ملک بھر میں کووِڈ 19 کے کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی کے باعث حکومت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو بند کرنے کے لیے غور و خوص شروع کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈیٹا سے نمٹنے کی ذمہ داری نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول (این آئی ایچ-سی ڈی سی) کو دی جائے گی۔
اس ضمن میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ’اس فیصلے کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ ہم این سی او سی بند کرنا چاہتے ہیں۔
فیصل سلطان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ این سی او سی اور این آئی ایچ-سی ڈی سی دونوں ساتھ ساتھ کام کرسکتے ہیں اور پھر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ ذمہ داری این آئی ایچ سی ڈی سی کو سونپ دی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس صورت میں بھی این سی او سی کے کچھ عہدیداران کو این آئی ایچ سی ڈی سی منتقل کیا جائے گا۔
معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن نہیں کہ یہ معاملات ہمیشہ اس طرح چلائے جائیں، میں این سی او سی بند کرنے کی حتمی تاریخ نہیں بتاسکتا لیکن لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہم اسے ہمیشہ جاری نہیں رکھ سکتے۔

