منکی پاکس انفیکشن کے 11 ممالک میں کیسز رپورٹ

جنیوا: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ منکی پاکس انفیکشن کے 11 ممالک میں 80 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق منکی پاکس انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور جن ممالک میں منکی پاکس انفیکشن کے کیسز رپورٹ ہوئے ان میں فرانس، بیلجیم، جرمنی، آسٹریلیا، اسپین، برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ میں جگر کی بیماری کا پراسرار حملہ، 5 بچے ہلاک
عالمی ادارہ صحت کے مطابق منکی پاکس کے پھیلنےکی وجوہات معلوم کرنا پھیلنے سے روکنے سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ منکی پاکس انفیکشن کی علامات میں بخار، جسم کا درد اور دانوں کا نکلنا شامل ہے۔

پنجاب کا وزیراعلیٰ سیشن عدالت میں فرد جرم کیلئے حاضر ہے: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فواد چودھری نے کہا ہے کہ پنجاب کا وزیراعلیٰ آج سیشن عدالت میں فرد جرم کیلئے حاضرہے، سیاست میں جب اخلاقیات ہی نہیں ہوں گی تو مملکت ایسے ہی شرمناک واقعات کا سامنا کرے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جج صاحب اسے عام مقدمات کی طرح لیں تو ضمانت خارج ہوتی ہے اور دونوں جیل جاتے ہیں، لیکن ٹیکنیکل جسٹس نے دونوں کو جیل کے بجائے ایوان اقتدار میں بٹھا دیا۔
دوسری جانب فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کرائم منسٹر شہباز شریف کے حکم پر نیا اسپیشل پراسیکوٹر تعینات کیا گیا، ملزم نے تفتیشی ادارے کا وکیل اپنی مرضی کا لگوالیا، اب ایف آئی اے کے پراسکیوٹر نے شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت تمام ملزمان پر فوری فرد جرم عائد کرنے کی مخالفت کر دی۔
ادھر اسد عمر نے کہا کہ کل رات پولیس قیدیوں کی گاڑی کیساتھ بنی گالا پہنچی، نوجوانوں کی بڑی تعداد دیکھ کر واپس چلے گئے، اگر کوئی عمران خان کے خلاف حرکت کی تو جو ملک میں ہوگا اس کی ذمہ داری مکمل طور پر حکومت پر ہوگی، طاقت کے بل بوتے پر فیصلے کروا لو گے، یہ تمہاری غلط فہمی ہے۔

آرمی چیف سے ترک وزیر دفاع کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ترک وزیر دفاع نے ملاقات کی ہے، جس میں دو طرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششوں سمیت دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا۔ معزز مہمان نے علاقائی سلامتی اور روابط کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر پاکستان کے موقف کے لیے ترکی کی بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

عمران خان نے مریم نواز سے متعلق گھٹیا بیان دیا: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے مریم نواز سے متعلق گھٹیا بیان دیا، ان کے بیان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایف آئی اے عدالت کے باہر صحافیوں غیر رسمی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مائیں، بہنیں، بیٹیاں کیا سوچتی ہوں گی ایسا شخص ہمارا لیڈر ہونے کا دعوی کرتا ہے، مریم نواز بھی اس قوم کی بیٹی ہے، عمران خان کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔
دوسری جانب لیگی رہنما رانا ثناء کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی تقریر میں جس گھٹیا پن کا مظاہرہ کیا اس پر سبھی نے اپنا نقطہ نظر بیان کیا، ہم ایک مشرقی معاشرہ ہیں، ہمارے معاشرے کی اپنی روایات ہیں، ہماری خواتین یا بہنیں اپنے خاندان اور حرم کی عزت کی خاطر پوری پوری زندگی انتہائی نامسائد حالات میں گزار دیتی ہیں۔

دعا زہرہ کیس، نکاح خواں کے بعد گواہ بھی پولیس کے ہاتھ لگ گیا

کراچی : (ویب ڈیسک) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے دعا زہرہ کے اغوا کے مقدمے میں نکاح خواں اور گواہ کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔شاہ فیصل کی رہائشی دعا زہرا کا کیس اس وقت دلچسپ موڑ اختیار کرگیا جب دعا اور ظہیر کا نکاح نامہ جعلی قرار دیا گیا۔ پولیس نے دعا زہرا کے اغوا کے مقدمے میں گرفتار نکاح خواں اور گواہ کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو دعا زہرہ کے اغوا کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں نکاح خواں ملزم نے انکشاف کیا کہ نکاح میں نے نہیں نہیں پڑھایا میرا نام استعمال ہوا۔
سماعت کیلئے پولیس نے گرفتار نکاح خواں اور گواہ کو پیش کیا، جہاں ملزم غلام مصطفیٰ نے اہم انکشافات کیے، ملزم نے عدالت کو بتایا کہ میں نے نکاح نہیں پڑھایا، میرا نام استعمال کیا گیا جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ نکاح پڑھانے کا طریقہ کار بتایا جائے۔
عدالت نے ملزم اصغر سے استفسار کیا کہ نکاح میں وکیل کا کیا کردار ہوتا ہے۔ ملزم اصغر نے کہا کہ مجھے گواہ بنایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی افسر نے بتایا کہ مزید تین ملزمان کو گرفتار کرنا ہے، تفتیش کرنی ہے کہ واقعی ملزم نے نکاح پڑھایا بھی ہے یا نہیں۔
عدالت نے دونوں ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی

19 سالہ سعودی لڑکی آپریشن کے بعد لڑکا بن گئی

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں ایک لڑکی کے طور پر 19 برس تک زندگی گزارنے والی رائد جنسی تبدیلی کے بعد لڑکا بن گئی۔رائد جب پیدا ہوئیں تو ایک لڑکی تھیں تاہم 14 برس کی عمر میں ان کی آواز اور جسمانی ساخت میں تبدیلی ہونا شروع ہوگئیں جس پر والدین نے ڈاکٹر سے مشورہ کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹرز نے بلوغت کے بعد چیک اپ کے لیے آنے کو کہا تاکہ ضروری ٹیسٹس کیے جا سکیں۔ 19 سال کی عمر میں رائد کے جدید ترین ایکسرے ٹیکنالوجی کی رپورٹ میں رائد کے لڑکی نہیں بلکہ لڑکا ہونے کی تصدیق ہوگئی۔
رائد چند ضروری آپریشن کے بعد مکمل طور پر لڑکا بن گئے ہیں لیکن اپنی نوعیت کے واحد واقعے کی بنا پر معاشرے میں متعدد سوالات کھڑے ہوگئے ہیں اور کئی لوگ شکوک و شبہات کا اظہار کر رہے ہیں۔رائد کے والدین نے شناختی کارڈ سمیت اہم دستاویزات پر جنس کی تبدیلی کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

آئی جی اسلام آباد احسن یونس تبدیل،اکبر ناصر خان کو چارج دے دیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئی جی اسلام آباد احسن یونس کا تنادلہ کر دیا گیا، ڈاکٹر اکبر ناصر خان نئے آئی جی اسلام آباد ہوں گے۔
نئے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر اکبر ناصر خان کو آئی جی اسلام آباد تعینات کر دیا گیا ہے۔
احسن یونس کی خدمات پنجاب کے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ گریڈ 19 کے افسران سہیل ظفر چٹھہ اور یاسر آفریدی کی خدمات بھی وفاق کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
تبادلوں سے متعلق جاری کردہ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایس پی آپریشن محمد فیصل کو بھی تبدیل کر دیا گیا، ایس ایس پی آپریشنز محمد فیصل کی خدمات پنجاب کے حوالے کی گئی ہیں۔

مارگلہ ہلز پر آگ لگنے کا معاملہ، ٹک ٹاکر کا بیان جعلی: مشی خان

کراچی: (ویب ڈیسک) مارگلہ ہلز پر آگ لگا کر ٹک ٹاک بنانے والی ٹک ٹاکر کے وضاحتی بیان کو اداکارہ مشی خان نے جعلی قرار دے دیا۔
مشی خان نے انسٹاگرام سٹوری پر ڈولی سے متعلق چلنے والی خبروں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے رد عمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ٹک ٹاکر ڈولی نے اپنے ایک کمزور عمل کو چھپانے کے لیے ایک جھوٹی کہانی بنائی ، یقین سے کہہ سکتی ہوں کہ اس نے جھوٹ بولا ہے۔
مشی خان نے ٹک ٹاکر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ڈولی آپ کو قدرت کے مطالعے اور کچھ عقل کی ضرورت ہے ، اگر آگ لگی تھی تو رپورٹ کرتیں، ٹک ٹاک بنانی ضروری تھی ؟ اداکارہ نے اپنی سٹوری میں ڈولی کی ویڈیو کو مجرمانہ عمل قرار دیا۔
یاد رہے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ پہاڑی پر آگ لگی ہوئی ہے اور خاتون ٹک ٹاکر اس دوران ایک ویڈیو بنارہی ہے۔

مارگلہ ہلز میں آتشزدگی: ٹک ٹاکر ڈولی کی عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مارگلہ ہلز میں آتشزدگی کرکے ٹک ٹاک بنانے والی نوشین سعید عرف ڈولی کی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگا کر ٹک ٹاک بنانے کے کیس پر سماعت ہوئی جس میں ٹک ٹاکر نوشین سعید عرف ڈولی کی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔
ملزمہ کے وکیل نے کہا کہ میری موکلہ کے خلاف جو مقدمہ درج کیا گیا وہ علاقہ اسلام آباد کا نہیں ہے اور جس جگہ ٹک ٹاک بنائی گئی وہاں پر پہلے سے آگ لگی ہوئی تھی۔
عدالت نے ملزمہ کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو بھی آئندہ سماعت پر ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

الیکشن کروانے کی بات چیت چل رہی ہے، اس کو جلد فائنل کریں: شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) شیخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن کروانے کی بات چیت چل رہی ہے، اس کو جلد فائنل کریں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن کا مسئلہ افہام و تفہیم سے حل کرنا ہے یا جوڈو کراٹے سے کرنا ہے، جس طرح عدم اعتماد کی نااہل پالیسی نے معیشت تباہ کی، اسی طرح فیصلوں میں تاخیر مزید تباہی لائے گی، 31 مئی سے پہلے فیصلے کرلیں ورنہ گاڑی چھوٹ جائے گی۔