کرپشن الزامات۔۔پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او برطرف

کراچی(ویب ڈیسک) قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) برنڈ ہلڈن برانڈ کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا، ان کی جگہ نیئرحیات قائم مقام سی ای او کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ذرائع کے مطابق جرمن شہری برنڈ ہلڈن برانڈ کو مختلف الزامات کا سامنا ہے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا، قومی ایئرلائن کو نقصان پہینچایا اور ایئرلائن کے طیاروں کو طریقہ کار کی پیروی کیے بغیر کم قیمت میں فروخت کیا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سمیت دیگر تحقیقاتی ایجنسیاں برنڈ ہلڈن برانڈ کے خلاف لگائے جانے والے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہیں، اس سے قبل سابق سی ای او کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں بھی شامل کردیا گیا تھا۔

سندھ کابینہ نے 90روز کیلئے رینجرز کو خصوصی اختیارات دینے کی منظوری دیدی

کراچی(ویب ڈیسک)سندھ کابینہ نے رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں 90 روز کی توسیع کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق رینجرز خصوصی اختیارات کے تحت ملزمان کوگرفتار کرکے تحقیقات کرسکے گی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں پولیس کی صلاحیت بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت پولیس کی خصوصی تربیت پر توجہ دے رہی ہے اور کوشش کررہی ہے کہ پولیس کی کی کارکردگی کو مزید بہتر کرے۔


sindh rangers by channel5tv

شعیب ملک نے ثانیہ مرزا کیلئے قربانی دیدی

لاہور (ویب ڈیسک) بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزااپنی پروفیشنل مصروفیات کے سبب عموماً اپنے شوہر اور پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک سے دوررہتی ہیں لیکن مصروف شیڈول سے فرصت پاتے ہی انہوں نے شعیب ملک کو وقت دیدیا ہے۔کھیلوں کی دنیا کی یہ مشہور جوڑی اب دبئی میں ایک وقت وقت گزارنے کیلئے دبئی میں یکجاہوگئی ہے اور اپنی بیگم کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے شعیب ملک کو پاکستان کپ کے میچوں کی قربانی دینا پڑی ہے۔انہوں نے ایونٹ کے پہلے دونوں میچوں میں اپنی ٹیم خیبرپختونخوا کیلئے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فیڈرل ایریاکےخلاف 72اور پنجاب کے خلاف ناقابل شکست80رنزبنائے تھے تاہم دبئی جانے کے سبب شعیب ملک آج بلوچستان کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے جبکہ 25اپریل کوسندھ کے خلاف میچ میں بھی ان کی شرکت یقینی نہیں ہے۔ اس بات کا قوی امکان موجود ہے کہ خیبرپختونخواکے فائنل پہنچنے کی صورت میں وہ شاید وطن واپس آجائیں۔

ڈی آئی جی پشاور کے بیٹے کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت

کراچی(ویب ڈیسک)کراچی میں خیبرپختونخوا میں تعینات ڈی آئی جی پشاور کے بیٹے کے قتل کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ملزم فقیرمحمد نے قتل کے لئے رسی اور دستانے پہلے سے خرید رکھے تھے۔ذرائع کے مطابق ملزم نے مقتول عمیرشہاب کی والدہ کوبھی قتل کرنے کی کوشش کی۔ڈی آئی جی کی اہلیہ کے کمرے کے سوئچ بورڈ پر خون کے نشان ہیں۔ایس پی کلفٹن اسد ملہی نے مقتول کے دیگر اہلخانہ پرقاتلانہ حملے کی تردید کی ہے۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل قبضے میں لے لیا۔قتل کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔تحقیقاتی ذرائع کے مطابق ملزم فقیر محمد چھ ماہ کے لیے ڈی آئی جی پشاور کے بنگلے پر تعینات ہوا تھا۔گزشتہ شب فقیر محمد کی آخری ڈیوٹی تھی، صبح اسے کشمور روانہ ہوجانا تھا۔ واردات رات 12بجے کے بعد ہوئی ہے۔
اس سے قبل….
کراچی(ویب ڈیسک) کراچی میں ڈی آئی جی پشاور شہاب مظہر کا بیٹا عمر شہاب اپنے ہی محافظ کے ہاتھوں قتل ہو گیا،پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فقیر محمد نے دو لاکھ روپے کا تقا ضا کیا تھا،انکار پر عمر شہاب کو قتل کر دیا،ملزم نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس خیابان سحر کے ایک بنگلے سے 27 سالہ عمر شہاب کی لاش ملی،عمر شہاب ڈی آئی جی پشاور مظہر شہاب کا بیٹا تھا،پولیس نےعمر شہاب کے محافظ فقیر محمد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو اس نے سارا قصہ اگل دیا۔پولیس کے مطابق ملزم فقیر محمد نے عمر شہاب سے 2 لاکھ روپے کا تقاضہ کیا،عمر شہاب نے رقم دینے سے انکار کیا تو دونوں میں لڑائی ہو گئی،ملزم فقیر محمد نے عمر شہاب کے گلے میں رسی ڈال کر گلا گھونٹ کر قتل کر دیا،ملزم کو تھانہ درخشان منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ بار کا وزیر اعظم سے مطالبہ ….دھمکی بھی دیدی

لاہور(ویب ڈیسک)لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پاناما کیس کے فیصلے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کے استعفٰٰی کا مطالبہ کرتے ہوئے وکلا تحریک چلانے کی دھمکی دے ڈالی۔ہفتہ کولاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ذوالفقار چوہدری، نائب صدر راشد لودھی، سیکرٹری عامر سعید راں اور فنانس سیکرٹری ظہیر بٹ نے اس حوالے سے ایک پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ذوالفقار نے کہا کہ اگر وزیراعظم نے ایک ہفتے میں استعفی نہ دیا تو عدلیہ بحالی سے بڑی تحریک چلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ واحد فیصلہ ہے جس میں سپریم کورٹ کے پانچوں ججز اس ایک نکتے پر متفق ہیں کہ وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے۔ذوالفقار چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘پاناما لیکس کے معاملے پر دنیا بھر سے استعفے آئے، مگر وزیراعظم نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کیا’۔انھوں نے کہا کہ ‘استعفی کا مطالبہ جائز ہے کیوں کہ ماتحت افسران وزیراعظم کے خلاف غیر جانبدار تحقیقات نہیں کر سکتے’۔بار ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ وکلا کے ملک گیر کنونشن کے علاوہ آل پارٹیز کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ بار کے نائب صدر راشد لودھی نے کہا کہ پہلی مرتبہ کرپشن سپریم کورٹ کا موضوع بنا اور منی ٹریل پر سپریم کورٹ نے سنجیدہ سوالات اٹھائے جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کا موقف مسترد کر دیا ہے، لہذا اب وہ اپنے عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ بار کے سیکرٹری عامر سعید راں کا کہنا تھا کہ 20 اپریل کے فیصلے نے وزیراعظم کے خلاف فرد جرم عائد کی ہے اور فیصلے میں دو ججز نے واضح کردیا کہ وزیر اعظم صادق اور امین نہیں رہے۔

وفاقی وزرا کی بدزبانی۔۔مولا بخش چاندیو کا اہم بیان سامنے آگیا

کراچی(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمامولا بخش چانڈیو نے جوابی وار کرتے ہوئے کہاکہ وزیر مملکت خود نواز شریف کو عزیر بلوچ اور ذوالفقار مرزا کی سطح پر لے آئے، کیا اب وزیراعظم ایک عام کرمنل کی طرح جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے ۔ہفتہ کو وزیر مملکت برائے پانی وبجلی کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف بیان پر مولا بخش چانڈیو نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے وزرا کے بھڑکنے کے دن ہیں کیونکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ لوگ فرسٹریشن کا شکار ہیں ۔مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ عابد شیر علی نے خود نواز شریف کو عزیر بلوچ اور ذوالفقار مرزا کی سطح پر لاکھڑا کیا ہیں، میرا سوال یہ ہے کہ کیا وزیراعظم ایک عام کرمنل کی طرح پاناما کیس کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونگے یہ وہی نواز شریف ہیں جنہوں نے شہید بینظیر بھٹو کو عدالتوں کے چکر کٹوائے مگر ایک بھی الزام بھی سچ ثابت نہیں کرسکے، ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزرا کی بد زبانی نواز شریف کو بے گناہ ثابت نہیں کرسکتی۔

فوج کا کامیاب آپریشن ۔۔۔ 52 جنگجو ہلاک

نیروبی(ویب ڈیسک ) کینیا کی فوج نے جنوبی صومالیہ میں آپریشن کر کے دوران شدت پسند گروپ الشباب کے 52 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔کینیا کے فوجی ترجمان کرنل جوزف اوتھ کا کہنا ہے کہ ان کے ملک کی فوج نے صومالیہ کے جنوبی صوبے بطاطی میں شدت پسند گروپ الشباب کے مرکز پر حملہ کر کے 52 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔ کرنل جوزف کے مطابق فوجی آپریشن کے دوران الشباب کے درجنوں شدت پسند زخمی بھی ہوئے۔کرنل جوزف کا کہنا تھا کہ فوجی آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا تاہم الشباب کی جانب سے اپنے جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔واضح رہے کہ کینیا کے ہزاروں کی تعداد میں فوجی افریقین یونین مشن کے تحت صومالیہ سے الشبات کا خاتمہ کرنے کے لئے تعینات ہیں۔ الشباب کی جانب سے کینیا میں حملے کے بعد افریقی ملک نے 2011 میں پہلی مرتبہ اپنی فوج صومالیہ بھیجی تھی

سوہا علی کے گھر ننھے مہمان کی آمد متوقع

ممبئی(ویب ڈیسک  بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کی بہن و اداکارہ سوہا علی خان کے ہاں رواں سال ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔سیف علی خان کی بہن سوہا علی خان کی شادی 2 سال قبل اداکار کنال کھیمو سے ہوئی تھی جن کے ہاں اب ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔ اداکارہ کے حاملہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے شوہر کنال کھیموکا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں پہلا بچہ آنے والا ہے جس پر ہم خوشی محسوس کررہے ہیں لہٰذا نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔دوسری جانب سوہا علی خان نے اپنی بھابھی کرینہ کپور خان سے مشورے لینا شروع کردیئے ہیں  اور ان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد رواں سال دسمبر میں متوقع ہے۔

پریانکا کے بعد ایک اور بالی ووڈ اداکارہ اذان کی دیوانی

ممبئی( ویب ڈیسک ) بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت جواپنے خیالات کا اظہارکرنے میں ذرا بھی نہیں گھبراتی ہیں ان کا کہنا ہے کہ ذاتی طورپرانہیں اذان بہت زیادہ پسند ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت سے ایک تقریب کے دوران گلوکارسونونگم کے اذان کے بارے میں دیئے گئے بیان کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں کسی اورکے حوالے سے تو کچھ نہیں کہہ سکتی ہوں لیکن مجھے ذاتی طورپراذان بہت پسند ہے۔اداکارہ نے کہا کہ جب وہ اپنی فلم ’تنوویڈزمنوریٹرنس‘ کی لکھنؤمیں شوٹنگ کررہی تھیں تواس وقت جب بھی انہیں اذان کی آوازآتی تھی تو وہ اس میں محو ہوجاتی تھیں کیونکہ انہیں اذان بہت زیادہ پسند ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ مذہب یا کسی بھی چیز کے حوالے سے وہ بس اپنی ہی رائے دے سکتی ہیں کسی اورکے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی ہیں۔کنگنا نے کہا کہ مجھے مسجد، مندراورچرچ جانا بہت پسند ہے جب کہ میں کرسمس بھی مناتی ہوں، سونو نگم نے جو بھی کہا کہ وہ ان کی اپنی رائے تھی جس کو لے کر زیادہ بات نہیں کرنا چاہیئے۔واضح رہے کہ سونونگم نے گزشتہ دنوں اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا اگرچہ وہ مسلمان نہیں لیکن پھر بھی انہیں اذان کی آواز سے صبح جاگنا پڑتا ہے اورپتہ نہیں بھارت میں یہ جبری مذہب پرستی کب ختم ہوگی۔

شہشناہ ظرافت کی آج چھٹی برسی

کراچی(ویب ڈیسک ) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکار معین اختر کی چھٹی برسی آج منائی جارہی ہے۔24 دسمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہونے والے معروف اداکارمعین اختر فن کی دنیا کا ایسا ستارہ ہے جو شائقین کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے۔ انہوں نے 16 سال کی عمرمیں فنی سفرکا آغاز اسٹیج ڈراموں سے شروع کیا۔ اسٹیج ڈراموں ’’بڈھا گھرپہ ہے‘‘ اور ’’بکرا قسطوں پر‘‘ نے معین اختر کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا جب کہ’’روزی‘‘،’’ففٹی ففٹی‘‘،’’ہاف پلیٹ‘‘،’’شوٹائم‘‘،’’انتظار فرمایئے‘‘اور’’آنگن ٹیڑھا‘‘ ان کے یادگار ڈرامے ہیں۔ٹی وی پر جہاں انہوں نے انور مقصود اور بشریٰ انصاری کے ساتھ مل کر کئی شاہکار پروگرام پیش کیے وہیں منچلے نوجوان سے لے کر ایک سنکی بوڑھے تک کے جو کردار انھوں نے ادا کیے انہیں دیکھ کر آج بھی ہونٹوں پر ہنسی مچل جاتی ہے جب کہ معین اختر کو ان کی ہمہ جہت فنکارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت کئی اہم قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ہے۔پاکستان کے لیے فخر کا باعث بننے والے معین اختر 2011 کو آج ہی کے روز کراچی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے لیکن ان کی یادیں آج بھی کروڑوں مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔