دھوکے بازشراپوواکوکھیلنے نہیں دیناچاہیے

اسلام آباد (آئی این پی ) ومبلڈن 2014 کا فائنل کھیلنے والی کینیڈا کی ٹینس کھلاڑی یوجین بوشارڈ کا کہنا ہے کہ ماریا شراپووا جیسی ‘دھوکے باز’ کھلاڑی کو دوبارہ کھیلنے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے تھی۔ ماریا شرواپووا نے ممنوعہ ادویات کے استعمال کے جرم میں 15 ماہ کی پابندی گزاری ہے۔ ثالثی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ شراپووا ‘عالمی ڈوپر’ نہیں، یعنی انھوں نے عالمی سطح کے مقابلوں میں ممنوعہ ادویات کا استعمال نہیں کیا ہے۔لیکن یوجینی بوشارڈ کا کہنا تھا ‘وہ دھوکے باز ہیں اور میں نہیں سمجھتی کہ دھوکہ دینے والے شخص کو کسی بھی کھیل میں دوبارہ اجازت ملنی چاہیے۔ بوشارڈ عالمی سطح پر59 رینک کی کھلاڑی ہیں۔میں سوچتی ہوں کہ ورلڈ ٹینس ایسوسی ایشن کی جانب سے نوجوان بچوں کو غلط پیغام جاتا ہے کہ دھوکہ کرو اور ہم پھر سے آپ کا خیر مقدم کریں گےان کا مزید کہنا تھا ’میرے خیال سے یہ صحیح نہیں ہے اور وہ میرے لیے اب کوئی ایسی شخصیت نہیں رہیں کہ ان سے ترغیب مل سکے۔

آئی سی سی سے کہہ دیا ’پھٹیچر‘ ٹیم نہ بھیجے

لاہور( آئی این پی)پاکستان سپر لیگ کے چیئر مین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ انہوں نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسے کھلاڑی پاکستان نہ بھیجیں جن کے بارے میں عمران خان پھر کہ دیں کہ ”پھٹیچر “ ٹیم پاکستان آئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچنے والے نجم سیٹھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی سے کہا ہے، زبردست کھلاڑی بھیجیں، ایسی ٹیم نہ بھیجیں کہ عمران خان کہہ دے کہ پھٹیچر ٹیم بھیج دی ہے،آئی سی سی کے فنڈز کی منصفانہ تقسیم پر بات ہوئی اور فنڈز کا زیادہ حصہ بھارت کو دینے کی بجائے برابری کی بنیاد پر تقسیم ہوگا۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ پہلے کچھ ٹیمیں آئیں گی اور پھر آہستہ آہستہ دیگر ٹیمیں بھی آنا شروع ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی تیاریاں جاری ہیں ، چھٹی ٹیم بھی شامل کریں گے ، بنگلادیش ہمارے ساتھ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہے، ان پر واضح کیا ہے کہ پاکستان آکر کھیلیں اور وہ اگر نہیں آئیں گے تو ہم نہیں کھیلیں گے۔

پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کونسی ہو گی ؟ فیصلہ کی تاریخ فائنل

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈنے پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم خریدنے کے خواہشمند مالکان سے بولی طلب کر لی ہے جو 2018کے ایڈیشن میں متعارف کرائی جائے گی۔بولی کی دستاویزات 15 مئی 2017تک پی سی بی کو ایک ہزار ڈالر میں فیس کی ادائیگی کے بعد حاصل کی جا سکتی ہیں۔ یہ فیس وائر ٹرانسفر، پے آرڈر اور ڈیمانڈ ڈرافٹ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے جو ناقابل واپسی ہو گی۔ اس حوالے سے مزید معلومات کے حصول کیلئے ذیل میں دئیے گئے ای میل ایڈریس یا فون نمبرز پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق کسی اور ذریعے سے حاصل کردہ معلومات کو درست نہیں سمجھا جائے گا جبکہ تکنیکی اور مالی پروپوزل بولی کی دستاویزات کے ساتھ سیل شدہ لفافے میں 30 مئی 2017 تک جمع کرانا ہوں گے۔ تکنیکی پروپوزل 30 مئی 2017 کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھولے جائیں گے۔ اور اس مرحلے میں کامیاب ہونے والے افراد ہی اگلے مراحل میں شرکت کر سکیں گے جبکہ مذکورہ مرحلے میں کامیاب نہ ہونے والے افراد کے مالی ڈ رافٹ کھولے بغیر ہی واپس کر دئیے جائیں گے۔

”لالہ“ نے الوداعی میچ کھیلنے کی پیشکش ٹھکرادی

کراچی(نیوزایجنسیاں) سابق ٹی ٹوینٹی کپتان شاہد آفریدی نے مصروفیات کے باعث الوداعی میچ کی پیشکش قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق قومی ٹی ٹوینٹی کپتان اور مایہ ناز آل راو¿نڈرشاہد آفریدی کا کہنا تھا پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور لیجنڈ بلے باز یونس خان کو الوداعی میچ دینے پر بے حد خوش ہوں اور امید کرتا ہوں کہ فئیر ول دینے کی یہ روایت مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ چئیرمین پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی نے مجھے بھی الوداعی میچ کی پیشکش کی ہے جس پران کا شکرگزار ہوں لیکن مصروفیت کے باعث یہ پیشکش قبول نہیں کرسکتا۔2016 ءمیں اپنا آخری میچ کھیلنے والے شاہد آفریدی اور بورڈ کے درمیان فیئرویل میچ کے حوالے سے کافی عرصے سے تنازع چل رہا تھا جہاں سابق کپتان کے اصرار کے باوجود انہیں الوداعی میچ نہیں دیا گیا لیکن بعدازاں پی سی بی کی جانب سے انہیں فیئرویل میچ کھلانے کا عندیہ دیا گیا۔

گلوکارہ ہوں سیاست میں آنے کا ارادہ نہیں

لاہور (شوبز ڈیسک) گلوکارہ سائرہ ارشد نے کہا ہے کہ پاکستان کے جن لوگوں کے اثاثہ جات اور بینک اکاﺅنٹ بیرون ملک موجود ہیں ان کو پاکستان واپس لایا جائے تو ملک میں لوڈ شیڈنگ ایک گھنٹے میں ختم ہو سکتی ہے اور اس کے ساتھ ایسی سہولتیں فراہم کی جا سکتی ہیں جس سے ایک عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں میسر آسکتی ہیں ۔ انہوں نے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اس ملک سے محبت کا دعویٰ کرتے ہیں ان کی تمام تر دولت سوئس بینکوں میں موجود ہے اگر وہ پیسہ اپنے ملک میں واپس لے آئیں تو اس ملک کے بہت سے مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں اور میں شرطیہ کہتی ہوں کہ جتنی دولت پاکستانیوں کی بیرون ملک ہے اگر وہ پاکستان واپس آجائے تو لوڈ شیڈنگ کا بحران ایک گھنٹے میں ختم ہو جائے گا اور صنعتیں لگانے سے معاشی روزگاری میں بھی بہتری آئے گی اور ہم ترقی کی طرف ایک نیا سفر شروع کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمیں ایک دوسرے کی ذات پر کیچڑ اچھالنے اور کردار کشی کی عادت پڑ چکی ہے اور برداشت کی قوت ختم ہوتی جا رہی ہے اگر یہی صورتحال رہی تو ہم تیزی سے پستی کی طرف گرتے جائیں گے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں جو بھی حقیقی معنوں میں ملک کا خیر خواہ ہو گا اس کا ساتھ دوں گی ۔

شوبز میں حسد سے نہیں محنت سے مقام ملتا ہے

لاہور (شوبز ڈیسک) اداکارہ ہما علی نے کہا ہے کہ میری کامیابیاں بعض لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہیں ، آئے روز میرے بارے میں کوئی نہ کوئی افسانہ کھڑا کر دیا جاتا ہے ، میں نے موجودہ مقام ایک دو ماہ میں نہیں بلکہ کئی سالوں کی محنت سے حاصل کیا ہے اور ہمیشہ ایسی پرفارمنس دینے کی کوشش کی ہے جس پر کسی کو اعتراض نہ ہو اور اس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ مجھے آج تک کبھی مانیٹرنگ ٹیموں کی جانب سے نوٹس نہیں ملا ۔ انہوں نے کہا کہ شوبز میں آنے والی ہر لڑکی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ جلد سے جلد شہرت حاصل کر لے لیکن یہ صرف چور راستوں سے ممکن ہے اور یہ شہرت بھی صرف عارضی ہوتی ہے ۔ آج نرگس ، میگھا اور دیدار نے جو شہرت حاصل کی وہ ان کو سالوں کی مسلسل محنت کے بعد ملی ہے ۔میں بھی مسلسل محنت پر ہی یقین رکھتی ہے اور ان لوگوں سے سے درخواست کرتی ہوں کہ جو میرے خلاف محاذ بنا کر سازشوں میں مصروف ہیں وہ مجھ سے نظریں ہٹا کر صرف اپنے لیے محنت کریں تو یقینا ایک دن مجھ سے زیادہ کامیاب ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے خلاف سازشیں کرنے والوں کے لئے صرف دعا ہی کر سکتی ہوں کہ خدا انہیں نیکی کی ہدایت دے ۔

شہنشاہِ ظرافت منور ظریف کی برسی کل منائی جائےگی

لاہور(شوبز ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کے شہنشاہِ ظرافت اداکار منور ظریف کی 41وےں برسی کل ( ہفتہ )29اپرےل کو منائی جائے گی ۔منور ظریف 25دسمبر 1940ءکو لاہور کے علاقہ قلعہ گجر سنگھ میں پیدا ہوئے ۔مزاح کا فن انہیں وراثت میں ملا تھا، انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز 1961ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ”ڈنڈیاں “سے کیا۔تاہم 1973ءمیں وہ پہلی بار اردو فلم ”پردے میں رہنے دو“ میں سائیڈ ہیرو کے روپ میں سامنے آئے اور اسی سال ایک اور فلم رنگیلا اور منور ظریف کی کامیابی نے انہیں سپر اسٹار بنا دیا۔مگر ان کے کیریئر کی لازوال فلم ”بنارسی ٹھگ “رہی جس میں منور ظریف نے مختلف گیٹ اپ کئے اور اپنے ورسٹائل اداکار ہونے کی مہر ثبت کردی۔منور ظریف جب اسکرین پر جلوہ گر ہوتے تو لوگ ان کی باتوں پر لوٹ پوٹ ہوتے دکھائی دیتے ۔ ان کی مزاحیہ اداکاری کا انداز منفرد اور نرالا تھا جس کے باعث انہوں نے مزاحیہ اداکاری میں اپنا نام کمایا جسے آج بھی کسی نہ کسی شکل میں دورِ حاضر کے کامیڈین نقل کرتے نظر آتے ہیں۔بنارسی ٹھگ، جیرا بلیڈ، رنگیلا اور منور ظریف، نوکر ووہٹی دا، خوشیاں، شیدا پسٹل، چکر باز، میرا ناں پاٹے خاں، حکم دا غلام، نمک حرام، بندے دا پتر اور اج دا مہینوال ان کی ایسی ہی لاتعداد فلموں میں سے چند کے نام ہیں۔، ان کی آخری فلم ”لہودے رشتے “تھی جو 1980ءمیں ریلیز ہوئی ۔جبکہ 1973،1971اور 1975میں انہیں ‘عشق دیوانہ، بہارو پھول برسا اور زینت’ میں بہترین مزاحیہ اداکاری پر نگار ایوارڈ دیئے گئے۔ان کے بعد کامیڈی فلموں کا ایک نیا دور شروع ہوا اور انہی کے قدم پر چل کر علی اعجاز، ننھا اور عمر شریف اور دےگر اداکاروںنے نے اسکرین پر کئی عرصے تک راج کیا۔رنگیلا اور منور ظریف کی فلمی جوڑی کو فلم کی کامیابی تصور کیا جاتا تھا۔منور ظریف ایک بہت باصلاحیت اداکار تھے۔ انہوں نے اپنی بے ساختہ اداکاری کی وجہ سے بہت جلد فلمی دنیا میں اپنا مقام بنالیااور اےک وقت مےں پنجابی اوراردو فلموں کی ضرورت بن گئے جس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ اپنے 15سالہ فلمی کیریئر میں انہوں نے 321 فلموں میں کام کیا۔منور ظریف 29اپریل 1976ءکو اپنے پرستاروں کو سوگ وار چھوڑ کر دنےا فانی سے رخصت ہوگئے مگر آج بھی وہ اپنے فن کے ذرےعے اپنے پرستاروںکے دلوں پر راج کرتے ہےں ۔

وحید مراد کے بیٹے عادل مراد فلموں میں کام کیلئے کوشاں

لاہور(شوبز ڈیسک ) فلمی صنعت کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد مرحوم کے بیٹے عادل مراد نے ایک بار پھر فلموں میں اداکاری کے لئے جدوجہد شروع کر دی۔ عادل مراد کا کہنا تھاکہ میں فلموں میں اداکاری کے جوہردکھانے کاخواہشمندہوں تاہم فلم بین مجھ میں میرے والدوحیدمراد کو تلاش نہ کریں۔فن کسی کی میراث نہیں ہوتا۔مجھے اپنے والد پر فخر ہے کہ فلمی صنعت میں ان کاثانی کوئی نہیں۔میں ان کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں۔

تحریک انصاف کے جلسے میں افسوسناک واقعہ پیش, دیکھئے خبر

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے پریڈ گرا?نڈ میں جلسہ شروع ہونے سے قبل ہی کارکنوں کے درمیان آپس ہی میں جھگڑا ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے جلسے میں بدنظمی کے دوران کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ الجھ پڑے۔کھلاڑیوں کے درمیان وی آئی پی گیٹ کے پاس لڑائی ہوئی. پی ٹی آئی کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف لاٹھیوں اور ڈنڈوں کا استعمال کیا ہے جبکہ گھونسوں اور تھپڑوں کی بارش بھی کی۔ کارکنوں نے ایک دوسرے کے کپڑے بھی پھاڑ دئیے۔ جبکہ پی ٹی آئی کے مقامی قائدین نے کارکنوں کوٹھنڈا کرنے کی بھی کوشش کی۔لیکن انہیں بھی دھکے پڑے جبکہ کارکنوں اور مقامی قائدین کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

شاہد کپور کی بیٹی میشا کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پروائیرل

ممبئی(شوبز ڈیسک)بھارتی فلم انڈسٹری کے اداکار شاہد کپور نے اپنی صاحبزادای میشا کی نئی تصاویر کو سوشل میڈیا ویب سائت انسٹاگرام کے ذریعے اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔تصویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے ۔ ان میں سے ایک تصویر میں شاہد کپور اپنی بیٹی میشا کے ساتھ پول میں بیٹھے اس کے ساتھ پیار اور شفقت کا اظہار کر رہے ہیں۔ انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق خواہ کتنی بھی مصروفیت ہو شاہد کپور اپنی ننھی بیٹی میشا کو اپنے والدین سے ملوانے ضرور لے جاتے ہیں۔خیال رہے کہ شاہد کپور ان دنوں معروف ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوتی کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ فلم میں شاہد کہور کے علاوہ دیپکا پڈوکون اور رنویر سنگھ بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔