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔
37 سالہ ہرمن پریت کور نے کہا کہ کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا، اس سفر میں کئی سال کی یادیں، جذبات اور قربانیاں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھارتی ویمنز کرکٹ کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور وقت صرف کیا اور اب وہ دوبارہ صرف کھیل سے محبت کی خاطر بطور کھلاڑی میدان میں اترنا چاہتی ہیں۔
ہرمن پریت کور نے واضح کیا کہ وہ بھارتی ٹیم کے لیے بطور کھلاڑی دستیاب رہیں گی۔ ان کے مطابق کپتانی کا سفر ختم ہوا ہے، لیکن بطور کھلاڑی ان کا سفر جاری رہے گا۔
ہرمن پریت نے 2016 میں بھارت کی ٹی20 ٹیم کی مستقل کپتانی سنبھالی تھی جبکہ 2022 میں متھالی راج کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کی مستقل قیادت بھی سونپی گئی۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے 5 ٹیسٹ، 51 ون ڈے اور 155 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں کپتانی کی۔
ان کے دورِ کپتانی کا سب سے بڑا کارنامہ 2025 میں بھارت کو پہلی مرتبہ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا ٹائٹل جتوانا تھا۔ بھارت نے فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر تاریخ رقم کی، جس کے بعد ہرمن پریت 50 اوورز کا ورلڈ کپ جیتنے والی بھارت کی صرف تیسری کپتان بنیں، ان سے قبل کپل دیو اور ایم ایس دھونی یہ اعزاز حاصل کرچکے تھے۔
ہرمن پریت کور نے بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑ دی

