لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں بچوں کے اغوا کا سلسلہ ایک بار بھی سے شروع ہو گیا۔ 2دن کے دوران مختلف علاقوں سے تین طالبات سمیت 6معصوم بچوں کو اغوا کر لیا گیا ہے جبکہ اغوا ہونے والے بچوں میں سے ایک بچے کو اس کی ماں کے سامنے موٹرسائیکل سوار اٹھا کر لے گئے۔ ذرائع کے مطابق پرانی انارکلی کبوتر ہاﺅس کے قریب ادیبہ شہزادی اپنے 8سالہ بیٹے انوش کے ہمراہ کھڑی رکشہ کا انتظار کر رہی تھی کہ موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد آئے اور زبردستی انوش کو اغوا کر کے فرار ہو گئے جبکہ ہربنس پو رہ کے علاقے سلامت پورہ میں سلطان کی دو بیٹیاں 8سالہ ماہ نور اور 10سالہ انیبہ کو سکول سے واپسی پر اغوا کر لیا گیا۔ ٹاﺅن شپ میں شہباز کی بیٹی پانچویں جماعت کی طالبہ گھر سے سکول گئی اور واپسی پر اسے بھی اغوا کر لیا گیا۔ اسی طرح شادباغ میں غلام علی کے سات سالہ بیٹے شکیل اور شادمان میں رحمت علی کے 11سالہ بیٹے شان کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔ اس طرح ایک پھر سے شہر میں اغوا کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ لاہور پولیس اغواشدہ بچوں اور ان وارداتوں میں ملوث کسی بھی شخص کا سراغ نہیں لگا سکی۔
اغواکار سرگرم






































