اظہر علی کی کاﺅنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بیٹر اظہر علی نے رواں کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ڈبل سنچری اسکور کردی۔

اظہر علی اپنی شاندار پرفارمنس کی بدولت رواں کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے۔

اس سے قبل شان مسعود ڈربی شائر کی نمائندگی کرتے ڈبل سنچری بناچکے ہیں۔

اظہر علی نے وورسسٹرشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے لیسسٹرشائر کے خلاف 328 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی۔

پاکستانی بیٹرکی یہ کاؤنٹی کرکٹ کیرئیر میں پہلی ڈبل سنچری ہے، اس دوران انہوں نے 18 چوکے اور 1 چھکا لگایا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو دھمکی، بم ڈسپوزل اسکواڈکی ٹیم بنی گالہ پہنچ گئی

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو دھمکی ملنے پر اسلام آباد میں بنی گالہ کے اطراف سرچ آپریشن کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بنی گالہ کے اطراف سرچ آپریشن کیا۔

پولیس کی آمد پر خیموں میں موجود پی ٹی آئی کارکن باہر نکل آئے اور حکومت کیخلاف نعرے لگائے جبکہ کچھ دیر بعد وہاں سے پولیس واپس چلی گئی۔

رہنما تحریک انصاف علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بنی گالہ کے باہر موجود ہیں، کوئی مسئلہ نہیں۔

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نےاپنی جان کو لاحق خطرے سے متعلق خدشہ ظاہر کیا تھا۔

عمران خان نے کہا تھا کہ میری جان کو خطرہ ہے، میرے خلاف ہوئی سازش کا گزشتہ سال اگست سے معلوم ہے۔

واضح رہے کہ فیصل واؤڈا نے بھی کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو قتل کی دھمکی بھی دی گئی ہے، انہیں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

رجن کپور کا بہن ،کزن کوفلموںمیں آنے کا مشورہ

بالی ووڈ اداکار اور معروف پروڈیوسر بونی کپور کے بیٹے ارجن کپور نے اپنی سوتیلی بہن خوشی کپور اور کزن شنایا کپور کو ان کے بالی ووڈ کیریئر کے حوالے سے مشورہ دیا ہے۔

یاد رہے کہ خوشی کپور زویا اختر کی آئندہ آنیوالی فلم دی آرچیز سے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کررہی ہیں۔ جبکہ بونی کپور کے بھائی سنجے کپور کی بیٹی شنایا کپور کرن جوہر کی فلم ’بےدھڑک‘ سے اپنا بالی ووڈ کیریئر ڈیبیو شروع کررہی ہیں۔

ارجن کپور نے خوشی کپور اور شنایا کپور مشورہ دیا ہے کہ ’سنو سب کی، کرو اپنی‘

ارجن کپور جنہوں نے 2012 میں پرینیتی چوپڑا کے ساتھ فلم ’عشق زادے‘ سے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کیا تھا، ایک انٹرویو میں اپنی بہن خوشی کپور اور کزن شنایا کپور کی آنے والی پہلی فلموں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ان سے کہا ہے کہ سنو سب کی، کرو اپنی۔

انہوں نے کہا کہ جب ایک نکتے پر جھانوی تذبذب کا شکار ہوئیں کہ گونجن سکسینا کے ساتھ کام کریں یا نہیں، تو اس وقت بھی میں نے اسے یہی کہا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان کے گھر پولیس کا چھاپہ

کراچی میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) رہنما عالمگیر خان کے گھر پر پولیس کی جانب سے چھاپہ مارا گیا، جس دوران کئی اہل کار مبینہ طور پر ان کے گھر میں داخل ہوگئے۔

عالمگیر خان کے گھر پر پولیس کے چھاپے کی تحریک انصاف نے مذمت کی اور کار کنوں نے احتجاج کیا۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس پیپلزپارٹی کا عسکری ونگ بنی ہوئی ہے، سندھ حکومت کا احتساب جلد ہوگا۔

پی ٹی آئی رہنما سیف الرحمٰن نے کہا کہ چھاپے کے وقت عالمگیر خان گھر پر نہیں تھے۔

مبینہ چھاپے کے خلاف پی ٹی آئی رہنماؤں نے گلشن اقبال تھانے میں درخواست جمع کرادی ہے

شاہ رخ اور امیتابھ بچن سمیت دیگر بالی ووڈ اسٹارز پر مقدمہ

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکاروں شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، اجے دیوگن اور رنویر سنگھ کو گٹکے اور تمباکو برانڈ کی تشہیر کرنا مہنگا پڑ گیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان فلم سٹارز کے گٹکے اور تمباکو برانڈ کے اشتہار میں کام کرنے پر تمنا ہاشمی نامی سوشل ایکٹویسٹ کی جانب سے مقامی عدالت میں مقدمہ درج کرایا گیا جبکہ کیس کو سماعت کے لیے بھی مقرر کرلیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ رخ، امیتابھ، اجے اور رنویر کو بہار کورٹ میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مدعی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ معروف فلمی شخصیات اپنی شہرت کا غلط استعمال کررہے ہیں۔تمنا ہاشمی کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ سٹارز کو بچے اور کم عمر لڑکے لڑکیاں بھی فالو کرتی ہیں اگر وہ گٹکے اور تمباکو جیسے برانڈ کی تشہیری مہم میں شامل ہوں گے تو مداحوں کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور وہ بھی غلط اشیا کا استعمال کرسکتے ہیں۔خیال رہے کہ مذکورہ بھارتی اداکاروں کے خلاف کیس کی پہلی سماعت بہار کورڈ میں رواں ماہ 27 مئی کو ہوگی۔

کشمیر کو اٹوٹ انگ کہنے پر پاکستان کا بھارت کو سخت جواب

اسلام آباد: بھارتی سفارت کار کی جانب سے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دینے پر پاکستان نے بھارتی حکومت کو سخت جواب دیا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی سفارت کار کی جانب سے جموں و کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ انگ قرار دینے پر اقوام متحدہ میں تعینات پاکستانی قونصلر عمران خان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ رہا ہے اور نہ اب اس پر ہندوستان کا کوئی حق ہے، جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی قرار داد کی روشنی میں ایک متنازع خطہ ہے جس کے مستقبل کے فیصلے کا اختیار اہل کشمیر کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان جموں و کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار داد کو تسلیم کرچکا ہے اور اب اس پر عمل درآمد ہونا ہے، بھارتی مؤقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد کی سات دہائیوں سے مسلسل خلاف ورزی ہے، ہندوستان جموں و کشمیر میں جغرافیائی تبدیلیاں کرکے وہاں کی مسلم آبادی کو ہندو آبادی کے مقابلے میں اقلیت بنانے کی کوشش کررہا ہے۔

روس کا فن لینڈ کی گیس سپلائی بند کرنے کا فیصلہ

ماسکو: (ویب ڈیسک) فن لینڈ نے سیکورٹی خدشات کے مدنظر نیٹو میں شمولیت کی درخواست دی تھی جس کے بعد روس نے فن لینڈ کی گیس سپلائی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق نیٹو کی رکنیت کے لیے درخواست دینے کے بعد روس فن لینڈ کو قدرتی گیس کی برآمد روک رہا ہے۔ روسی سرکاری توانائی کے ادارے Gazprom نے فن لینڈ کی کمپنی Gasum کو اس فیصلے سے خبردار کردیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ روس ہفتے کی صبح 4 بجے کے قریب سپلائی میں کمی کرنا شروع کردے گا۔
کریملن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اس نے یہ فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ فن لینڈ نے روبلز کرنسی میں گیس کی ادائیگی سے انکار کیا جس کا مطالبہ پوٹن حکومت نے مغربی پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد کیا تھا۔
تاہم دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بلغاریہ اور پولینڈ کی گیس سپلائی بند کرنے کے بعد فن لینڈ کی یہ حالیہ بندش نیٹو میں شامل ہونے کی درخواست سے منسلک ہے۔

خاتون رکن کے مستعفی ہونے کے بعد اسرائیلی حکومت پارلیمنٹ میں اکثریت کھو بیٹھی

تل ابيب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی رکن پارلیمنٹ غیدہ ریناوی عہدے سے مستعفی ہوگئیں جس کے بعد ایک مرتبہ پھر اسرائیل میں عام انتخابات کا میدان سجنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل بائیں بازو کی جماعت میرٹس سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن پارلیمنٹ غیدہ ریناوی نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر اسرائیلی فورسز کے تشدد اور خاتون صحافی شیرین ابوعاقلہ کی بہیمانہ موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔
خاتو رکن پارلیمنٹ نے وزیراعظم نفتالی بیننٹ اور وزیر خارجہ یائر لیپڈ کو بھیجے گئے خط میں اپنے مستعفی ہونے سے متعلق بتایا اور حکومت میں دائیں بازو کی جماعت کی گرفت مضبوط ہونے اور مسلمانوں کیخلاف متعصبانہ کارروائیوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔
خاتون رکن پارلیمنٹ کے مستعفی ہونے سے وزیراعظم نفتالی بیننٹ کی حکومت پارلیمنٹ میں اکثریت کھوچکی ہے۔
غیدہ ریناوی کے پارلیمانی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے بعد اسرائیل کی موجودہ اتحادی حکومت کل 120 میں سے صرف 59 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپڈ نے کنیسیٹ کی رکن غیدہ ریناوی کو رواں برس فروری میں شنگائی کیلئے اسرائیل کی پہلی خاتون قونصل جنرل تعینات کیا تھا جو خواتین کیلئے ایک اہم سنگ میل تھا۔
اسرائیلی عرب خاتون پارلیمانی رکن کے مستعفی ہونے پر نیتن یاہو کی سربراہی میں اپوزیشن نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جس پر آئندہ بدھ کو رائے شماری(ووٹنگ) کی جائے گی۔
اس ووٹنگ کے دوران اگر 61 ووٹ اسمبلی تحلیل کرنے کے حق میں آگئے تو نفتالی بیننٹ وزارت عظمیٰ سے محروم ہوجائے گیں اور قوی امکان ہے کہ رواں برس ستمبر میں اسرائیل میں عام انتخابات کا انعقاد ہوجائے۔
واضح رہے کہ اسرائیل میں تین برس میں 4 مرتبہ عام انتخابات کا انعقاد ہوچکا ہے اگر پارلیمنٹ تحلیل ہوئی تو 40 ماہ کے دوران اسرائیل میں پانچویں مرتبہ عام انتخابات کا میدان سجے گا۔

چاہتا ہوں ڈالر میرا 210 رنز کا ریکارڈ نہ توڑے: فخر زمان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارحانہ اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ اچھی بات یہ ہے کہ رمیز راجہ نے معاوضہ بڑھانے کا کہا، چاہتا ہوں ڈالر میرا 210 رنز کا ریکارڈ نہ توڑے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان کا کہنا تھا کہ گرمی میں کھیلنے کے عادی ہیں، باؤلرز کو تھوڑی مشکلات ہوتی ہیں، ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے تیاریاں جاری ہیں، چاہتا ہوں کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاپ سکورر بنوں، ہمارے شائقین کرکٹ نے آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو بھی بہت سپورٹ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کافی عرصے بعد کسی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا جو خوش آئند ہے، کنڈیشننگ کیمپ میں بھاگ دوڑ زیادہ ہوتی ہے، کیمپ میں زیادہ تر فٹنس پر کام ہوتا ہے، رمیز راجہ نے ملاقات میں کافی سپورٹ کیا، اچھی بات یہ ہے کہ رمیز راجہ نے معاوضہ بڑھانے کا کہا، چاہتا ہوں ڈالر میرا 210 رنز کا ریکارڈ نہ توڑے، معاوضوں کے بڑھنے سے ہماری کرکٹ کو فائدہ ہوگا۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ہمارا سارا فوکس اس وقت ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے، پروفیشنل کھلاڑی ہر طرح کی صورتحال کیلئے تیار ہوتے ہیں، بابر اعظم اور محمد رضوان اوپننگ میں اچھا کر رہے ہیں۔

دیوقامت اژدھے نے سڑک بلاک کردی

براسیلیا: (ویب ڈیسک) برازیل کی سڑک پر دیوقامت اژدھا دیکھ کر لوگ دم بخود رہ گئے، سانپ نے تھوڑی دیر کے لیے ٹریفک بھی بلاک کیے رکھا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برازیل کی مصروف ترین شاہراہ کے اطراف سے اچانک طویل القامت اژدھا نمودار ہوا اور سڑک پار کرکے آگے کی جانب چلتا بنا، اس دوران سانپ کے گزرنے تک شہریوں نے اپنی گاڑیاں خود ہی روک لیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ چند لوگ سانپ کے گرد بھی جمع ہوگئے اور چند لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ تھوڑے وقفے کے لیے اپنی گاڑیاں روکے رکھیں تاکہ اژدھا سڑک پار کرکے گزر جائے۔
سانپ کو سڑک پر دیکھ کر راہ چلتے شہری اور ڈرائیورز خوف کا شکار ہوئے جبکہ وہاں موجود کئی لوگوں نے ویڈیوز اور تصاویر بھی بنائیں۔