لاہور (کرائم رپورٹر) غازی آباد میں سسرالیوں کا داماد پر انسانیت سوز تشدد، متاثرہ شخص کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر آدھا سر، آدھی مونچھیں اور بھوئیں مونڈھ ڈالیں، پولیس نے دہشتگردی کی دفعات کے مطابق مقدمہ درج کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ غازی آباد میں پیش آیا ایک ایسا واقعہ جسے دیکھ کر انسانیت بھی کانپ اٹھے بیوی کو طلاق دینے سے انکار پر سسرالیوں نے داماد کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ ڈالا۔ مذاکرات کے بہانے دلاور کو سسرالیوں نے بلایا اور گن پوائنٹ پر گھر کے سامنے نجی سکول میں یرغمال بنا لیا اور پھر ایسا ہوا کہ زمانہ جاہلیت کی یاد تازہ ہوگئی۔ ملزمان نے داماد کا آدھا سر، آدھی مونچھیں اور بھوئیں مونڈ ڈالیں۔ اور پھر منہ کالا کر کے گدھے پر بٹھا کر گلیوں میں پھیرایا۔ اپنے ہی داماد کی عزت کا ایسے جنازہ نکالا کہ ملزمان کے سوا، سب دیکھنے والے توبہ توبہ کرتے رہے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ دہشتگردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے مطابق درج کر لیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے تشدد میں استعمال ہونےوالے آلات برآمد کرلئے ہیں، دیگر ملزمان کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارے جا رہے۔
