بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو بتدریج واپس لائیں گے، وزیر خارجہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو بتدریج واپس لائیں گے۔اپنے بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھر سے بہت سے پاکستانی بیرون ممالک سے وطن واپس آنا چاہتے ہیں۔ ہماری پہلی ترجیح ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے. ہماری دوسری ترجیح ویزا ایکسپائر ہونے والے پاکستانی ہیں جبکہ ہماری تیسری ترجیح بیرون ملک مقیم پاکستانی اور زیر تعلیم واپسی کے منتظر طلباءکو واپس لانا ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ روز 17پروازیں بحال کرنے کی منظوری دی، ہم ان پاکستانیوں کو بتدریج واپس لائیں گے۔ 4 سے11اپریل تک کا بین الاقوامی پروازوں کے شیڈول کا اعلان کیا ہے، ہمیں ان تمام مسافروں کو ائیر پورٹ پر کورونا ٹیسٹنگ سے گزارنا ہے اس لیے ہم اپنی ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کی استعداد کار کو بتدریج بڑھا رہے ہیں۔ پروٹوکول پر مکمل عملدرآمد ہو گا تو کراچی کے لئے بھی پروازیں کھولیں گے.

ہر فیصلہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں گے، وزیراعظم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارامقابلہ کورونا سے نہیں غربت اور بیروزگاری سے بھی ہے، ہر فیصلہ زمینی حقائق سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت کورنا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے قومی رابطہ کمیٹی کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا حماد اظہر، خسرو بختیار، اسد عمر، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، ڈاکٹر ظفر مرزا، ڈاکٹر معید یوسف، چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹنٹ جنرل محمد افضل، اور وزیرِ اعظم کے فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر فیصل سلطان و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفرمرزا نے ملک میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں معاشی و انتظامی اقدامات خصوصاً صوبہ سندھ سے بلوچستان اور پنجاب کو گندم کی بلاتعطل ترسیل، صنعتی یونٹس کی روانی، سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد، وفاق اور صوبوں کے درمیان روابط کی بہتری اور کورونا کے حوالے سے مصدقہ ڈیٹا اکٹھا کرنے کے حوالے سے لیے جانے والے اقدامات اور ان پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کثیرالضابطہ ریسرچ کمیٹی قائم کی جائےگی، کمیٹی مختلف شعبوں سے متعلق سفارشات مرتب کرے گی، اور یہ سفارشات قومی رابطہ کمیٹی کے سامنے پیش کرے گی تاکہ ان سفارشات کی روشنی میں کمیٹی مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کر سکے۔ اجلاس میں حکومت نے سی پیک منصوبوں پر کام کھولنے کا فیصلہ کیا اور وفاقی دارالحکومت میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کی منظوری دی گئی اور کہا گیا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کا جذبہ اور خدمات لائق تحسین ہیں۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انسداد کورونا کیلئے دیگرممالک کے اقدامات کاجائزہ لیاجارہا ہے، پاکستان میں حالات دنیا سے مختلف ہیں، ہمارامقابلہ کورونا سے نہیں غربت اوربیروزگاری سے بھی ہے، ہر فیصلہ زمینی حقائق سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا، موجودہ صورتحال میں درست اور حقائق پر مبنی ڈیٹا کی دستیابی انتہائی اہمیت کی حامل ہے، درست ڈیٹا کی فراہمی کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کٹس،وینٹی لیٹرز اور دیگر آلات کی دستیابی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نجی شعبے کی 2 لیبارٹریز کو این ڈی ایم اے کی جانب سے ٹیسٹ کے آلات فراہم کیے جا رہے ہیں، ٹیسٹ کے اخراجات میں خاطرخواہ کمی لائی جائے گی، اس تجربے کو مدنظر رکھ کر یہ سہولت مزید14 لیبارٹریز میں فراہم کی جائے گی۔ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیر اعظم نے معاشی ٹیم کے ساتھ ریلیف پیکج کے خدوخال پر مشاورت مکمل کرلی ہے جب کہ کل سے تعمیراتی انڈسٹری بھی کھول دی جائے گی اور وزیر اعظم عمران خان کل انڈسٹری سے متعلق پیکج کا اعلان کریں گے، انڈسٹری سے متعلق مزدوروں کی آمد ورفت کے لیے صوبوں کو ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مزدور طبقہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مزدوروں کا روزگار انڈسٹری سے وابستہ ہے، غریب کے گھر کاچولہا جلے اس لیے کل تعمیراتی انڈسٹری کھول رہے ہیں۔

عوام بجلی اور گیس کے بل 3 ماہ کی تاخیر سے جمع کراسکتے ہیں، عبدالحفیظ شیخ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ عوام ، بجلی اور گیس کے واجبات 3 ماہ میں ادا کرسکتے ہیں اور تاخیر کا نقصان حکومت برداشت کرے گی۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران مشیر خزانہ نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد کی جائے گی, اس کے لیے 1200 ارب روپے کا پیکج دیا گیا ہے۔ تمام فوڈ پراڈکٹس پر ڈیوٹی ختم کردی گئی ہے، پیٹرولیم منصوعات کےلیے حکومت نے70رب روپے رکھے ہیں، کاروباری برادری اور صوبوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، مختلف طریقوں سے 107 ارب روپے ری فنڈ کیے جارہے ہیں، چھوٹے کارخانوں کے متاثرہ ملازمین کے لیے 100 ارب رکھے جارہے ہیں۔عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ عوام کو بجلی اور گیس کے بل فوری طور پر ادا کرنے کی ضرورت نہیں، بجلی اور گیس کے واجبات 3 ماہ میں ادا کیے جاسکیں گے، یوٹیلیٹی بلز جمع کرانے میں تاخیر کا نقصان حکومت خود برداشت کرے گی جس کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

کورونا وائرس کا بار بار شکل بدلنا تشویشناک ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ کورونا وائرس کی مقامی آبادی میں منتقلی اور مقامی حالات کے مطابق ان کی شکلیں تبدیل کرنے کا پہلو تشویشناک ہے۔اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی مقامی آبادی میں منتقلی اور مقامی حالات کے مطابق ان کی شکلیں تبدیل کرنے کا پہلو تشویشناک ہے، ملک میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے، ایسے میں کسی واضح پالیسی کا نہ ہونا خطرناک ہے، کورونا متاثرین کی بڑھتی تعداد کے باوجود اب تک ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس نہیں پہنچایا گیا جس پر شدید تشویش ہے۔ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ اجتماعی کاوشوں کے لئے سب کی تجاویز سے ملک اور قوم کو خطرات سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے، وائرس کے طبی پہلووں کے حوالے سے قومی سطح پر کوئی نظام وضع کرنا اشد ضروری ہے، ٹیسٹنگ اور اسکریننگ کے لئے فوری طور پر واضح طریقہ کار اور معیارات اپنائے جائیں، ڈیزیز سرویلنس کا نظام جلد از جلد قائم کیا جائے بصورت دیگرخدانخواستہ صورتحال ہاتھ سے نکل جائے گی۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جیلوں میں کورونا سے بچاوکے فوری اور موثر انتظامات کئے جائیں، انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ مستقبل کی حکمت عملی کے لئے بڑے خاکے کو بھی ذہن میں رکھنا ہوگا، پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی کے فورم پر سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی بریفنگ دی جانی چاہیے۔

کورونا کے مریض ویسے ہی علاج کی توقع رکھتے ہیں جیسے کوئی اور، فواد چوہدری

جہلم(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کورونا کے مریض ویسے ہی علاج صحت اور امید کی توقع رکھتے ہیں جیسے کوئی بھی اور مریض۔اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری کابینہ نے واضع ہدایت کی ہے کہ کورونا کے مریض ویسے ہی علاج صحت اور امید کی توقع رکھتے ہیں جیسے کوئی بھی اور مریض، لیکن ایسے واقعات ہوئے ہیں کہ جیسے کورونا کا مریض کوئی مجرم ہے۔ زبردستی تنہائی، رسیوں سے باندھنا، مرضی کے اسپتال اور ڈاکٹر سے علاج کی سہولت نہ دینا یہ کیا تماشا ہے ۔اس سے قبل فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک انٹرویو کا حصہ شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ جب یہ وائرس دنیا کے دوسرے ملکوں میں پھیلا تو کسی نے اسے مذہب یا مسلک سے منسلک نہیں کیا لیکن یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ پاکستان میں اسے مسلک سے منسلک کردیا گیا۔ کورونا کا کوئی مذہب ، مسلک یا شہریت نہیں، جہاں ہجوم ہوگا وہاں یہ پھیلے گا۔واضح رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں کے اسپتالوں کی ایسی وڈیو سامنے آرہی ہیں جن میں طبی عملہ کورونا کے مشتبہ مریضوں کے ساتھ انتہائی غیر انسانی سلوک اختیار کررہا ہے۔

کیمبرج اسکول سسٹم کا امتحانات کے بغیر بچوں کو پاس کرنے کا فیصلہ

کراچی(ویب ڈیسک) کیمبرج اسکول سسٹم نے بچوں کوبغیر امتحان کے پاس کرنے کی پالیسی جاری کردی ہے۔ کیمبرج اسکول سسٹم نے پرائیویٹ امیدواروں سمیت بچوں کو بغیرامتحان کے پاس کرنے کی پالیسی جاری کردی ہے۔ بچوں کوکلاس ورک، اسائنمنٹس اوراداروں کے امتحانات کومدنظررکھ کرگریڈنگ کی جائے گی جس کے لیے کیمبرج انتظامیہ نے اسکولزسے بچوں کا متعلقہ ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔کیمبرج انتظامیہ کے مطابق پرائیویٹ امیدواروں سے اگلی جماعت میں ترقی دینے کے شواہد طلب کرلیے گئے، پرائیویٹ امیدواروں سے اسکولوں کے طلبہ والا طریقہ کاراختیارکیا جائے گا، کسی سینٹرمیں نہ پڑھنے والے طلبہ کے گریڈ کے وقت احتیاط برتی جائے گی، امیدواروں کے پچھلے اسکول سے ملے شواہد قابل قبول ہوں گے اوربچوں کے انفرادی حوالے سے ان کے ٹیوٹر کی گواہی لی جائے گی۔

خیبرپختونخوا میں 29 افراد نے کورونا وائرس کو شکست دے دی

پشاور(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں 29 افراد نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 276 ہوگئی ہے جب کہ 710مریضوں کا ٹیسٹوں کے نتائج موصول ہونے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں 29 کورونا پازیٹو مریضوں کا دوبارہ ٹیسٹ نیگیٹو موصول ہوگیا ہے۔ صحت یاب ہونے والوں میں 10 زائرین بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قرنطینہ مراکز میں رکھے گئے بیشتر مشتبہ مریض مکمل صحتیاب ہیں۔ یہ قرنطین کئے گئے افراد مقررہ مدت گزار کر خطرے سے باہر نکل آئے۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق اب ڈی آئی خان قرنطینہ مراکز میں موجود 121 زائرین کو آج گھر بھیجنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ڈی آئی خان میں کراچی، فیصل آباد، اسلام آباد اور ملک کے دیگر حصوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی صحتیاب ہوگئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سفید ڈھیری پشاور میں قرنطین کئے گئے 190 افراد بھی خدشات سے آزاد ہوگئے ہیں. ہنگو سے تعلق رکھنے والے شخص کے جاں بحق ہونے کے بعد یہاں بیشتر افراد کو شبے کی بنیاد پر قرنطینہ میں رکھا گیا تھا جن کے اب ٹیسٹ نیگیٹو آگئے ہیں۔

کورونا وائرس ؛ مکہ اور مدینہ میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے کورونا وائرس وبا کی وجہ سے حفاظتی تدابیر کے تحت مقدس شہروں مکہ اور مدینہ میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ جس کا اطلاق حرم شریف اور مسجد نبوی پر بھی ہوگا۔ مکہ اور مدینہ میں پورے دن کے لیے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے تاہم صبح 6 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک شہریوں کو دوائی اور کھانے پینے کی اشیاءلینے کے لیے گھر سے نکلنے کی اجازت ہوگی تاہم یہ رعایت خاندان کے ایک فرد کیلیے ہوگی۔کرفیو کے دوران تمام تجارتی سرگرمیاں اور ذرائع آمد ورفت بند رہیں گے۔ وقفے کے دوران صرف دوائی اور ضروری اشیاءکی خریداری کے لیے نوجوانوں کو اجازت ہوگی۔ بچوں اور بزرگوں کو گھر پر ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ صحت، میڈیا ورکز اور میونسپل کے خصوصی عملے کو استثنیٰ حاصل ہوگی۔عالمی ادارہ صحت کے اعداد وشمار کے تحت سعودی عرب میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 1 ہزار 720 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس کی وجہ سے 16 افراد لقمہ اجل بن گئے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کے غیر یقینی حالت کے پیش نظر حج کے خواہش مند افراد کو ویزہ پروسس سمیت تمام تیاریوں کو تا حکم ثانی موخر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس سے نومولود ہلاک، مجموعی تعداد 5 ہزار سے متجاوز

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 6 ہفتے کے بچے نے اسپتال میں دم توڑ دیا جس کے بعد امریکا میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے کم عمر بچے کی ہلاکت کا واقعہ امریکا میں پیش آیا ہے، 6 ہفتے کا بچہ واشنگٹن کے اسپتال میں ایک ہفتے سے زیر علاج تھا اور اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ہلاکتوں کی تعداد 46 ہزار ہوگئی، 9 لاکھ 20 ہزار متاثر۔امریکا میں نومولود کی کورونا وائرس سے ہلاکت کے بعد صرف ایک دن میں 884 افراد ہلاک ہوئے جب کہ مجموعی تعداد 5 ہزار 116 ہوگئی۔ امریکا بھر میں اس مہلک وائرس کی 2 لاکھ 15 ہزار افراد میں تصدیق ہوئی ہے جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس اب دنیا کے 206 ممالک اور علاقوں میں پھیل چکا ہے، اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی کی تعداد 8 لاکھ 57 ہزار 641 ہوگئی ہے جب کہ 42 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ امریکا، اسپین اور اٹلی میں شرح اموات سب سے زیادہ ہیں۔

فغانستان میں بارودی سرنگ دھماکے میں 8 شہری ہلاک، 2 زخمی

اکابل(ویب ڈیسک) افغانستان میں بارودی سرنگ دھماکے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس میں سوار ایک ہی خاندان کے 8 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق صوبہ ہلمند کے جنوبی علاقے میں ایک خاندان اپنی گاڑی پر رشتے داروں سے ملنے جارہا تھا کہ سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کی زد میں آگئے۔ دھماکا اتنا زور دار تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ دو زخمی زیر علاج ہیں۔ترجمان گورنر ہلمند نے میڈیا کو بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔دہ افغانستان میں جگہ جگہ بارودی سرنگیں بچھی ہوئی ہیں جس کی زد میں اکر سیکڑوں شہری اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور کئی زندگی بھر کیلیے معذور ہوگئے تاہم امن معاہدہ طے پا جانے کے باوجود ان بارودی سرنگوں کو غیر فعال کرنے کے سلسلے میں کوئی کوشش سامنے نہیں ا±ئی۔