اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزارت مذہبی امور نے رواں برس 90سال سے زائد عمر کے شہریوں کو بغیر قرعہ اندازی کے حج پر بھجوانے پر غور شروع کر دیا ہے‘ اب تک 90سال سے زائد 180مرد اور خواتین نے حج درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے تجویز وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کو بھجوا دی ہے۔ رواں سال حج کیلئے ملکی تاریخ میں پہلی بار 3لاکھ سے زائد عازمین نے سرکاری سکیم کے تحت درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ ان میں ایک لاکھ 69ہزار مرد اور ایک لاکھ 31ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔ ان حج درخواستوں کی مد میں 9روز میں دس بینکوں میں 84ارب روپے سے زائد رقم جمع ہوئی ہے۔ درخواستیں جمع کرانے کا سلسلہ آج بدھ کو بھی جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق ایک لاکھ 69ہزار 606مرد اور ایک لاکھ 31ہزار 277خواتین نے درخواستیں جمع کرائی ہیں جن میں دو سال تک کے 310بچے بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے سردار محمد یوسف کو تجویز دی ہے کہ 90سال سے زائد عمر کے شہریوں کو قرعہ اندازی کے بغیر حج پر بھجوایا جائے۔ وزارت مذہبی امور درخواستوں پر قرعہ اندازی 28اپریل کو کرے گی جس میں ایک لاکھ 7ہزار 526خوش نصیب عازمین حج کا انتخاب کیا جائے گا۔
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت پاکستان نے 20 ہزار حجاج کا مزید کوٹہ حاصل کرنے کے لئے سعودی حکام سے مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف آئندہ چند روز میں سعودی عرب جائیں گے۔ اس وقت پورے ملک میں مردم شماری ہو رہی ہے لیکن جب تک مردم شماری کے بارے میں اقوام متحدہ کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں ہوتا پاکستان کو اس کی مردم شماری کے مطابق حج کا اضافی کوٹہ نہیں مل سکتا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف پاکستان اور سعودی عرب کے خصوصی تعلقات کے پیش نظر اضافی حج کوٹہ پر سعودی حکام سے مذاکرات کریں گے۔ حج درخواستوں کی وصولی میں 3 روز رہ گئے ہیں لیکن اب تک 2 لاکھ 83 ہزار 400 درخواستیں بینکوں میں وصول ہو چکی ہیں جبکہ یہ تعداد گزشتہ سال کی وصول ہونے والی درخواستوں سے تجاوز کر گئی ہے اس سال مجموعی طورپر ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ ادا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سعودی عرب میں عازمین حج کے لئے عمارات کا جائزہ بھی لیں گے اور حج ڈائریکٹوریٹ کو عمارات کے حصول کے لئے گائیڈ لائن دیں گے۔ دریں اثنا رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین حج کیلئے ایمرجنسی مینجمنٹ سسٹم کے تحت حجاز مقدس میں سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ حجاج محافظ سکیم بھی جاری رہے گی ۔نجی ٹی وی کے مطابق ایمرجنسی مینجمنٹ سسٹم ڈی جی حج کی نگرانی میں قائم کیا جائیگا جس میں وزارت مذہبی امور کے سیکرٹری سمیت دیگر حکام ممبران ہونگے جس کے تحت حجاج کی بروقت مدد کے بارے میں لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے ۔ اس سال تمام حجاج کی مدینہ منورہ اور جدہ ائیرپورٹس پر ایکسپریس کلیئرنس کرائی جائے گی۔ سرکاری سکیم کیساتھ پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کی کارکردگی کو بھی سختی سے مانیٹر کیا جائیگا، شکایت کی صورت میں متعلقہ پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو بھاری جرمانہ سمیت بلیک لسٹ کر دیا جائے گا ۔ دوسری طرف وزارت مذہبی امور حجاج محافظ سکیم کے تحت حجاز مقدس میں طبعی یا حادثے میں وفات پانے والے حجاج کے لواحقین کو پانچ لاکھ، حادثے میں ایک عضو ضائع ہونے پر ڈیڑھ لاکھ، مستقل معذوری کی صورت میں اڑھائی لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔






































