جن عزت داروں کے گھروں میں مائیں بہنیں ہوں وہ ایسی زبان استعمال نہیں کرتے،آصف زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے متعلق سابق وزیر اعظم عمران خان کی نازیبا زبان استعمال کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
آصف علی زرداری کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ ‘جن عزت داروں کے گھروں میں مائیں بہنیں ہوں وہ ایسی زبان استعمال نہیں کرتے’۔
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘خدارا اس سیاست میں اتنے نیچے نہ گر جاؤ۔
سابق صدر آصف زرداری نے مزید کہا کہ مائیں، بہنیں بیٹیاں سب کی سانجی ہوتی ہیں، یہ ہی پیغام بی بی شہید چھوڑ کر گئی ہیں۔
خیال رہے کہ ملتان جلسے سے خطاب میں عمران خان نے ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو’۔

ملک کی تمام خواتین کوعمران خان کی اس گھٹیا سوچ کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے: حمزہ شہباز

لاہور: (ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بھی عمران خان خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کے بارے میں عمران نیازی کی بازاری سوچ قابل مذمت ہے، اخلاقیات، روایات اور سیاست کا جنازہ نکالنے کے بعد اب عمران نیازی خواتین پر رکیک حملے بھی کر رہا ہے، ملک کی تمام خواتین کو اس گھٹیا سوچ کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی بد زبانی ہمارے سیاسی کلچر کے طور پر بڑھانا نئی نسل کے لئے زہر قاتل ہے، عمران نیازی ملک میں انارکی کے ساتھ غلیظ خیالات کی ترویج اور اخلاقیات کا جنازہ نکالنے پر بھی تلا ہوا ہے، خواتین کے بارے میں اس کے بازاری خیالات قوم کے سامنے ہیں۔

مسجد نبوی کی حرمت کا پاس نہ کرنے والوں سے بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع، وزیراعظم

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کیخلاف زبان درازی پر خواتین سمیت پوری قوم مذمت کرے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ تاریخ کا پہلا شخص ہے جو ایک جماعت کے سربراہ کے طور پر بدتہذیبی کے اس پاتال میں جا گرا ہے، قوم بنانے نکلے تھے اور قوم کے اخلاق کو ہی بگاڑ دیا، انا للّٰہ وانا الیہ راجعون!۔
ایک اور ٹوئٹ میں شہباز شریف کا لکھنا تھا کہ بیٹی مریم نواز شریف کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پرزور مذمت کریں، کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کے خلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے، مسجد نبویﷺ کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ ملتان جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو۔‘

سابق صدر آصف زرداری کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق صدرآصف زرداری کی جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے امیر مولانا فضل الرحمان سےملاقات ہوئی ہے۔
آصف زرداری اورمولانا فضل الرحمان نے موجودہ سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام فیصلے قومی حکومت کی مشاورت سےکر رہےہیں،مستقبل میں بھی تمام فیصلے مشاورت سےکریں گے۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان پہلے ہے اور سیاست بعد میں، تمام اقدامات پاکستان کی بہتری کیلئے کریں گے، قومی حکومت ہی ملک کو سابق حکومت کے بنائے بھنور سےنکال سکتی ہے۔

عمران خان زبان کو لگام دو ورنہ زبان ہمیں کھینچنا آتی ہے، رانا ثنا کا سخت ردعمل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز سے متعلق نامناسب بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ عمران خان اپنی زبان کولگام دو، ورنہ گندگی پھیلانے والی زبان ہمیں کھینچنا آتی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ مریم نواز کے متعلق جملے بازی کرکے پوری قوم کی خواتین کی توہین کررہےہو، عمران خان کی گندی تربیت اور کردار کا عکس ہے، یہ ہے وہ لوفر جو وزیراعظم کی کرسی پر چار سال گند پھیلاتا رہا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ عمران خان نے معاشرے کی اخلاقی قدروں کا بھی جنازہ نکال دیا ہے، عمران خان کا منہ گندا نالا بن چکا ہے، ہم نے اپنا جذبہ اور جنون دکھایا تو عمران نیازی سے برداشت نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ ملتان جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو۔‘

مجھے آئی پی ایل میں شامل کرنے والی ٹیم خوش قسمت ہوگی، عامر خان

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے کہا ہے کہ مجھے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شامل کرنے والی ٹیم خوش قسمت ہوگی، بھارتی ٹیم کے سابق کپتان روی شاستری کو میری سفارش کرنی چاہیے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف اداکار نے گزشتہ ہفتوں ایک ویڈیو بنائی تھی جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ اچھی کرکٹ کھیلتا ہوں، مجھے بھی آئی پی ایل میں شامل کیا جائے، جس پر روی شاستری نے اپنا ردعمل دیا کہ عامر خان کو ’فوٹ ورک‘ پر کام کرنے کی ضررت ہے جس کے بعد شاید کوئی ٹیم انہیں اپنے ساتھ رکھ لے۔
سابق بھارتی کپتان اور کوچ کے ردعمل پر عامر خان نے نئی ویڈیو جاری کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ روی شاستری کے تبصرے سے مجھے مایوسی ہوئی، میرا فوٹ ورک بالکل ٹھیک ہے اور یہ جاننے کے لیے روی کو ’لگان‘ فلم دیکھنا ہوگی۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ جو بھی آئی پی ایل کی ٹیم مجھے موقع دے گی وہ خوش قسمت ٹیم ہوگی اور روی کو صحیح سے میری سفارش کرنی چاہیے۔

شیخ رشید کی ملتان جلسے میں طبیعت خراب

ملتان: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی ملتان جلسے میں طبیعت خراب ہوگئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شیخ رشید کی سٹیج پر گرمی کے باعث حالت خراب ہوئی، گرمی اور حبس کے باعث بلڈ پریشر کم ہوا۔
اس حوالے سے ریسکیو حکام کہا کہنا تھا کہ ابتدائی طبی امداد کے بعد شیخ رشید کی حالت بہتر ہے، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو جلسہ گاہ سے نجی ہوٹل منتقل کر دیا گیا۔

مریم سے متعلق عمران خان کی گفتگو پر سعد رفیق کا ردعمل سامنے آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ملتان جلسے میں مریم نواز کے حوالے سے کی جانے والی گفتگو پر ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
‏خواجہ سعد رفیق کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ مخالفین کی ماؤں بہنوں کے بارے میں بدکلامی کرنے والا عمران وہ بدبخت ہے جس پر شیاطین اترتے ہیں۔
اپنی ٹوئٹ میں سعد رفیق نے کہا کہ تم یقیناً تباہی کی راہ پر ہو، ‏گواہ رھنا ! یاد رکھنا ! تم گمراہی کے راستے پر ہو اسی راہ پر اپنے منطقی انجام تک پہنچو گے۔‘
خیال رہے کہ ملتان جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو۔‘

کوئٹہ کے جنگلات میں آتشزدگی پر مظاہرین کا اہم شاہراؤں پر احتجاج، وزیراعظم کا نوٹس

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) پلاسپن کے جنگلات میں لگی آگ پانچ کلومیٹر سے زائد جنگل کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے، 12 روز سے جاری خوفناک آتشزدگی کے باعث صنوبر اور چلغوزے کے ہزاروں قیمتی درخت جل کر خاکستر ہوچکے ہیں، جب کہ آگ پر قابو پانے کی خاطر تین افراد جھلس کر جاں بحق ہوچکے ہیں۔
پنجاب، خیبرپختون خوا اور بلوچستان کے سنگھم میں واقع خوبصورت ضلع موسیٰ خیل کے علاقے میں پلاسپین کی جنگلات میں گزشتہ 12 روز سے لگی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا، جب کہ اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش میں تین افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔
آگ کو بے قابو ہوئے 12 روز گزر گئے مگر صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس پر علاقہ مکینوں کی جانب سے شدید مظاہرہ کیا جارہا ہے۔
جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین نے ڈی آئی خان اور کوئٹہ کی اہم شاہراؤں کو ہر قسم کی ٹریفک کےلیے بند کردیا ہے۔
اسپتال ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ آگ بجھانے کی کوشش میں اب تک تین افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوچکے ہیں جب کہ آگ کی لپیٹ میں آکر چلغوزے، دیودار، پلوس، صنوبر اور زیتون کے کروڑوں روپے کے ہزاروں درخت جل کر خاکستر ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ کو ایک ہیلی کاپٹر سے بجھانا تاحال ممکن نہیں ہوسکا ہے کیوں کہ 9 مئی کو لگنے والی آگ اب تک جنگل کے پانچ کلو میٹر سے زائد علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔؎
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹر ژوب ائیرپورٹ پر موجود ہےجو امدادی کارروائیوں میں حصہ لے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں صنوبر کے درختوں کو آگ لگنے کا نوٹس لیا اور آگ بجھانے کی کوشش میں جاں بحق افراد کی موت پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جنگلات کی آگ پر قابو کےلیے ہنگامی امداد کے وفاقی اداروں کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی یے۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر سات کلومیٹر کے دائرے میں لگی آگ کو بجھانے کے لئے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت دیں اور واقعے کی تحقیقات کرنے کا بھی حکم دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ذمہ داروں کا تعین کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور بڑے برن سینٹرز منتقل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہیں۔

بار بار میرا نام لیتی ہو، مریم تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ناراض نہ ہوجائے، عمران خان

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران نے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے تقریر پر نامناسب تبصرہ کیا ہے۔
ملتان میں جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو‘۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ویسے میں ہمیشہ سوچتا ہوں کہ ان کو اتنا زیادہ مجھ پر غصہ ہے کیوں؟ میں نے ان کا کیا بگاڑا ہے؟ ان کے کیسز تو پرانے بنے ہوئے ہیں، مقصود چپڑاسی کے علاوہ سارے کیسز پرانے ہیں۔
دوسری جانب عمران خان کے مریم نواز سے متعلق بیان پر سوشل میڈیا پر تنقید شروع ہوگئی ہے۔