ایک وقت میں دونوں ہاتھوں سے تصاویر بنانے والا فنکار

نیویارک(ویب ڈیسک) بعض افراد کے لیے معمول سے ہٹ کر دوسرے ہاتھ سے لکھنا ممکن نہیں ہوتا لیکن امریکا کے ایک فنکار کا ان دنوں غیرمعمولی چرچا ہے جو بہ یک وقت دونوں ہاتھوں سے تصاویر بناتے ہیں۔ان کی بعض تخلیقات میں تشاکل (سمٹری) دیکھی جاسکتی ہے یعنی وہ چہرے کے دونوں حصے برابر بناتے جاتے ہیں اور اس کے بعد دونوں حصوں کو اوپر لے جاکر مکمل کرکے تصویر کو حتمی طور پر پورا کرتے ہیں۔ایک جانب تو یہ صلاحیت خداداد ہے جس میں مسلسل مشق کے بعد اضافہ کیا گیا ہے اور اب کولِن بہت مہارت کے ساتھ انسانوں، جانوروں اور قدرتی نظاروں کی خاکے بناتے ہیں۔ منٹوں میں بنائے جانے والی یہ تصاویر کسی شاہکار سے کم نہیں کیونکہ یہ آرٹ کی ایک مشکل قسم ہے جس پر چند لوگ ہی مہارت رکھتے ہیں جسے ”ایمبی ڈیکسٹرس ڈرائنگ“ کہا جاتا ہے۔42 سالہ کولن پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں اور مصوری ان کا جنون ہے۔ اس کے علاوہ وہ موٹیویشنل اسپیکر کی حیثیت سے بھی مشہور ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنی تخلیقات انسٹا گرام پر پوسٹ کیں تو لوگوں نے ان کی صلاحیتوں پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔اپنی شہرت پر کولن نے کہا ہے کہ عوامی پذیرائی کی وجہ سے وہ مزید فن پارے بنارہے ہیں اور ان کا یقین ہے کہ تخلیق مزید تخلیق کو جنم دیتی ہے، اس سے قبل میں دایاں ہاتھ تھک جانے کی صورت میں ہی بایاں ہاتھ استعمال کرتا تھا لیکن اب دونوں ہاتھوں سے مصوری کررہا ہوں۔کولن نے بتایا کہ انہوں نے پانچ برس کی عمر سے ہی مصوری شروع کردی تھی اور اب وہ اس میں ماہر ہوچکے ہیں۔ انہوں نے عام افراد کے ساتھ ساتھ مشہور شخصیات اور تاریخی کرداروں کی تصاویر بھی بنائی ہیں۔

سجاد علی کا ’آن لائن میوزیکل کنسرٹ‘ کرنے کا اعلان

کراچی(ویب ڈیسک) معروف گلوکار سجاد علی نے کورونا وائرس کی وجہ سے موسیقی کی تقریبات پر بندش سے مایوس مداحوں کو آئن لائن میوزیکل کنسرٹ کرنے کی خوش خبری سنائی ہے۔موسیقی کی دنیا کے نامور گلوکار سجاد علی سے کون واقف نہیں، ا±نہوں نے لڑکپن سے ہی اپنا ایک الگ مقام بنایا، ا±ن کے نغمے زبان زد عام ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی ا±ن کی فالونگ کافی زیادہ ہے۔کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں اجتماعات اور ثقافتی تقریبات پر پابندی عائد ہے، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں جس پر سجاد علی نے بوریت کے شکار کے اپنے مداحوں کو خوش خبری سنائی ہے۔ ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے ویڈیو پیغام میں سجاد علی نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ وہ جلد آن لائن میوزیکل کنسرٹ کریں گے جسے مداح گھر پر بیٹھے ہی سوشل میڈیا پر دیکھ سکیں گے۔سجاد علی نے اسپانسرز کو آن لائن کنسرٹ میں حصہ ڈالنے کا مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ آئیں موسیقی کی دنیا میں انقلاب لائیں، چھوٹی تقریبات، کوآپریٹو اینڈز اور کمرشل کنسرٹ بھی آن لائن ہوسکتے ہیں۔سجاد علی نے اس موقع پر مداحوں کو ہیش ٹیگ سجاد علی کے ذریعے گانے سننے کی فرمائش کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر اس ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنی فرمائش بھیجیں۔اگر آپ بھی اپنا پسندیدہ گانا سجاد علی کی آواز میں سننا چاہتے ہیں تو موقع سے فائدہ ا±ٹھالیں۔

شرجیل فوری طور پر ٹیم میں واپسی کیلیے تیار نہیں لگتے، وقار یونس

کراچی(ویب ڈیسک)پاکستان کے بولنگ کوچ وقار یونس کو شرجیل خان فوری طور پر قومی ٹیم میں واپسی کیلیے تیار دکھائی نہیں دیتے۔وقار یونس نے کہا کہ شرجیل کو ابھی بہت سا کام کرنے کی ضرورت ہے، انھیں صرف ایک یا 2 اننگز کی بنیاد پر نہیں جانچا جاسکتا، انھیں اپنی فٹنس پر خاص طور پر کام کرنا ہوگا، ہم انھیں فیلڈ میں کہاں چھپائیں گے، ان دنوں فیلڈنگ بہت ہی زیادہ اہم اور خاص طور پر آسٹریلیا میں بڑے گراونڈز کی وجہ سے فیلڈنگ کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے بعد شرجیل کے پاس خود کو فٹ کرنے کیلیے کافی وقت موجود ہے۔

رلی روسو پاکستانی مہمان نوازی کے گرویدہ ہوگئے

بلوم فونٹین(ویب ڈیسک) ملتان سلطانز کے جنوبی افریقی کرکٹر رلی روسو پاکستانی مہمان نوازی کے گرویدہ ہوگئے، بے شمار محبت سے دامن بھرنے پر 2017 میں پاکستان نہ آنے کے فیصلے پر پچھتانے لگے۔جنوبی افریقی بیٹسمین رلی روسو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ان غیرملکی کھلاڑیوں میں شامل تھے جنھوں نے 2017 میں لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے سے انکار کردیا تھا،بعد میں وہ نہ صرف پاکستان آئے بلکہ گلیڈی ایٹرز کے چیمپئن بننے کی مہم کا بھی حصہ رہے، اس بار انھوں نے ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیم کو گروپ مرحلے میں ٹاپ پوزیشن پر برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا،البتہ کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے مرحلے میں وطن واپس لوٹنے والوں میں رلی روسو بھی شامل تھے۔
انھوں نے ”کرک انفو“ کو انٹرویو میں کہا کہ بدقسمتی سے میں پی ایس ایل 2020 کا حصہ نہیں رہ سکا، ملتان سلطانز کی نمائندگی اور شاندار لوگوں کے ساتھ کھیلنا میرے لیے اعزاز ہے، زبردست میزبانی اور پی ایس ایل 5 کو میرے لیے یادگار بنانے کیلیے پاکستان آپ کا شکریہ‘۔
رلی روسو کو اس بات کا افسوس ہے کہ وہ 2017 میں پاکستان کیوں نہیں آئے، انھوں نے کہاکہ جب میں پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو بہت افسوس ہوتا ہے، تب سے میں ہر برس پاکستان آ کر میزبانی سے لطف اندوز ہورہا ہوں، میں نے ہمیشہ ہی خود کو یہاں پر محفوظ محسوس کیا، جو میں اب جانتا ہوں اگر اس وقت جانتا ہوتا تو شاید میرا فیصلہ مختلف ہوتا۔رلی روسو خاص طور پر ملتان میں کھیل کر کافی لطف اندوز ہوئے، انھوں نے کہا کہ ملتان میرے لیے بہت ہی خاص ہے، میں وہاں پر گزارے وقت سے کافی لطف اندوز ہوا، کراچی، لاہور اور پنڈی میں آپ لوگوں کی کرکٹ سے محبت دیکھتے ہوں گے مگر ملتان میں جو کچھ میں نے دیکھا اس سے محسوس ہوا کہ یہ کھیل اس ملک کیلیے کتنی اہمیت رکھتا ہے، مجھے امید اور میری خواہش ہے کہ سب کچھ پلان کے مطابق رہے اور پاکستان میں کرکٹ مکمل طور پر واپس لوٹ آئے۔
اپنی سابق ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بارے میں انھوں نے کہا کہ وہ میرے دل کے کافی قریب ہے، اس بار سفر اچھا نہیں رہا، عمر اکمل کی عدم موجودگی سے بھی فرق پڑا، امید ہے کہ وہ اگلے سیزن میں زبردست کم بیک کریں گے۔

بالی ووڈ گلوکارہ کنیکا کپور میں کورونا وائرس کی تصدیق

لکھنو(ویب ڈیسک) بالی ووڈ گلوکارہ کنیکا کپور بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔’بے بی ڈول‘، ’بیٹ پہ بوٹی‘ اور’امبرسریا‘ جیسے سپر ہٹ گانے گانے والی بالی ووڈ گلوکارہ کنیکا کپور نے اپنے انسٹاگرام اکاو¿نٹ پر تصدیق کی ہے کہ ان کا لکھنو میں کوویڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ گلوکارہ نے بتایا کہ گزشتہ 4 روز سے ان میں فلو کی علامات ظاہر ہورہی تھیں لہذا انہوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا۔ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر والوں کے ساتھ مکمل طور پر قرنطینہ یعنی الگ تھلگ کرلیا ہے اس کے علاوہ وہ طبی مشورے پر عمل کررہی ہیں کہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اب آگے انہیں کیا کرنا ہے۔کنیکا کپور نے کہا کہ جب وہ 10 روز قبل اپنے گھر واپس آرہی تھیں تو ایئرپورٹ پر انہیں معمول کے طریقہ کار کے مطابق اسکین کیا گیا تھا لیکن کورونا کی علامات محض 4 روز پہلے ظاہر ہوئیں۔کنیکا کپور نے تمام لوگوں سے خود کو قرنطینہ میں رکھنے کی درخواست کی اور کہا کہ اگر آپ لوگوں میں کورونا کی علامات ظاہر ہورہی ہیں تو فوراً جا کر اپنا ٹیسٹ کروائیں۔ میں اس وقت بہتر محسوس کررہی ہوں اور یہ بالکل عام زکام جیسا ہے جب کہ مجھے ہلکا سا بخار بھی ہے۔ بہرحال ہمیں اس وقت ایک باشعور شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے آس پاس کے لوگوں کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔کنیکا کپور نے اپنی پوسٹ کے آخر میں کہا کہ ہم سب اس صورتحال سے بغیر افراتفری اور خوف و ہراس کے صرف اسی صورت میں باہر آسکتے ہیں اگر ہم ماہرین اور اپنی مقامی، ریاستی اور مرکزی حکومت کی ہدایات کو سنیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے تمام لوگوں کو اپنا خیال رکھنے کی تاکید کی۔

پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی بند کردی

لاہور(ویب ڈیسک)پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی بند کردی، تمام جاری پروگرام معطل، کوچز کو چھٹی دیدی گئی، گھر سے ویڈیو لنک کے ذریعے معلومات کا تبادلہ کرتے ہوئے مستقبل کے پروگرام وضع کریں گے۔کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل 5کے سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی کیے جانے کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں قائم پی سی بی ہیڈکوارٹرز میں ہو کا عالم ہے، بورڈ کے زیر اہتمام تمام شہروں میں موجود اسٹیڈیمز میں بھی ہر طرح کی سرگرمیاں معطل ہیں، لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی غیر معینہ مدت کیلیے بند کردی ئی۔
تمام جاری پروگرام معطل کرتے ہوئے کوچز کو چھٹی دیدی گئی ہے، کھلاڑی کوچز کی مشاورت سے انفرادی طور پر گھروں میں ٹریننگ کریں گے، کوچز گھر سے ویڈیو لنک کے ذریعے معلومات کا تبادلہ کرتے ہوئے مستقبل کے پروگرام وضع کریں گے۔ پی سی بی ہیڈ کوارٹرز کو قبل ازیں 23مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا،ابھی اس بارے میں حتمی فیصلہ تو نہیں ہوا تاہم امکان یہی ہے کہ ملازمین کی رخصت طویل کردی جائے گی،فی الحال بھی میڈیا سمیت ضروری کام گھر سے ہی کیے جارہے ہیں۔لاہور بھر میں جاری کلب ٹورنامنٹ پہلے ہی ملتوی کیے جا چکے ہیں،کئی میدانوں پر تالے نظر آرہے ہیں۔

’’دانش‘‘ کے کردار کیلئے پیسے مانگے تھے اسلیے مجھے کردار نہیں دیاگیا، فیروز خان

کراچی(ویب ڈیسک)سابق اداکار فیروز خان نے انکشاف کیا ہے کہ ڈراماسیریل ”میرے پاس تم ہو“ میں انہوں نے دانش کاکردار اداکرنے کے لیے پیسے مانگے تھے جس کی وجہ سے انہیں یہ کردار نہیں دیا گیا۔اداکار ہمایوں سعید اور مصنف خلیل الرحمان قمر کے کیریئر کے سب سے کامیاب ڈرامے ”میرے پاس تم ہو“ نے جہاں مقبولیت کے کئی ریکارڈ توڑے، وہیں یہ تنازعات کی زد میں بھی رہا اور اب بھی مسلسل تنازعات میں الجھا ہوا ہے۔ پہلے اداکارہ سونیا حسین نے انکشاف کیا تھا یہ ڈراما انہیں آفر ہوا تھا لیکن انہوں نے ٹھکرادیا اور اب فیروز خان نے انکشاف کیا ہے کہ ”میرے پاس تم ہو“ انہیں آفر ہوا تھا لیکن جب انہوں نے ڈرامے میں کام کرنے کے پیسے مانگے تو انہیں ”دانش“کا کردار کرنے نہیں دیا گیا۔فیروز خان نے نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے میزبان کے کہنے پر خلیل الرحمان قمر کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ سے باہر نکلیں۔فیروز خان نے خلیل الرحمان قمر کے بارے میں کہا کہ وہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ لوگ انہیں کام کے سلسلے میں فون کرتے ہیں اور شاید میں نے انہیں کبھی ان کے اسکرپٹ پر کام کرنے کے لیے فون نہیں کیا۔میزبان نے پوچھا ڈراما سیریل ”میرے پاس تم ہو“ پہلے آپ کرنے والے تھے؟ جس پر فیروز خان نے کہا جی مجھے ڈرامے کا مرکزی ”دانش“کا رول آفر ہوا تھا جسے ہمایوں سعید نے ادا کیا ہے۔ میزبان نے پوچھا تو آپ نے یہ کردار کیوں نہیں کیا جس پر فیروز خان نے کہا میں نے یہ کردار ادا کرنے کے پیسے مانگے تھے۔ ہمایوں سعید نے مفت میں کام کیا تھا؟ جس پر فیروز خان نے کہا ہمایوں سعید کی وہ اپنی پروڈکشن تھی تو مجھے نہیں معلوم کہ انہوں نے کس طرح کیا۔ لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ جب میں نے پیسے مانگے تو خلیل صاحب کو یہ اچھا نہیں لگا ہوگا کہ کوئی اداکار ان کی اسکرپٹ کے لیے پیسے مانگ رہا ہے۔فیروز خان کی اس بات پر میزبان نے کہا اچھا تو کیا باقی اداکار مفت میں کام کرتے ہیں؟ جس کے جواب میں فیروز خان نے کہا مجھے نہیں پتہ لیکن جس طرح خلیل صاحب دعویٰ کررہے ہیں کہ اداکار میرے اسکرپٹ میں کام کرنے کے لیے مجھے فون کرتے ہیں تو ہوسکتا ہے وہ اداکار مفت میں کام کرتے ہوں گے۔ تاہم جب میں نے ڈرامے میں پیسے مانگے تو انہوں نےمنع کردیا، جس پر میں نے کہا ٹھیک ہے۔

ٹیکنوموبائل نے مہوش حیات کو برانڈ امبیسیڈر مقرر کر دیا،”کیمن 15“ 24 مارچ کو لانچ کیا جائیگا

لاہور (ویب ڈیسک) ٹیکنوموبائل کی جانب سے مہوش حیات کو برانڈ سفیر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ مہوش حیات Tecno موبائل کی نئی برینڈ امبیسیڈر ہونگی۔ کمپنی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ٹیزر ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں Camon 15 کی لانچ کی تاریح کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ پاکستان میں 24 مارچ کو لانچ کیا جائیگا ، جس کی لائیو کوریج پاکستان کے نامور ٹی وی چینل پر نشر ہوگی۔ مہوش حیات نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مقبول ہیں۔ حال ہی میں حکومت پاکستان کی جانب سے مہوش حیات کو تمغہ امتیاز سے بھی نوازہ گیا۔ صارفین 24 مارچ کو Tecno کے آفیشل فیس بک پیج پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ Tecno Mobile پاکستان کے جنرل مینجر Creek Ma نے اپنے نئے ماڈل کے لانچ کے لئے مہوش حیات کے اشتراک کو مثبت قرار دیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے صارفین کے لئے بہترین سمارٹ فون متعارف کرانے اور عمدہ معیار کو برقرار رکھنے کے لئے پر امید ہیں۔ متعارف ہونے والا نیا سمارٹ فون کیمن 15 صارفین کے لئے شاندار فون ثابت ہوگا۔

مسجد الحرام، مسجد نبوی میں جمعہ اور پنجگانہ نمازوں کی ادائیگی پر مکمل پابندی

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی حکام نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے اندرونی اور بیرونی حصے میں پنجگانہ نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر مکمل پابندی عائد کردی۔ عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق سعودی حکام نے اس سے قبل مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے علاوہ ملک بھر کی مساجد میں باجماعت نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔ تاہم اب نئے اقدامات کے تحت مسجد نبوی اور مسجد الحرام کے اندر اور باہر پنجگانہ نمازوں اور نماز جمعہ پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے اور نمازیوں کو مساجد میں داخلے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ مسجد نبوی کی انتظامیہ کی جانب سے مسجد کے دروازے بند کردیے گئے ہیں اور صرف چند متعلقہ حکام کو مسجد کے کمپاو¿نڈ تک جانے کی اجازت ہوگی۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہےکہ سیکیورٹی اور صحت کے حکام نے مسجد الحرام کے بیرونی حصے میں موجود اسکوائر میں بھی نمازیوں کی موجودگی پر پابندی عائد کی ہے جب کہ مسجد نبوی میں بھی کل سے اس پابندی کا اطلاق ہوگا۔

خاموش عالمی برادری لاک ڈاﺅن میں چلی گئی ، مشعال ملک

اسلام آباد(ویب ڈیسک) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کہتی ہیں کہ کرونا وائرس کے بعد دنیا بھر میں لاک ڈاو¿ن کی صورتحال عالمی برادری کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ اپنے ویڈیو بیان میں مشال ملک نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم پر خاموش عالمی برادری کی اکثریت لاک ڈاو¿ن میں چلی گئی ہے۔ دنیا کئی مہینوں سے لاک ڈاو¿ن میں ظلم کا شکار کشمیریوں کا ساتھ کیوں نہیں دے رہی۔ انہوں نے بتایا کہ یاسین ملک نے اپنی وصیت دنیا کیلئے بھجوا دی ہے جس میں انہوں نے اپنی موت کے بعد جسمانی اعضاءعطیہ کرنے کی وصیت کی ہے۔ یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ کسی صورت سرنڈر نہیں کریں گے۔ اس دلیر لیڈر نے موت کے بعد اپنا جسم بھی کشمیر قوم کیلئے وقف کر دیا ہے۔ مشال ملک نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کیلئے یاسین ملک نے اپنی جوانی اور اپنا خاندان قربان کر دیا ہے۔ کسی بھی جدوجہد آزادی میں اتنا زیادہ ظلم و جبر نہیں ہوا ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اتنے بڑے لیڈر اور مرد مجاہد یاسین ملک موت کے منہ میں ہیں۔