اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی’نیوز ایجنسیاں) قومی اسمبلی اور سینیٹ نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری دیدی، حکومتی اراکین نے ایمرجنسی کے نفاذ کی حمایت کی جبکہ اپوزیشن نے شدید مخالفت کی اور نعرے لگائے، حکومت اور اپوزیشن اراکین نے 4گھنٹے سے زائد بحث کی۔منظوری کے موقع پر پی ٹی آئی اراکین نے واک آؤٹ کیا۔ دریں اثناء پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج دن 11 بجے طلب کرلیا گیاہے جس میں ایمرجنسی کی توثیق کی جائے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے 2 اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کردئیے۔ قومی اسمبلی نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری دیدی، ایوان نے ایمرجنسی کے نفاذ کی قرارداد کی کثرت رائے سے منظوری دی ۔اس موقع پر اپوزیشن نے کے پی ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کی اور نعرے لگائے۔قرارداد پر بحث میں حکومت اور اپوزیشن اراکین نے 4گھنٹے سے زائد بحث کی ،بعد ازاں اسمبلی کا اجلاس(کل) جمعہ کی صبح 11بجے تک ملتوی کردیا گیا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ابھی بھی وقت ہے خیبر پختون خوا میں کیے گئے اقدامات واپس لیں۔ خدا کو مانیں لوگوں کو تنگ نہ کریں، یہ رویہ بربادی کا ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی قیدی سے ملاقات نہ کرانا مجرمانہ فعل ہے۔محمود خان اچکزئی نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فیصلوں کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بندوق کا شوق بہت خطرناک ہوتا ہے اور حکومت الفاظ کے ہیر پھیر سے معاملے کو گڑ بڑ کرنے سے گریز کرے، آج بھی ملک و آئین کی خاطر وزیراعظم کے ساتھ مل کر بیٹھنے کے لیے تیار ہیں، یہاں ایوان میں دو کرسیاں لگائیں، میں اور شہباز بھائی آمنے سامنے بیٹھ جاتے ہیں اور مسائل کا حل نکالتے ہیں، ایمرجنسی کا فیصلہ سراسر غلط ہے، اسے چھوڑیں اور لوگوں سے بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔سابق وزیراعلی خیبر پختونخواہ کا دفاع کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی ٹھیک انسان تھا، نہ وہ کسی کو گالی دیتا تھا بلکہ صرف یہی کہتا تھا کہ اس ظلم کے خلاف کھڑے ہو جاؤ۔محمود خان اچکزئی نے اعلان کیا کہ ہم آپ سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم عمران خان سے ملاقات کریں گے، کسی کو کچھ بھی نہیں بتائیں گے، عمران خان کی ذہنی و جسمانی حالت کا جائزہ لیں گے اور جہاں سے آپ لوگوں کی بات رکی تھی، وہیں سے دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی کوشش کریں گے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ حالات بتاتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کے علاوہ حکومت کے پاس کوئی چوائس نہیں رہی تھی، پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں دہشت گردوں کو واپس لا کر بسانے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کی گئی، جنرل(ر) فیض حمید اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ یہاں بیٹھے ہوتے تھے، ہمیں قائل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ ان دہشت گردوں کو واپس لایا جائے تو فائدہ ہوگا۔قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ شادیوں میں میراثی اتنی تعریف نہیں کرتے جتنی بطور وزیر اعظم عمران خان سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی کیا کرتے تھے۔قبل ازیںخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی سے متعلق قرارداد بحث کیلئے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی ۔وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے وقفہ سوالات معطل کرنے کی قرارداد پیش کی جسے سپیکر نے منظور کر لیا اور پھر کے پی میں ایمرجنسی سے متعلق صدارتی فرمان سے متعلق قرارداد بحث کیلئے ایوان میں پیش کی۔وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اندرونی خلفشار اور بیرونی دراندازی کی وجہ سے ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کیا، کے پی حکومت کا دہشت گردی کے خلاف رویہ غیر سنجیدہ تھا، سہیل آفریدی نے اپنی سیاسی کو پروان چڑھانے کو ترجیح دی، انہوں نے فورسز اور عوام کی شہادتوں کو نظر انداز کیا، ایک سیاسی جماعت کے نظریے کی وجہ سے دہشت گردی کو ہوا ملی، ایمرجنسی کے اعلان کے بعد 10 روز میں ایوان سے منظوری لازم ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو تجویز دیتا ہوں کہ پی ٹی آئی کو ایک بار مذاکرات کی دعوت دیں تاکہ ہم سب ملکر دہشت گردی کا خاتمہ کر سکیں،موجودہ سیاسی و قانونی حالات میں پی ٹی آئی کا کردار ہے۔قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا صدر آصف علی زرداری نے آئین کے مطابق ایمرجنسی کی منظوری دی، پی ٹی آئی والے صدر پاکستان اور پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، آپ ہمیں تنقید کا نشانہ ضرور بنائیں لیکن ہمیں کوئی تو وجہ دیتے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کیوں نہ لگائی جاتی، حکومت نے اپوزیشن کو انگیج کرنے کی ہرممکن کوشش کی، ایمرجنسی لگانا کوئی خوشی کی بات نہیں ہوتی، اگر ہمیں کوئی ٹھوس جواز دیا جاتا تو صدر دستخط نہ کرتے، پہلی دفعہ مسئلہ صدر کے پاس آیا تو اپوزیشن سے مذاکرات کا فیصلہ کیا، ایمرجنسی کا ایٹم بم استعمال کرنے سے پہلے مذاکرات کو موقع دیا۔وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کے لیے دروازے اب بھی کھلے ہیں مگر یہ غیرمشروط ہوں گے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گورنرراج اور ایمرجنسی دونوں تقریباً ایک ہی ہیں، آرٹیکل 232اور 234وفاق کو اختیار دیتے ہیں کہ وہ صوبائی حکومت کا اختیار استعمال کرسکے۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر اکتوبر میں بحث ہوتی نظر نہیں آرہی ہے۔راناثنا اللہ نے کہا کہ مذاکرات کے دروازے اب بھی کھلے ہیں لیکن یہ غیرمشروط ہوں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ پی ٹی آئی شرط رکھے کہ پہلے گورنرراج ختم کریں، مذاکرات میں یہ بات نہیں مانیں گے کہ موجودہ اقدامات واپس لیے جائیں۔ادھرایوان بالا نے صدر مملکت کی جانب سے خیبرپختونخوا میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کے حوالہ سے قرارداد کی منظوری دیدی۔بدھ کو سینیٹ کے اجلاس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستورکے آرٹیکل 232 کی شق ایک کے دوسرے جملہ شرطیہ کے تحت 11 اکتوبر کو صدر مملکت کی جانب سے صوبہ خیبرپختونخوا میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کے اعلان کے حوالہ سے قرارداد ایوان میں پیش کی جس پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ایوان کی رائے لی۔بعدازاں ایوان نے قرارداد کی کثرت رائے سے منظوری دیدی۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے دو اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آڈر جاری کرتے ہوئے حکام کو عمل درآمد کے لیے مراسلہ بھیج دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی ثنا اللہ مستی خیل اور داوڑ خان کنڈی کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے اور رول 108 کے تحت دونوں ارکان کی حاضری ضروری قرار دے دی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے پروڈکشن آرڈر میں ہدایت کی ہے کہ دونوں ارکان کو ہر نشست کے آغاز پر پارلیمنٹ ہاس میں سارجنٹ ایٹ آرمز کے سامنے پیش کیا جائے، اجلاس کے اختتام پر ارکان کو دوبارہ متعلقہ حراست میں واپس بھیج دیا جائے گا۔قومی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹری پنجاب، آئی جی اسلام آباد سمیت 7 حکام کو عمل درآمد کے لیے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی
