بلوچستان کے جنگلات میں آتشزدگی، پاک آرمی اور ایف سی کی جانب سےامداد جاری

بلوچستان : (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع شیرانی میں جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا۔ پاک آرمی اور ایف سی کی جانب سےامدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
وفاقی حکومت کی طرف سے آگ پر قابو پانے کے لیے بلوچستان حکومت کو بھرپور امداد جاری کردی گئی۔پاکستان رینجرز ونگ بلوچستان حکومت کے ماتحت امدادی کارروائیوں میں شرکت کر رہا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے جنگلات میں لگی آگ پرہیلی کاپٹر کے ذریعے قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔این ڈی ایم اے کی طرف سے بلوچستان حکومت کو آگ بجھانے کے لیے ضروری سامان کی فراہم کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت ،این ڈی ایم اے کی جانب سے بلوچستان کو ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرادی گئی ہے۔
محکمہ جنگلات کے مطابق آگ آسمانی بجلی گرنے یا مقامی طور پر آباد خانہ بدوشوں کی غفلت سے لگی ہے۔خشک موسم کےباعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے جب کہ آگ سے چلغوزے اور زیتون کے درختوں سمیت جنگلی حیات کو نقصان پہنچا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان کی رہائش گاہ پرپولیس کا چھاپہ

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی میں پی ٹی آئی کے رہنما عالمگیر خان کی رہائش گاہ پرپولیس کی بھاری نفری پہنچی اور اہل خانہ سے پوچھ گچھ کے بعد روانہ ہو گئی۔
پولیس نے عالمگیر خان کی رہائش گاہ پر اہل خانہ سے سوال وجواب کیے لیکن کسی شخص کوحراست میں نہیں لیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے واقعہ کےحوالے سےدرخواست گلشن اقبال تھانےمیں جمع کرا دی۔اطلاع ملنے پر دیگر رہنما اور کارکنوں کی بڑی تعداد رہائش گاہ کے باہر جمع ہوئی۔
میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنماوں کا کہنا تھا پولیس نے بغیر وارنٹ گھر میں داخل ہونے اوراہل خانہ کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ واقعہ پرپی ٹی آئی لائحہ عمل دے گی۔

پتا نہیں تھا کہ عمران خان کو نکالنےکے بعد ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے جائیں گے،وزیر داخلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیرداخلہ راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ ہمیں نہیں پتا تھا کہ عمران خان کو نکالنےکے بعد ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کو چاروں اطراف سے بریکٹ کیا جا رہا ہے۔ اگر آئی ایم ایف ہمارا ہاتھ نہیں پکڑتا تو پھر ملک وہ سنبھالیں جو حالات کے ذمہ دار ہیں۔پٹرول کی قیمت آئی ایم ایف کے مطابق بڑھانے سے بھی صورتحال نہیں سنبھلتی۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ معیشت کا بھٹہ ہم نے نہیں بٹھایا تو ذمہ داری کیوں لیں۔ اگر آئی ایم ایف ہمارے ساتھ ہوتا ہے تو ملک سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔ مہنگائی کے جن کو بھی قابو کرلیں گے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ حکومت پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔ اداروں سے اپنے لیے نہیں بلکہ ملک کے لیے مدد چاہتے ہیں۔اس وقت ہمیں نہیں ملک کو ادارے کی مدد کی ضرورت ہے۔
انکا کہنا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا احترام کرتےہیں مگر اس طرح حکومت نہیں چلتی۔ اس قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کردیاگیاہے۔جب تک ادارے اور سیاسی جماعتیں ملکر کوشش نہیں کرتے بحرانوں سے نہیں نکل سکتے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہماری نظر میں عمران خان کی ڈیڈلائن کی کوئی اہمیت نہیں۔جو ماحول اس شخص نے پیدا کیا ہے اس میں الیکشن میں نہیں جاسکتے۔الیکشن میں لوگ آمنے سامنے ہوں گے۔

ایف آئی اے کی شہباز شریف سمیت تمام ملزمان پر فوری فرد جرم عائد کرنے کی مخالفت

لاہور: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے شہباز شریف سمیت تمام ملزمان پر فوری فرد جرم عائد کرنے کی مخالفت کر دی۔ اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ گزارش ہے چالان میں اشتہاری ملزموں کیخلاف ضابطے کی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے سلمان شہباز سمیت دیگر کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ایف آئی اے سنٹرل کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے شہباز شریف سے استفسار کیا یہ کیسی سکیورٹی ہے کہ سائلین کا داخلہ بند کر دیا گیا ؟ ایسا تو کبھی نہیں دیکھا جو حالات اس عدالت کے باہر ہوگئے۔ عدالت نے فوری سکیورٹی انچارج کو طلب کرلیا۔ شہباز شریف نے عدالت کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جناب میں اس سارے معاملے کو دیکھتا ہوں۔
سماعت کے دوران وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ 2008 سے 2018 کے دوران الزامات لگائے گئے، بہت سے الزامات کو پراسیکیوشن ٹیم نے چالان میں ختم کر دیا، کہا گیا فیک کمپنیوں کے ذریعے معاملات کو چلایا گیا، کہا گیا ایک اکاؤنٹ میں 2 ارب سے زائد کی ٹرانزیکشنز ہوئیں، ایف آئی آر اور چالان میں زمین آسمان کا فرق ہے، شہباز شریف کیخلاف تحقیقات کی سربراہی سابق مشیر احتساب نے کی۔
وزیراعظم شہباز شریف روسٹرم پر آئے اور کہا کہ لندن کرائم ایجنسی نے تحقیقات کیں، ایک دھیلے کی بھی کرپشن کی ہوتی تو آج لندن نہیں جا سکتا تھا، میں نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی، میرے خلاف دبئی، فرانس، سوئٹزرلینڈ میں تحقیقات کرائی گئیں، پونے 2 سال تحقیقات ہوئیں، جلا وطنی میں لندن اور امریکا میں قیام کیا، میرے پاس حرام کا پیسہ نہیں تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میرے تمام اثاثے ایف بی آر میں رجسٹرڈ ہیں، تحقیقات میں کرپشن کا ایک روپیہ بھی ثابت نہیں ہوسکا، برطانیہ میں رہا، کشکول تو نہیں اٹھانا تھا، وہاں کاروبار کیا، میرے خلاف کرپشن کے سیاسی کیسز بنائے گئے۔

عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر پولیس کا سرچ آپریشن، کارکن خیموں سے نکل آئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بنی گالا میں رات گئے عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس سرچ آپریشن کے لیے پہنچی، پولیس کی آمد پر کارکن خیموں سے باہر نکل آئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مارچ سے پہلے سیاسی پارہ بڑھنے لگا، کیپٹل پولیس رات گئے بنی گالا کے باہر پہنچ گئی۔ پولیس کے اعلیٰ افسران بھی نفری کے ہمراہ بنی گالا پہنچے، بکتر بند گاڑیاں، قیدیوں کی وین، سی ٹی ڈی، بم ڈسپوزل سکواڈ اور سپیشل برانچ کی نفری بھی پولیس کے ہمراہ تھی۔
پولیس دیکھ کر عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر خیبرپختونخوا سے آئے تحریک انصاف کے 200 سے زائد کارکن خیموں سے باہر نکل آئے اور ڈنڈے پکڑے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ علی امین گنڈا پور بھی بنی گالا پہنچ گئے۔
پولیس کے مطابق وہ کسی کارکن کو گرفتار کرنے کے لیے نہیں بلکہ بنی گالا کے باہر سرچ آپریشن کے لیے آئی تھی، تاہم ایک گھنٹے تک کھڑی رہنے والی اسلام آباد پولیس بنا کسی سرچ آپریشن کے واپس روانہ ہوگئی۔

ایشیا کرکٹ کپ کے انعقاد کے لئے بنگلہ دیش میں تیاریاں

کولمبو: (ویب ڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے زیر اہتمام ایشیا کپ 2022 کی میزبانی بنگلہ دیش کے سپرد ہونے کے امکانات بڑھ گئے۔ کرکٹ پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے سری لنکا کو ایشیا کپ 2022 کی میزبانی کا موقع دیا گیا تھا تاہم ملک کی بگڑتی سیاسی صورتحال اور معاشی بحران کے باعث بنگلہ دیش کو ایشیاکپ کی میزبانی ملنے کا امکان ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل نے سری لنکا کی موجودہ صورتحال پر غور کرتے ہوئے دیگر آپشنز پر غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے قبل لنکن کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سری لنکا اس وقت تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین سیاسی تناؤ، متحدہ عرب امارات اور عمان میں گرمی کی شدید لہر کے باعث بنگلہ دیش واحد آپشن ہے جہاں ایونٹ کے انعقاد پر غور کیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا بھی سری لنکا کے آئندہ ماہ ہونے والے دورے کے حوالے سے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کو تین ٹی ٹوئنٹی ، پانچ ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔ قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان کے آئندہ دورے سے ون ڈے سیریز کو ختم کرنے کی درخواست بھی قبول کرلی۔ سری لنکا میں جاری بحران کے باوجود پی سی بی جولائی، اگست کے آخر میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے پر مطمئن ہے۔

سہ ملکی سیریز: پاکستان نے کیوی بورڈ کو باضابطہ جواب دے دیا

آکلینڈ: (ویب ڈیسک) تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے سے متعلق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی پیشکش پر پی سی بی جواب دے دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کو تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کی دعوت دی گئی تھی، جس پر پی سی بی نے بھی سیریز کھیلنے کی دعوت قبول کرلی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ، پاکستان اور بنگلہ دیش سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلیں گے، سیریز رواں برس اکتوبر، نومبر کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ہوگی، تمام میچ کرائسٹ چرچ میں ہوں گے ، پاکستان کی جانب سے تصدیق کے بعد سیریز کے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائیگا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا: محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم شدید گرم رہے گا۔ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج بھی ملک کے اکثر علاقوں میں موسم گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ ملتان اور ڈی جی خان میں درجہ حرارت تینتالیس، بہاولپور میں پارہ چھیالیس تک جانے کا امکان ہے۔ سندھ میں موہنجو دوڑو اور نوابشاہ میں درجہ حرارت اڑتالیس، دادو میں انچاس تک جانے کی توقع ہے۔ بلوچستان میں سبی، نوکنڈی اور تربت شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

کشمیر پریمیئر لیگ،کوہلی کی آمد کا علم نہیں: دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین ویرات کوہلی کی پاکستان آمد کا علم نہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی کے پاکستان میں بے شمار مداح ہیں، اگر وہ پاکستان آنا چاہتے ہیں تو بھارتی کرکٹ بورڈ فیصلہ کرے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان چینی باشندوں کو بہترین سیکورٹی فراہم کررہا ہے، کراچی واقعے کے بعد چینی باشندوں کی واپسی کی خبریں من گھڑت ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ چینی اساتذہ گرمی کی تعطیلات گزارنے چین گئے ہیں، جو پاکستان واپس آجائیں گے۔ کسی کو پاک چین دوستی خراب کرنے نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے صدر عارف ملک نے سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو لیگ میں شامل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ویرات کوہلی کو باقاعدہ طور پر دعوت نامہ بھیجا جارہا ہے۔

صحافی عزیز میمن قتل کیس ،مرکزی ملزم گرفتار

صحافی عزیز میمن کے قتل کے مرکزی ملزم مشتاق سہتو کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کی گرفتاری پر سندھ حکومت نے 10 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) نوابشاہ امیر سعود مگسی کے مطابق مشتاق سہتو کو نوابشاہ پولیس نے خیرپور سے گرفتار کیا۔

عزیز میمن قتل کیس کے 6 ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے، مقدمے میں نامزد ایم این اے محراب پور ابرار شاہ ضمانت پر ہیں۔
یاد رہے کہ صحافی عزیز میمن کو 16 فروری 2020 کو نوشہرو فیروز کے علاقے محراب پور میں قتل کردیا گیا تھا۔