گندم بحران کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل، ذمہ داروں کے نام سامنے آگئے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) گندم بحران کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل ہوگئی اور ذمہ داروں کے نام وزیراعظم کو پیش کردیے گئے۔
ملک میں گندم کے بحران پر تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دی گئی۔ بحران پر تحقیقات ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا کی سربرا ہی میں تین رکنی کمیٹی نے کیں جس کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے پلاننگ اور پالیسی کی عدم موجودگی کے باعث ملک میں گندم کا بحران پیدا ہوا اور اس کی ذمہ داری پنجاب کے وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری، خیبرپختوخوا کے وزیر خوراک قلندر لودھی، سابق فوڈ سیکریٹری نسیم صادق پر عائد ہوتی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گندم کے بحران کی بہت سی وجوہات ہیں تاہم سب سے بڑی وجہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے پلاننگ نہ ہونا ہے، ان کی جانب سے ملک میں گندم کی فصل کے آغاز سے گندم خریداری کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی اور پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے 20 سے 22 دن تاخیر سے گندم جمع کرنا شروع کی۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کے لیے طریقہ کار بنانے میں ناکام رہا، ڈیپارٹمنٹ نے صورتحال کے پیش نظرفیصلے نہیں لیے اور فلور ملز کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوا، جب کہ فلور ملز مالکان نے پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی ڈیمانڈ اور سپلائی پورا نہ کرسکنے کی اہلیت کو جانتے ہوئے فائدہ کمانے کے لیے مہم چلائی۔رپورٹ میں پنجاب میں گندم کا ہدف پورا نہ کرنے کی ذمہ داری سابق فوڈ سیکریٹری نسیم صادق اور سابقہ فوڈ ڈائریکٹر ظفر اقبال پر ڈالی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پنجاب کے وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری پر صورتحال کے پیش نظر فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں اقدامات نہ کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔رپورٹ کے مطابق سندھ میں کم گندم حاصل کرنے کی ذمہ داری کسی پر انفرادی طور پر نہیں ڈالی جا سکتی، سندھ کابینہ نے گندم حاصل کرنے کی سمری پر کوئی فیصلہ ہی نہیں کیا جب کہ خیبرپختون خوا میں میں گندم خریداری کے ٹارگٹ پورے نہ کرنے پر وزیر قلندر لودھی، سیکریٹری اکبر خان اور ڈائریکٹرسادات حسین ذمہ دار ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر خسرو بختیار کے ایک رشتہ دار نے ا?ٹے چینی بحران سے 45 کروڑ روپے کمائے، چوہدری منیر رحیم یارخان ملز، اتحاد ملز ٹو اسٹار انڈسٹری گروپ میں حصہ دار ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے غلام دستگیر لک کی ملز کو 14 کروڑ کا فائدہ پہنچا۔

6 اپریل سے پاک افغان بارڈر کھولنے کا اعلان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان نے افغان شہریوں کی واپسی کے لیے 6 اپریل سے سرحد کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق افغان حکومت کی جانب سے سرحد کھولنے کی درخواست کی گئی تھی۔ پاکستان افغانستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کرتا ہے، افغان حکومت کی خصوصی درخواست اور انسانی ہمدردی پر اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں موجود افغان شہریوں کو واپس جانے دیا جائے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم اور چمن کے مقام پر سرحدی پوائنٹس 6 سے 10 اپریل تک مخصوص اوقات کار میں کھلے رہیں گے تاکہ افغان شہری واپس جاسکیں۔

نوازشریف اور مریم نواز کیخلاف چوہدری شوگر ملز کیس داخل دفتر کرنے کا حکم

لاہور(ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز میں نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف کیس کی کارروائی ریفرنس دائر ہونے تک روک دی۔لاہور کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف چوہدری شوگر ملز کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نواز شریف،مریم نواز اور یوسف عباس کی لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہوچکی ہے جب کہ نیب کی جانب سے چوہدری شوگر ملز کا ریفرنس ابھی دائر نہیں کیا گیا۔ ریفرنس کے بغیر کیس کی سماعت کرنا عدالتی وقت کا ضیاع ہے۔احتساب عدالت نے اپنے فیصلے میں کیس کی فائل ریکارڈ روم بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ تینوں ملزمان کو ریفرنس دائر ہونے پر طلب کیا جائے گا۔چوہدری شوگر ملز کیس نیب کا موقف ہے کہ چوہدری شوگر ملز میں 2001 سے 2017 کے درمیان غیر ملکیوں کے نام پر اربوں روپے کی بھاری سرمایہ کاری کی گئی اور انہیں لاکھوں روپے کے حصص دیے گئے۔ پھر وہی حصص مریم نواز، حسین نواز اور نواز شریف کو بغیر کسی ادائیگی کے واپس کیے گئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی میں بھاری سرمایہ کاری کے لیے غیر ملکیوں کا نام اس لیے بطور پراکسی استعمال کیا گیا کیوں کہ شریف خاندان کی جانب سے سرمایہ کاری کے لیے استعمال کی جانے والی رقم قانونی نہیں تھی۔

لاک ڈاوَن سے متعلق پاک فوج اور حکومت کی رائے مختلف نہیں، شیخ رشید

لاہور(ویب ڈیسک) وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ لاک ڈاوَن سے متعلق پاک فوج اور حکومت کی رائے مختلف نہیں اور ہم لاک ڈاون کے حکومتی فیصلے کے پابند ہیں۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمیں کورونا وائرس جیسے چیلنج کا سامنا ہے، ہمیں پاکستان اور قوم کو بچانا ہے، یہ وقت جنگ عظیم سے بھی سخت ہے، اس پر سیاست نہ کی جائے، حادثات اور امتحانات سے ہی لیڈرشپ کا پتا چلتا ہے، اپوزیشن کی رائے نقطہ چینی کے مترادف ہے، قوم دیکھ رہی ہے کہ ان کا کیا رویہ ہے، شہباز شریف کو کہتا ہوں کہ یہ وقت سیاست کا نہیں، لیپ ٹاپ کے آگے بیٹھ کر تنقید نہ کی جائے سب اپنا اپنا حصہ ڈالیں، میں تمام لوگوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتا ہوں، ناراض دوستوں کو صلاح کی دعوت دیتا ہوں، آئیں ہم ملک کر بحران سے ملک کو نکالیں۔شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں کوئی ملازم کورونا کا شکار نہیں ہوا، دنیا کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا کا اثر کم ہے، 14 اپریل تک ملک میں کورونا کے اثرات واضح ہوجائیں گے، لاک ڈاوَن سے متعلق پاک فوج اور حکومت کی رائے مختلف نہیں، ہم لاک ڈاون کے حکومتی فیصلے کے پابند ہیں، 15 تاریخ سے وزیراعظم کی اجازت سے ریلوے کی فریٹ شروع کریں گے، ٹرینوں کو حفاظتی اقدامات کے ساتھ چلائیں گے، ہمیں ایک ارب 20 کروڑ ہر ہفتے نقصان ہو رہا ہے، ٹرینیں چلانے کیلئے لوگوں کا اصرار اور مجبوریاں ہیں۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اس ملک میں سازش کی جا رہی ہے، کچھ عناصر ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے، صوبوں میں تفریق نہیں کرنی چاہیے، یہ وبا پوری دنیا میں آئی ہے، تبلیغی جماعت اور زائرین کو تنقید کانشانہ نہیں بنانا چاہیے، نماز پڑھنے والوں کے ساتھ کوئی غیراخلاقی بات نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے 52 لوگ سڑکوں پر مرگئے، کیونکہ وہ لوگ پیدل چل پڑے تھے، ہم نے آخری 2 روز میں 40 ٹرینوں سے ایک لاکھ 65 ہزار مسافروں کو منتقل کیا، ٹرینیں نہ چلاتے تو گھروں کو نہ جانے والے مسافر آج لوگ ایڑھیاں رگڑ رہے ہوتے۔

ڈینیل پرل کیس کے فیصلے پرامریکا کا ردعمل فطری ہے، وزیرخارجہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ڈینیل پرل کیس کے فیصلے پرامریکا کا ردعمل فطری ہے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ڈینیل پرل کیس کے فیصلے پرامریکا کا ردعمل فطری ہے، وہ معروف صحافی تھے انہیں پہلے تاوان کیلئے اغوا کیا گیا اورپھرقتل کردیا گیا، محکمہ داخلہ نے ملزمان کو90 روزکے لیے حفاظتی طویل میں لے لیا ہے جب کہ حکومت سندھ کی جانب سے فیصلے کے خلاف اپیل بھی دائرکی جائے گی۔وزیرخارجہ نے کہا کہ شیخ عمرکی سزائے موت کوسات سال قید میں تبدیل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے، اپیل کوسندھ ہائی کورٹ نے تسلیم کرکے انسداد دہشت گردی کورٹ حیدرآباد کی طرف سے دی گئی سزا کو معطل کرتے ہوئے تین ملزمان کو بری کیا۔ اس فیصلے سے تشویش پیدا ہوئی۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دیں، پوری قوم نے مل کردہشت گردی کے خلاف ایک طویل لڑائی لڑی اوراسے شکست دی، ڈینیل پرل کیس سے متعلق خبرپوری دنیا میں پھیلی اورپاکستان پرانگلیاں بھی اٹھائی گئیں اورہمیں حدف تنقید بنایا گیا۔واضح رہے کہ ڈینیل پرل امریکی جریدے وال اسٹریٹ جنرل جنوبی ایشیا ریجن کے بیورو چیف تھے، انہیں کراچی میں اغوا کے بعد قتل کردیا گیا تھا، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 15 جولائی 2002 کو ملزمان کو سنائی تھی، برطانوی شہریت رکھنے والے ملزم احمد عمر شیخ کوعدالت نے سزائے موت کا حکم دیا تھا۔

تماشے بند کرکے لوگوں کو راشن پہنچانے کی حکمتِ عملی بنائی جائے، ترجمان (ن) لیگ

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ٹائیگر فورس کے سیاسی تماشے بند کر کے لوگوں کو فوری ریلیف اور راشن پہنچانے کی حکمتِ عملی بنائی جائے۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھوک کے ستائے لوگ سڑکوں پر بے حال بیٹھے ہیں، غریب، بےروزگار، دیہاڑی دار کے پاس روٹی نہیں اور عمران خان تعمیراتی ریلیف پیکج دے رہے ہیں، جب کنسٹرکشن ریلیف پیکیج دینے کا وقت تھا تو عمران خان لنگر خانے کھول رہے تھے، اب لنگر خانے کھولنے کا ٹائم ہے تو کنسٹرکشن ریلیف پیکیج دے رہے ہیں، قوم پوچھ رہی ہے کہ اس وقت کنسٹرکشن کی صنعت جنات چلائیں گے۔ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سمجھ کا یہ عالم ہے کہ وہ مزدوروں کو آن لائن رجسٹریشن کی نصیحت کررہے ہیں، ملک بھر میں آٹے کی قلت ہوچکی ہے، پنجاب میں آٹے کی قلت اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاءنہیں، مزدور اور دیہاڑی دار تک ریلیف نہیں پہنچ رہا اور عوام بھوک اور افلاس کا شکار ہیں اور چینی چور کہہ رہے ہیں کہ ملک میں آٹا اور چینی وافر مقدار میں موجود ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لوگوں کے گھر بجلی اور گیس کے بل پہنچ رہے ہیں لیکن ریلیف کا سامان کیوں نہیں؟ جو بل گھروں تک پہنچا رہے ہیں، انہیں کے ذریعے امدادی سامان بھی عوام تک پہنچائیں۔ ٹائیگر فورس کے سیاسی تماشے بند کرکے لوگوں کو فوری ریلیف اور راشن پہنچانے کی حکمتِ عملی بنائی جائے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج؛ ایک ہفتے میں سرمایہ کاروں کو 542 ارب روپے کا فائدہ

کراچی(ویب ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے تیزی سے جہاں انڈیکس میں بہتری آئی وہیں سرمایہ کاروں کو بھی 542 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا ہے۔رواں کاروباری ہفتے مارچ سے 3 اپریل کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج مندی سے تیزی کی جانب گامزن ہوگئی۔ ہفتے کے آغاز میں ہنڈریڈ انڈیکس 27461 کی کم ترین سطح تک آگیا لیکن ہفتے کے اخٹتام تک یہ مندی تیزی میں بدل گئی انڈیکس 4300 سے زائد پوائنٹس اضافے کے بعد 31816 پر آگیا۔ اس طرح 100 انڈیکس میں 12.49 فیصد اضافہ ہوا۔کاروباری ہفتے کے دوران ایک ارب 13 کروڑ سے زائد شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 37 ارب روپے سے زائد رہی۔ اس طرح مارکیٹ کیپٹلائزیشن 6016 ارب روپے ہوگئی ہے جب کہ سرمایہ کاروں کو ایک ہفتے میں 542ارب کا فائدہ ہوا۔

ہر قیمت پر عوام اور ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہر قیمت پر اپنے عوام اور ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی مناسبت سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سقوط ڈھاکا کے بعد پاکستان کی ہزاروں میل زمین اور 90 ہزار جوان دشمن کے قبضے میں تھے، ذوالفقار علی بھٹو نے آدھے سے زیادہ ملک گنوانے سے ہونے والی معاشی تباہی سے نمٹنے کے لیے میگا پروجیکٹس تشکیل دیئے، ان میگا پرجیکٹس میں اسٹیل ملز، پورٹ قاسم اور ہیوی میکینیکل کمپلیکس بھی شامل تھے، انہوں نے جوہری پروگرام کا آغاز اس لیے کیا کہ پھر کبھی ہماری خودمختاری پڑوسیوں رحم و کرم پر نہ ہو۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کی کورونا بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے ذوالفقار علی بھٹو کے وڑن کی پیروی کرنی ہوگی، آج کڑے وقت میں پاکستان کے عوام ایک نئے ذوالفقار علی بھٹو کی تلاش میں ہیں، ایسا لیڈر جو ہمیں آپسی اختلافات کے باوجود متحرک کرے اور اس مہلک وباءسے نکالنے کے لئے قیادت کرے، ذوالفقار علی بھٹو کے پیغام پر یقین رکھنے والے تمام لوگ اور پیپلز پارٹی کسی بھی بحران میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے، ہم اپنے اجداد کی میراث کو جاری رکھیں گے اور ہر قیمت پر اپنے عوام اور ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔

عوم غلط فہمی میں نہ رہیں کورونا سے پاکستانیوں کو کچھ نہیں ہوگا، وزیراعظم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عوم غلط فہمی میں نہ رہیں کہ کورونا سے پاکستانیوں کو کچھ نہیں ہوگا، کورونا کسی کونہیں چھوڑتا۔کورونا ریلیف فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران کان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت قوموں کا امتحان ہوتا ہے جس میں انسان کے ایمان کا پتہ چلتا ہے، جب کاروبار میں نقصان کے دورمیں فراڈ کرتا ہے تو وہ تباہ ہوجاتا ہے، جو شخص برے وقت کو اللہ کی طرف سے امتحان سمجھتا ہے وہ مضبوط ہوکر نکلتا ہے، جب قوم اس چیلنج سے نکلے گی تو بالکل مختلف قوم ہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لوگ پاگل پن کر کے اپنے آپ کو مشکل میں نہ ڈالیں، اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ کورونا سے پاکستانیوں کو کچھ نہیں ہوگا، کورونا کسی کو نہیں چھوڑتا سوشل میڈیا کی غلط باتوں پر نہ جائیں۔عمران خان نے کہا کہ معاشی طور پر مستحکم ممالک بھی مشکل میں ہیں، امیر ممالک کے وسائل اورپاکستان کےمعاشی حالات میں بہت فرق ہے، لاک ڈاو¿ ن تب کامیاب ہوگا جب لوگوں کو گھر وں میں کھانا پہنچا ئیں، ووہان میں لاک ڈاوَن اس لیے کامیاب ہوا کہ ہر گھر میں کھانا پہنچایا گیا، ٹائیگر فورس کے اب تک 6لاکھ ممبر بن چکے ہیں، لاک ڈاوَن کے دوران ٹائیگرفورس کے ذریعےگھروں میں کھانا پہنچائیں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا نے 2 ہزار ارب ڈالرکا ریلیف پیکج دیا، جب کہ پاکستان میں حکومت نے تاریخ کا سب سے بڑا معاشی پیکج دیا ہے، میں کورونا وائرس کی وبا کو بڑا چیلنج سمجھتا ہوں، موجودہ حالات میں غریب طبقے کا خیال رکھنا ہے، تعمیراتی شعبے سے وابستہ لوگ متاثرہیں، کنسٹرکشن سے لوگوں کو بہت زیادہ روزگار مل سکتا ہے، لوگوں کو میرٹ پر پیسہ دیا جائے گا، شوکت خانم میں میرٹ پر علاج ہوتا ہے، ایم پی ایز اور ایم این ایز کو چاہیے کہ مشکل وقت میں لوگوں کی مدد کریں۔

نجی کمپنیاں ملازمین کو بیروزگار نہ کریں تنخواہ حکومت دے گی، سعودی فرمانروا

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وائرس کی وجہ سے بند نجی کمپنیوں کے ملازمین کو حکومت کی جانب سے 60 فیصد تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وائرس کے باعث بند صنعتوں کے نجی ملازمین کو بیروزگار ہونے سے بچانے کے لیے 60 فیصد تنخواہ حکومت کی جانب سے ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔شاہی فرمان میں صنعت کاروں کو اپنے ملازمین کو برطرف نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مشکل گھڑی میں تین مہینے کے لیے حکومت ان ملازمین کی ماہانا تنخواہ کا 60 فیصد تک ادا کرے گی۔سعودی وزیر خزانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے باعث صنعتیں بند ہیں اور ڈیلی ویجز اور تنخواہ داروں ملازمتوں کے بیروزگار ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے اس لیے صنعت کاروں کو یہ رعایت دی گئی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 39 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے 25 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ مکہ، مدینہ، طائف اور دمام سمیت دیگر شہروں میں کرفیو نافذ ہے۔