All posts by Daily Khabrain

جو کیا اچھا کیا‘فلم سے کنارہ کشی کا تاثر درست نہیں: ریشم

لاہور(شوبزڈیسک)نامور اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ ہمیشہ بہترین کام کرنے کی کوشش کی ہے اور ہر پراجیکٹ میں اسی طرح کی جستجو میں رہتی ہوں ، شوبز میں جتنا بھی کام کر چکی ہوں اس سے مطمئن ہوں ، بڑی سکرین سے کنارہ کشی کا تاثر درست نہیں ۔ ایک انٹر ویو میں اداکارہ نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی ترقی کےلئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔ حکومت کے پاس وسائل ہیں اسے چاہیے کہ سرمایہ کاری کرے جس سے نجی شعبہ بھی اس طرف راغب ہوگا اور اس سے نہ صرف فلم انڈسٹری ترقی کرے گی بلکہ ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری سے صرف فنکاروں یا گلوکاروں کا ذریعہ معاش وابستہ نہیں بلکہ ا س کے ساتھ مختلف ہنر مندوں اور سینما انڈسٹری سمیت دیگر شعبے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ ریشم نے کہا کہ آج بھی بہترین سے بہترین کردار کی تلاش میں رہتی ہوں۔ اور جب تک اس شعبے میں ہوں اسی ڈگر پر چلنے کا عزم ہے ۔ یہ تاثر درست نہیں کہ فلموں سے کنارا کشی اختیار کر لی ہے بلکہ جب میں سمجھوں گی کہ مجھے جس کردار کی پیشکش کی گئی ہے اس میں میرے لئے مارجن ہے تو ضرور اس کردار کو نبھاﺅں گی۔

ملتان سلطانز کی آفیشل ” جرسی“ منظرعام پر آگئی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ملتان سلطانز کے سوشل میڈیا اکاونٹ سے ٹیم کی آفیشل جرسی کو متعارف کروادیا گیا ہے، جس میں سبز اور نیلا رنگ کا بہترین امتزاج ہے۔ملتان سلطانز کی جرسی کا اوپری حصہ نیلے رنگ پر مشتمل ہے جس پر نقش نگاری نمایاں ہے، جو اس خطے کے ہنر مندوں کو خراج تحسین ہے ۔جرسی کا نچلا حصہ سبز رنگ کا ہے جو جنوبی پنجاب کی زرخیزی کو اجاگر کررہا ہے، جبکہ سامنے کے حصے پر مزار شاہ رکن عالم اور قلعہ دراوڑ کی شبیہہ بھی موجود ہے۔ملتان سلطانز کی یہ نئی جرسی نا صرف ٹیم کی نئی شناخت ہے بلکہ یہ اس ٹیم کے مداحوں جنوبیز کے جنون کی علامت بھی ہے۔یہی وجہ ہے جرسی کی پشت پر بھی علامتی طور پر جنوبی لکھا ہوا ہے اور چھٹی ٹیم کی مناسبت سے نمبر 6درج ہے۔

دفاعی چمپئن فیڈرر کی آسٹریلین اوپن سے چھٹی

میلبورن (اے پی پی)سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں بڑا اپ سیٹ ہو گیا، دفاعی چیمپئن راجر فیڈرر پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئے، یہ گزشتہ 16 برس میں دوسرا موقع ہے کہ فیڈرر آسٹریلین اوپن کوارٹر فائنل میں پہنچنے سے محروم رہے ہوں، یونانی کھلاڑی سٹیفانوس نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن اور سوئس سٹار راجر فیڈرر کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد ٹائی بریک پر 6-7(11-13)، 7-6(7-3)، 7-5 اور 7-6(7-5) سے اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔، یہ سٹیفانوس کے کیریئر کی بڑی فتح ہے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، فیڈرر گزشتہ 16 برس میں دوسری مرتبہ آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہے۔ عالمی نمبر دو ہسپانوی سٹار رافیل نڈال نے جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈچ کو 6-0، 6-1 اور 7-6(7-5) سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، اسپینش کھلاڑی روبرٹو باٹسٹا ایگٹ بھی پری کوارٹر فائنل رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے، انہوں نے کروشین کھلاڑی مرین کلچ کو شکست فاش سے دوچار کیا، امریکن کھلاڑی فرانس تیافوئے نے گریگور دمترف کو زیر کر کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔

پاکستان بھارت کو پچھاڑ کر ایشین جونیئر سکواش چیمپئن بن گیا

پتایا(آئی این پی) ایشین جونیئراسکواش چیمپئین شپ میں پاکستان روایتی حریف بھارت کو شکست دیکر چیمپئین بنا گیا۔پاکستان جونیئراسکواش ٹیم نے فائنل میں بھارت کو2-0سے شکست دی۔پاکستان کے فرحان ہاشمی نے بھارت کے ویر چوہڑانی جبکہ پاکستان کے عباس زیب نے بھارت کے اتکرش بیہانی کو فائنل میں شکست دی ،چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیتنے پر قومی کھلاڑیوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں ملائیشیا نے ہانگ کانگ کو ہرا کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں جاری 19ویںایشین جونیئراسکواش چیمپئین شپ میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورفائنل میں روایتی حریف بھارت کو 0-2سے شکست دے کر چیمپئین شپ جیت لی۔فائنل میں پاکستانی پلیئرز فرحان ہاشمی اور عباس زیب نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔پہلے فائنل میں فرحان ہاشمی کے بھارت کے ویر چوہڑانی کیخلاف 2-3سے فتح حاصل کی۔فرحان ہاشمی نے ویر چوہڑانی کو11-2،11-9،7-11،5-11 اور11-9سے شکست دی ۔دوسرے فائنل میںعباس زیب نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے اتکرش بیہانی کیخلاف 0-3گیم سے فتح حاصل کی ۔عباس زیب نے بھارت کے اتکرش بیہانی کو11-4،11-2اور11-6سے شکست دی ۔ چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیتنے پر کھلاڑیوں کے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔قبل ازیں پاکستان نے ہانک کانگ کو دو صفر سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔پاکستان کے فرحان ہاشمی اور عباس زیب نے حریف کھلاڑیوں کو زیر کیا۔واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے فتوحات کا شاندار سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے پانچوں مقابلوں میں چین، تائپے، سری لنکا، کوریا اور بھارت کے کھلاڑیوں کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کو بھی ہرا کر پول اے کی فہرست میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

سرفراز پہلی جیت پر بلے بازوں کے گن گانے لگے

پورٹ ایلزبتھ(آئی این پی)جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں کامیابی کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ مجھے امید تھی ہم میچ جیت جائیں گے۔بلے بازوں نے ذمہ دارانہ کھیل کامظاہر ہ کیا۔امید ہے سکواڈاگلے میچزمیں بھی اسی کارکردگی کوبرقراررکھے گا۔تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں گرین شرٹس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، میچ میں کامیابی کے بعد سرفراز احمد نےکریڈٹ پاکستان کے بلے بازوں کو دے دیا۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ امام الحق، محمد حفیظ اور بابراعظم نے شاندار بیٹنگ نے قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ محمد حفیظ نے میچ کو بہترین انداز میں ختم کیا، دیگر میچز میں بھی اچھا کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں گرین شرٹس نے پروٹیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، محمد حفیظ کو میچ وننگ اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 5 وکٹوں سے شکستت دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، امام الحق اور محمد حفیظ نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔