All posts by Faisal Khan

‘ارطغرل غازی’ کی جانب سے پاکستانیوں کو اردو میں عید مبارک

لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان ٹیلی وڑن (پی ٹی وی) پر نشر کیے جانے والے معروف ترک ڈرامے ‘دیریلیش ارطغرل’ جسے اردو میں ترجمہ کرکے ‘ارطغرل غازی’ کے نام سے چلایا جا رہا ہے، اس کے مرکزی ہیرو نے پاکستانی مداحوں کو عید الفطر پر مبارک باد دی ہے۔ڈرامے میں ‘ارطغرل غازی’ کا کردار ادا کرنے والے اداکار انجین التان دوزیتان نے عید الفطر کے موقع پر خصوصی ویڈیو میں اپنے ڈرامے کو پسند کیے جانے پر پاکستانی قوم کا شکریہ بھی ادا کیا۔اداکار انجین التان دوزیتان نے مختصر ویڈیو میں کہا کہ وہ پاکستانی مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت پر ان کے بے حد مشکور ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے اپنےڈرامے کو سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ویڈیو کے آخر میں

https://www.instagram.com/p/CAkBVWnlduG/

انہوں نے اردو میں نہ صرف پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا بلکہ انہوں نے مداحوں کو اردو میں عید مبارک بھی دی۔ترک اداکار کی جانب سے اردو میں عید مبارک کہے جانے پر ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں اور مداح ان سے پاکستان کا دورہ کرنے کو کہہ رہے ہیں۔اگرچہ انجین التان دوزیتان پہلے ہی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں، تاہم انہوں نے یہ نہیں کہا تھا کہ وہ کب تک پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن اب لگتا ہے کہ وہ پاکستان کے ممکنہ دورے سے متعلق جلد ہی وضاحت کریں گے۔خیال رہے کہ ‘ارطغرل غازی’ کو پی ٹی وی پر گزشتہ ماہ 24 اپریل سے نشر کیا جا رہا ہے اور 24 مئی تک اس ڈرامے کی 30 اقساط نشر کی چکی تھیں۔اس ڈرامے نے نشر ہوتے ہی پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے تھے اور اسے یوٹیوب پر محض 20 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا جا چکا تھا جب کہ اب تک اسے 30 کروڑ بار تک دیکھا جا چکا ہے۔ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے معروف ڈراما ساز خلیل الرحمٰن قمر نے بھی اسی طرز کا پاکستانی ڈراما بنانے کا اعلان کیا تھا اور ہمایوں سعید نے بھی تصدیق کی تھی کہ وہ خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ مل کر ڈرامے پر کام کریں گے۔یہی نہیں بلکہ ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے ‘ارطغرل غازی’ کے مرکزی کردار حلیمہ سلطان جیسا کردار بھی ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جب کہ ترک ڈرامے کو پی ٹی وی پر نشر کیے جانے کے معاملے پر بھی پاکستانی شوبز شخصیات دو رائے میں تقسیم ہوگئی تھیں۔جہاں شان، ریما اور یاسر حسین جیسے اداکاروں نے ‘ارطغرل غازی’ کو پی ٹی وی پر نشر کرنے پر اعتراض کیا، وہیں خالد عثمان بٹ، احمد علی بٹ اور علی کاضمی سمیت دیگر اداکاروں نے اسے پی ٹی وی پر نشر کرنے کی حمایت کی تھی۔ڈرامے کی مقبولیت اور پاکستان میں مداحوں کے جذبے کو دیکھتے ہوئے ‘ارطغرل غازی’ کے تقریبا تمام ہی مرکزی اداکار پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے، اس ڈرامے کی مجموعی طور 179 قسطیں ہیں اور پی ٹی وی پر 24 مئی تک 30 قسطیں ہی نشر کی جا سکی تھیں۔

وبا کے باعث دنیا بھر میں عیدالفطر کے رنگ پھیکے

لاہور (ویب ڈیسک)کورونا کی وبا کے باعث اسلامی ممالک میں پہلی بار جہاں عیدالفطر سادگی سے منائی جا رہی ہے، وہیں دنیا کے کئی اسلامی ممالک میں نماز عید کے اجتماعات کو بھی محدود یا مختصر کیا گیا۔کئی دہائیوں بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بیماری کی وجہ سے دنیا کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمان اپنے اہم ترین مذہبی دن کو سادگی سے منا رہے ہیں۔کورونا وائرس کے پھیلاو¿ سے بچنے کے لیے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) انڈونیشیا، ملائیشیا، ترکی اور بنگلہ دیش سمیت تقریبا تمام ہی مسلم ممالک میں نماز عید کے اجتماعات کا سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ اہتمام کیا گیا، ساتھ ہی کئی ممالک میں نماز کے اجتماعات کو محدود اور مختصر بھی کیا گیا۔دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی حکومتی ہدایات کے مطابق نماز عید کے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا، اسی طرح تقریبا سب ہی اسلامی ممالک میں عید کے موقع پر جزوی لاک ڈاو¿ن نافذ ہے جب کہ تفریحی مقامات کو بھی بند رکھا گیا ہے۔
کورونا کے پھیلاو¿ سے بچنے کے لیے سعودی عرب نے عیدالفطر کے موقع پر 24 گھنٹے کا کرفیو بھی نافذ کیا جب کہ ملک بھر میں نماز کے اجتماعات کو محدود رکھنے کی ہدایات بھی کیں۔عرب نیوز کے مطابق پہلی بار سعودی عرب میں عید الفطر کے موقع پر کرفیو نافذ کیے جانے کی وجہ سے عید کی خوشیاں پھیکی پڑ گئیں تاہم شہریوں نے گھروں میں محدود رہتے ہوئے بھی اپنے پیاروں اور رشتہ داروں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹنے کے لیے نئے راستے تلاش کرلیے۔زیادہ تر سعودی شہریوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کرنے کے لیے انٹرنیٹ کا استعمال کیا جب کہ کرفیو کے باعث سعودی عرب کی گلیاں سنسان دکھائی دیں۔
انڈونیشیا میں محدود اجتماعات
آبادی کے لحاظ سے مسلمانوں کے سب سے بڑے ملک انڈونیشیا میں بھی اس بار روایتی طریقے سے عید نہیں منائی جا رہی اور لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق انڈونیشیا میں مساجد میں بھی سماجی فاصلے کو اختیار کرنے کی ہدایات کی گئیں جب کہ عام میدانوں میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔لوگوں کو گھروں میں نماز عید ادا کرنے کی ہدایت کرنے سمیت ایک دوسرے سے گلے مل کر عید مبارک نہ دینے کی ہدایات بھی کی گئیں تاہم اس باوجود لوگوں کی بہت بڑی تعداد کو نماز عید کے اجتماعات میں شریک ہوتے دیکھا گیا۔انڈونیشیا میں مرد حضرات کی طرح خواتین اور بچے بھی نماز عید کے اجتماعات میں دکھائی دیے۔
یو اے ای میں لوگوں کو گھروں میں نماز ادا کرنے کی ہدایت
متحدہ عرب امارات میں بھی اگرچہ رمضان المبارک میں ہی لاک ڈاو¿ن کو نرم کردیا گیا تھا تاہم عیدالفطر کے موقع پر بیک وقت ایک ہی جگہ پر ہزاروں افراد کے جمع ہونے کے پیش نظر حکومت نے لوگوں کو گھروں میں نمازِ عید ادا کرنے کی ہدایت کی تھی۔یو اے ای کی تمام ریاستوں میں نماز عید کے اجتماعات کے دوران سماجی فاصلوں کو یقینی بنایا گیا جب کہ تفریحی مقامات کو بھی بند رکھا گیا اور لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایات کی گئیں۔
ترکی میں سخت لاک ڈاو¿ن تلے عید
رمضان المبار کے پیش نظر اگرچہ ترکی نے بھی لاک ڈاو¿ن میں نرمی کی تھی تاہم عید کے موقع پر وہاں 4 دن کا سخت لاک ڈاو¿ن نافذ کیا گیا تھا عید سے ایک روز قبل ہی لاک ڈاو¿ن کا آغاز ہوا تھا۔لاک ڈاو¿ن کے باعث ترکی میں نماز عید کے اجتماعات محدود رہے اور لوگ زیادہ تر گھروں میں رہے۔عید کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے خصوصی پیغام میں قوم کو کورونا کے پیش نظر احتیاط کرنے کی اپیل کی اور ساتھ ہی انہوں نے عوام اور اداروں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
مشرق وسطیٰ میں بھی عید کی خوشیاں بے رنگ
کورونا کے باعث مشرق وسطی کے ممالک مصر، لبنان، فلسطین، شام، لیبیا، عراق اور ایران میں بھی عید کی خوشیاں بے رنگ دکھائی دیں اور تمام ممالک میں جہاں تفریحی مقامات بند رکھے گئے، وہیں نماز عید کے اجتماعات کو بھی محدود اور مختصر کیا گیا۔
ایشیائی ممالک میں بھی عید کے رنگ پھیکے
دنیا کے دیگر خطوں کے اسلامی ممالک کی طرح ایشیائی ممالک، ملائیشیا، قطر، بنگلہ دیش اور افغانستان میں بھی کورونا وائرس کے باعث عید الفطر کی خوشیاں ماضی جیسی دکھائی نہیں دیں۔
تقریبا تمام ممالک میں اگرچہ نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے، تاہم لوگوں کو گلے ملنے، ایک دوسرے سے دوری پر کھڑے ہوکر نماز ادا کرنے سمیت نماز کے بعد فوراً گھر تک محدود ہوجانے کی ہدایات کی گئیں اور تقریبا تمام ہی اسلامی ممالک میں پہلی بار کسی بیماری کی وجہ سے لوگ عید کے موقع پر گھروں تک محدود رہے۔ایشیا کے دیگر ممالک تھائی لینڈ، سنگاپور، آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک امریکا، برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں بھی 24 مئی کو عید الفطر منائی گئی اور تقریبا تمام ہی ممالک میں عید کے رنگ پھیکے دکھائی دیے۔

ملک بھر میں آج عیدالفطر سادگی سے منائی جارہی ہے

لاہور (ویب ڈیسک)ملک بھر میں آج عیدالفطر کورونا وائرس اور طیارہ حادثے کے باعث سادگی کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ملک بھر میں عید الفطر کے موقع پر مساجد، عید گاہ اور امام بارگاہوں میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے، علمائے کرام نے عید کے خطبات میں اسلامی تعلیمات اور رمضان المبارک کی فضیلت بیان کی۔نماز کے اجتماعات میں افسوسناک طیارہ حادثے کے شہدا کی مغفرت، کو رونا وائرس سے نجات ملکی ترقی خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔علمائے کرام نے غم کے اس لمحے دنیا سے رخصت ہو جانے والوں کے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمی اور بیماروں کے لیے دعائے صحت کی جب کہ نماز کے بعد لوگوں نے عید کے بعد ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور نیک جذبات کا اظہار کیا۔ کراچی میں بھی عیدالفطر سادگی سے منائی جارہی ہے اور شہر کی مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید ادا کی گئی جس کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی۔اسلام آباد میں عید کا سب سے بڑا اجتماع شاہ فیصل مسجد جب کہ راولپنڈی میں لیاقت باغ میں ہوا جہاں نمازیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔لاہور کی 5 ہزار مساجد اور 190سے زائد کھلے مقامات پر نماز عید ادا کی گئی اور اس دوران کورونا سے حفاظتی انتظامات کیلئے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا گیا۔عید کے اجتماعات میں سینیٹائزرکے استعمال اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا گیا۔اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے اور کورونا وائرس سے بچاو¿ کی احتیاطی تدبیر کو بھی مدنظر رکھا گیا۔کوئٹہ اورگردونواح میں 300 سے زائد مقامات پر نماز عیدالفطر کے اجتماعات ہوئے جب کہ شہر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عیدگاہ طوغی روڈ پرمنعقد ہوا۔مرکزی عیدگاہ میں نمازعید کی امامت مرکزی خطیب مولانا انوارالحق حقانی نےکی اور وہاں بھی اس موقع پر کورونا وائرس کے حوالے سےاحتیاطی تدابیر پر بھی عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔ اس موقع پر طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کے لیے کو رونا سے نجات ملکی سلامتی ترقی اور خوش حالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔پشاور میں مرکزی عید گاہ چارسدہ روڈ میں نماز عید ادا کردی گئی جہاں مولانا محمد اسماعیل نے امامت کی جب کہ دیگر مساجد میں بھی نماز عید کی ادائیگی،کورونا کےخاتمے اور متاثرین سانحہ کراچی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

کورونا وائرس کے مریضوں میں خطرناک اضافہ، تعداد 54 ہزار سے بڑھ گئی

لاہور‘اسلام آباد‘ کراچی(نمائندگان خبریں) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کردیں ہیں، ملک میں کرونا کے ایکٹوکیسز کی تعداد 34ہزار683، تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی 52ہزار437تک پہنچ گئی، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1743نئے کیسز رپورٹ ہوئے ،34مزید اموات کے ساتھ مجموعی اموات 1101ہوگئیں ہیں۔این سی او سی کے مطابق این سی او سی کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 18ہزار730تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ میں 20ہزار883کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، خیبر پختونخواہ میں کیسز کی تعداد 7ہزار391اور اسلام آباد میں 1457ہوگئی، بلوچستان میں 3198, گلگت بلتستان میں607کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 171ہوگئی۔ ملک بھر میں اب تک 16ہزار 653مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔این سی او پی مطابق کرونا وائرس سے سے موت کے منہ میں جانے والے افراد کی تعداد 1101تک پہنچ گئی۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 34 اموات ہوئیں ہیں جن میں سندھ میں 340، پنجاب میں 324، کے پی کے میں 381، گلگت بلتستان 4 ، آزاد جموں کشمیر میں ایک،اسلام آباد میں 12اور بلوچستان میں 39شامل ہیں۔ اب تک 4 لاکھ 60ہزار992افراد کے کرونا وائرس کے لیے ٹیسٹ کئے گئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں14ہزار705افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ملک کے 726ہسپتالوں میں4417 مریض زیر علاج ہیں۔ 412کرونا متاثرین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا، ڈاکٹر اختر نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے، وزیر توانائی نے آج وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے وزیر توانائی نے ہلکا سا بخار محسوس کرنے پر اپنا ٹیسٹ کروایا تو ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ جس کے بعد وزیر توانائی نے اپنے آپ کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا ہے۔وزیر توانائی نے اپنے باقی گھر والوں کے بھی کرونا ٹیسٹ کروائے ہیں۔ خاندان کے باقی افراد کی ٹیسٹ رپورٹ آج شام تک آ جائے گی۔ ڈاکٹر اختر ملک نے اپنے چاہنے والوں سے جلد صحت یابی کے لیے دعاوں کی اپیل کی ہے۔بتایا گیا ہے کہ وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی ملاقات کی تھی۔امکان ہے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیرتوانائی کے دفتر کے لوگ بھی اپنا ٹیسٹ کروائیں گے۔ دوسری جانب ملک میں کرونا وائرس کے کیسز بڑھتے جا رہے ہیں، لاک ڈاو¿ن کھولنے کے بعد مارکیٹس اور بازاروں میں لوگوں کا عید کی خریداری کیلئے رش لگا ہوا ہے۔ جس سے کرونا وائرس مزید تیزی اور شدت کے ساتھ پھیلنے کا خدشہ ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کرونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 34 ہزار683، تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی 52 ہزار437 تک پہنچ گئی۔پاکستان میں لاک ڈان کو کافی حد تک نرم کیا جاچکا ہے اور اس کے نتیجے میں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اب تک 53 ہزار سے زائد کیسز اور 11 سو سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔لاک ڈان کے دوران بھی ڈراموں، مارننگ شوز کی شوٹنگ بدستور جاری رہی اور ان میں سے ایک مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر، ان کے شوہر یاسر نواز کے ساتھ ساتھ اداکار نوید رضا میں کرونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی تصدیق ہوگئی ہے۔ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے ندا یاسر نے بتایا یاسر، میری بیٹیوں اور مجھ میں وائرس کی تصدیق ہوئی، میرے عملے میں نہیں، مجھ میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں مگر یاسر کو بخار تھا جبکہ میرے بیٹے کا ٹیسٹ نیگیٹو رہا۔ایسا مانا جارہا ہے کہ ندا یاسر کے شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈرامے ‘میرا دل میرا دشمن’ کی کاسٹ شریک ہوئی تو یہ وائرس اس دن ان اداکاروں میں منتقل ہوا۔اس ڈرامے کی کاسٹ میں یاسر نوار، نوید رضا، ایلیزے شاہ، نعمال سمیع اور انعم تنویر شامل ہیں۔نوید رضا نے اس بارے میں بتایا ‘میں نے سب پر ٹیسٹ کے لیے زور دیا تھا، یقینا سیٹ پر وائرس کو دیگر میں منتقل کرنے والا موجود تھا۔سپیشل برانچ کے اہلکار اور ایس ڈی او سمیت تین افرادکرونا وائرس سے جاں بحق ۔ تفصیلات کے مطابق سپیشل برانچ سیالکوٹ کے45سالہ محمد میراج کو رات گئے گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں پر انہیں سانس میں شدید دشواری کا سامنا تھا اور چند لمحوں میں ہی محمد میراج دم توڑ گئے جبکہ ایس ڈی او گیپکو سب ڈویژن 1پسرور56سالہ شاہد نوید جوکہ ایک ہفتہ قبل بیماری کا شکار ہونے کے باعث ہسپتال گئے جہاں پر 4روز وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد گزشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملے جبکہ کچا شہاب پورہ کے رہائشی60سالہ محمد اشرف کو کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر بوقت قریب8بجے رات گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر رات گئے شہری جاں بحق ہو گیا ۔ تین افراد کو کرونا ایس او پیز کے تحت سپرد خاک کر دیا گیا ہے ۔ سمبڑیال میں کرونا کا پھیلاﺅ تیز ہونے لگا ایک ہی گھر کے 8 افراد سمیت مزید 13 متاثرہ مریض سامنے آگئے۔ تحصیل بھر میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد213 ہوگئی جبکہ 48 متاثرین صحت یابی کے بعد گھروں میں پہنچ گئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مہلک وائرس کے وار میں ریکارڈ اضافہ،گزشتہ 24 گھنٹوں میں ابتک کے سب سے زیادہ 131 کیسز سامنے آئے،اس سے پہلے ایک دن میں 104 کیسز سامنے آئے تھے۔حکام کے مطابق اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1457 تک جا پہنچی،شہر اقتدار میں ابتک 158 ہیلتھ کئیر ورکرز کرونا وائرس کا شکار ہوئے ،متاثرہ ہیلتھ کئیر ورکرز میں 62 ڈاکٹرز اور 46 نرسیں شامل ہیں۔

کراچی طیارہ حادثہ،شہداءکی تدفین شروع،10,10 لاکھ امداد کا اعلان، وزیراعظم کے حکم پر تحقیقات شروع

کراچی(اے این این )گزشتہ روز قومی ائیرلائن پی آئی اے کی پرواز کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 97 ہوگئی جب کہ صرف 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیرلائن کی پروازپی کے 8303 ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی جس میں 91 مسافر اور عملے کے7 ارکان سوار تھے۔محکمہ صحت کے مطابق 66 لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جن میں 20 خواتین، 43 مرد اور 3 بچے شامل ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق تمام لاشوں کا جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا اور 16 لاشوں کی شناخت کی گئی جب کہ دیگر کی لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔محکمہ صحت نے بتایا کہ سول اسپتال میں 31 لاشیں منتقل کی گئی ہیں جن میں 6 خواتین اور 25 مرد ہیں۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ سول اسپتال میں صرف 3 میتوں کی شناخت ہوئی جب کہ 28 لاشوں کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے سول اور جناح اسپتال سے اب لاشوں کو ایدھی سردخانہ سہراب گوٹھ اور ایف ٹی سی چھیپا سردخانہ منتقل کردیا گیا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق تمام لاشوں کے ڈی این اے کے لیے نمونے لینے کے بعد منتقل کیا گیا جب کہ اب تک صرف 19 لاشوں کی شناخت ہوسکی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر)نے بھی جائے حادثہ سے 97 لاشیں نکالنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صرف 2 مسافر محفوظ رہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقے کے 25 مکانات کوکلیئرکردیا گیا ہے اور متاثرہ مکانات کے رہائشی مختلف مقامات پررہائش پذیر ہیں۔نادرا ترجمان کا کہنا ہےکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے زیادہ ترافراد کی لاشیں جھلسی ہوئی ہیں جوناقابل شناخت ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ 3 جاں بحق افراد کے موقع پرانگوٹھوں کے نشان لیے گئے جس میں سے 2 لاشوں کی نادرا نے شناخت کرلی ہے۔دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ لاشوں کی شناخت کے لیے ٹیم میں تین فوکل پرسن تعینات کیے ہیں تاہم جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل ڈی این اے کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کورنگی جنید احمد ٹیم کی سربراہی کریں گے، ڈی ایس پی رستم سول اسپتال میں تعینات ہوں گے جب کہ جناح اسپتال میں ڈی ایس پی آفتاب عالم ڈیسک کی نگرانی کریں گے۔دوسری جانب طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کی شناخت کرنے کے لیے پنجاب فرانزک لیب کی ٹیمیں لاہور سے کراچی پہنچ گئیں۔اس حوالے سے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے سربراہ ڈاکٹر طاہر اشرف نے نجی ٹی وی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ایشیا کی سب سے بڑی لیبارٹری ہے اور حکومت پنجاب نے سندھ حکومت کی مشاورت سے فرانزک ٹیمیں کراچی بھیجی ہیں۔ڈاکٹر طاہر اشرف نے کہا کہ 8 فرانزک سائنسدانوں پر مشتمل تین ٹیمیں کراچی بھیجی گئی ہیں تاکہ لاشوں کے نمونے لے کر شناخت کی جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ فرانزک ٹیمیں آج نمونے اکٹھا کرنا شروع کریں گی جو میتوں، ان کے والدین، بہن بھائی یا اولاد میں سے کسی کے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نمونے لاہورپہنچتے ہی فرانزک ایجنسی دن رات کام کرےگی اور 24 گھنٹوں بعد ڈی این اے نتائج دینا شروع کردیں گے، اس سلسلے میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے سائنسدانوں کی عید چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ڈاکٹر طاہر اشرف کا کہنا تھا کہ زیادہ جھلسی ہوئی لاشوں کے دانت یاہڈیوں سے ڈی این اے لیا جائےگا۔ادھر قومی ائیرلائن پی آئی اے نے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق طیارے میں شہید ہونے والوں کے جسد خاکی لواحقین کے حوالے کرنے کا عمل جاری ہے اور لواحقین کو تدفین کے لیے پی آئی اے کے قوانین کے مطابق 5 لاکھ روپے ادا کیے جاتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر تدفین کےلیے فی کس 10 لاکھ روپے ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ تدفین کے اخراجات پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجرز خود لواحقین کے گھر جا کے ادا کریں گے۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ جائے حادثہ سے تمام لاشیں نکال لی گئی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی ائیرلائن کی پرواز کو پیش آنےوالےحادثےکے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق ہوگئے۔ وزیراعظم کی ہدایات پرتحقیقاتی ٹیم نے کراچی میں تباہ ہونے والے پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات شروع کردیں۔ذرائع کے مطابق ٹیم نے باقاعدہ طور پر تحقیقات کا آغاز کردیا اور ایک ماہ میں اپنی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ تحقیقاتی ٹیم نے جہاز کی لاگ بک، بلیک باکس اور کوئیک ایکسیس ریکارڈر طلب کر لیا۔اس کے علاوہ ٹیم کی جانب سے جہاز کاریکارڈ، منٹیننس ریویو سرٹیفیکیٹ، فلائنگ ہسٹری، پائلٹس کا ڈیٹا بھی طلب کیا گیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم آج کراچی میں ایئرٹریفک کنٹرولر، پی آئی اے انجینئرنگ عملہ سے بھی معلومات حاصل کرے گی اور آخری پرواز آپریٹ کرنے والے پائلٹ سے جہاز سے متعلق معلومات اکھٹی کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات چار حصوں پر مشتمل ہوگی، پہلے متاثرہ جہاز کی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جائےگی، پی آئی اے انجینئر ڈیپارٹمنٹ اور سول ایوی ایشن ایئر وردی نیس ڈیپارٹمنٹ کے جہاز سے متعلق رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا۔ تباہ شدہ جہاز کے متاثرہ حصوں انجنوں، لینڈنگ گیئرز اور دیگر حصوں کا معائنہ کیا جائے گا اور آخر میں متاثرہ جہاز کے بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کے لیے فرانس بجھوایا جائےگا۔وزیر اعظم عمران خان نے پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات کی اصولی منظوری دی تھی اور ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم فوری طور پر حادثہ کی تحقیقات شروع کرے۔ دوسری جانب وزارت ہوابازی کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی باضابطہ منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا مسافر بردار طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا، جہاز میں 91 مسافر اور عملے کے 7 افراد سوار تھے جن میں سے 96 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی جب کہ دو افراد زندہ بچ گئے۔

یہ ہمارا خصوصی انتظامی علاقہ‘ امریکہ اپنی اوقات میں رہے

(ویب ڈیسک)امریکہ زور دیتا ہے بیجنگ ہانگ کانگ کی خودمختاری اور شہریوں کی آزادی کا احترام کرے: مائیک پومپیو۔امریکہ زور دیتا ہے کہ بیجنگ ہانگ کانگ کی خودمختاری خاتمہ کے خطرناک منصوبہ پر نظرثانی کرے۔چینی حکومت قومی خودمختاری‘ سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ میں بیرونی مداخلت روکنے کیلئے پرعزم ہے۔قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے قانون سازی چین کا داخلی معاملہ۔کسی کو دوسرے ملک میں مداخلت کا کوئی حق نہیں: چینی وزارت خارجہ

اداکارہ ندا یاسر ان کے شوہر یاسر نوازاور بیٹی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

کراچی (ویب ڈیسک)اداکارہ ندا یاسر ان کے شوہر یاسر حسین اور بیٹی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔تینوں میں معمولی علامت ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کروایا گیا جو مثبت آگیا۔میاں بیوی اور بیٹی کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر قرنطینیہ ہیں۔ہم ٹھیک ہیں لیکن ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث خود کو علیحدہ کرلیا ہے،ندا یاسر۔ہماری جلد صحت یابی کے لیے دعا کیجئے ، ندا یاسر

کراچی طیارہ حادثے پر ارطغرل اور حلیمہ سمیت غیر ملکی فنکاروں کا اظہار تعزیت

ممبئی(ویب ڈیسک) کراچی طیارہ حادثے پر جہاں پورا پاکستان سوگوار ہے وہیں ترک فنکاروں انجن التان دوزیاتن اور اسریٰ بلجک سمیت بھارتی فنکاروں نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ڈراما سیریل ”ارطغرل غازی“ میں ارطغرل کا کردار نبھانے والے ادکار انجن التان دوزیاتن نے انسٹاگرام پر گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور پاکستان کے لیے دعا بھی کی۔ڈرامے میں ارطغرل کی بیوی حلیمہ سلطان کا کردارادا کرنے والی ترک اداکارہ اسریٰ بلجک بھی اس موقع پر پاکستانیوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا پیارے پاکستان، آج آپ کے نقصان پر میری انتہائی مخلصانہ تعزیت قبول کریں۔ تمام مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین اور زخمیوں کے لیے دعائیں۔ترک اداکاروں کے علاوہ بالی ووڈ اداکار انیل کپور، سونم کپور،جاوید اختر اور انوپم کھیر نے بھی گزشتہ روزکراچی میں تباہ ہونے والے خوفناک حادثے پر غم کا اظہار اور اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں اپنی جانیں گنوانے والے لوگوں کے لیے اظہار تعزیت کیا ہے۔بھارتی اداکار انیل کپور نے ٹوئٹر پر کراچی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ان تمام اہل خانہ سے دلی تعزیت جنہوں نے حادثے کے نتیجے میں اپنے پیاروں کو کھودیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔انیل کپور کی بیٹی اور بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے بھی اپنے والد کی اسی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرکے کراچی میں ہونے والے خوفناک حادثے پر غم کا اظہار کیا۔بھارتی اداکار انوپم کھیرنے پی آئی اے پلین کریش کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھااس المناک حادثے کا سن کرافسوس ہوا۔ انہوں نےحادثے میں اپنے پیاروں کو کھودینے والے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے لکھا خدا انہیں اس خوفناک حادثے کا سامنا کرنے کی طاقت دے۔بھارتی ٹینس پلیئر اور قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے بھی کراچی طیارہ حادثہ پر غم کا اظہار کیا۔بھارتی شاعر اور اسکرپٹ رائٹر جاوید اختر نے ٹوئٹر پر کراچی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور لکھا کبھی کبھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آفتیں بھی جھرمٹ میں آتی ہیں۔

’آج عیدالفطر کا چاند واضح نظر آجائے گا‘، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ آج غروب آفتاب کے بعد دوربین سے عید الفطر کا چاند واضح نظر آجائے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 22 مئی کی رات 10 بج کر 39 منٹ پر شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے اور آج غروب آفتاب کے بعد دوربین سے عید الفطر کا چاند واضح نظر آجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں آج چاند 7 بجکر 36منٹ سے 8 بجکر 15منٹ تک چاند دیکھا جاسکتا ہے جس کی عمر 20 گھنٹے کی ہوگی جب کہ پشاور میں آج بھی چاند نظرآنے کا امکان نہیں۔وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد سے مذہبی تہواروں پر چاند دیکھنے پر تنازع دیکھا جاتا ہے، 1974 میں رویت ہلال کمیٹی بنی جس سے امید تھی مسئلہ حل ہوگا مگر رویت ہلال کمیٹی ہمیشہ تنازعات کا شکار رہی۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم خان کے اعلانات الگ الگ ہوتے ہیں حالانکہ مذہبی تہوار کو تنازع کے بجائے یکجہتی کا مرکز ہونا چاہیے۔ایک سوال پرفواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چاند دیکھنے سے ٹیکنالوجی کا تعلق نہ ہونےکی بات مسترد کرتا ہوں کیونکہ اس دور میں دنیا میں چاند دیکھنا کوئی مسئلہ نہیں۔انہوں نے طنزیہ کہا کہ کہتے ہیں عینک سے چاند دیکھنا حلال ہے اور دوربین سے نہیں مگر عینک بھی تو ٹیکنالوجی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ چاند دیکھنے کے معاملے پر ہم نے تجاویز وزیراعظم آفس کو بھجوا دی ہیں اب جو وزیراعظم فیصلہ کریں گے ہم فالو کریں گے۔