ایران: مہنگائی کیخلاف مظاہروں نے تہران سمیت 6 صوبوں کو لپیٹ میں لے لیا

تہران: (ویب ڈیسک) ایران میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت مخالف مظاہرے دارالحکومت تہران سمیت کم از کم چھ صوبوں تک پھیل گئے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق رواں ماہ کے شروع میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے سبسڈی کم کرنے کی منظوری دی تھی۔ اس اقدام کے نتیجے میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ حکومت نے کچھ بنیادی اشیاء جیسے کوکنگ آئل اور ڈیری مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا۔
ہفتے کے آغاز تک مظاہروں نے دارالحکومت تہران کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ اس سے قبل اصفہان، چہارمحل اور بختیاری سمیت دیگر صوبوں میں پھیلے۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ صوبہ خوزستان کے جنوب مغربی شہر دیزفل کے ساتھ ساتھ صوبہ کوہگیلویہ-بویراحمد کے شہر یاسوج میں 20 سے زیادہ مظاہرین کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

25 سے 29 مئی: اسلام آباد مارچ کی حتمی تاریخ پرسوں دوں گا، عمران خان

ملتان: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اورپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ اگرہم سیاست کا سوچتے تو موجودہ حکومت کو مزید چلنے دیتے، ہمیں پتا ہے جتنی زیادہ یہ حکومت کریں گے، یہ پاکستان کو سری لنکا والی صورتحال کی طرف لیکرجارہے ہیں، جلدی سے جلدی الیکشن کی تاریخ دو اوراسمبلیوں کوتحلیل کرو۔
ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں نوجوانوں اور خواتین کے بغیر کوئی بھی انقلاب کامیاب نہیں ہوتا، شاندار استقبال پر ملتان کا شکریہ اداکرتا ہوں، یہ انقلاب آرہا ہے، مجھے کہاگیا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے، قرآن میں ہے جولوگ ایمان لے آئے، اللہ ان کے خوف دورکردیتا ہے، ذلت، مرنے، رزق کا خوف بڑے انسان کوایک چھوٹا سا انسان بنادیتا ہے۔ جب تک آپ خوف کے بت کو نہیں توڑیں عظیم قوم نہیں بنا سکتے، کہاگیا بلٹ پروف شیشہ لگاو، میری قوم کسی سپرپاور،چور اور ڈاکووں کے سامنے نہیں جھکی۔ اللہ سے ہمیشہ دعا کرتا تھا میری قوم کو جگا دے۔دنیا میں جس نے بھی بڑے کام کیے پہلے خوف کوختم کیا۔
انہوں نے کہا کہ خوف کے بت کو توڑے بغیر قوم کوایک عظیم قوم نہیں بناسکتے، ہمارے نبی ﷺنے پہلے لوگوں کوپیسے کی لالچ اورخوف سے آزاد کردیا تھا۔ہمارے نبی ﷺ نے دنیا کی امامت کی تھی۔ جس بیٹسمین کو تیز گیند لگنے کا خوف ہو وہ بڑا بیٹسمین نہیں بن سکتا۔ قوم سے کہنا چاہتا ہوں کرپٹ اوربزدل حکمرانوں نے خوف دلایا ہوا ہے، انہوں نے خوف دلایا جب تک امریکا کے جوتے پالش نہیں کریں گے آگے نہیں بڑھ سکتے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے سپر پاور کے سامنے گھٹنے ٹیکے، حکمرانوں کی وجہ سے پاکستانیوں کو ذلت ملی، مجھے ہمیشہ گھٹنے ٹیکنے پر تکلیف ہوتی تھی، ہم ایک عظیم قوم ہیں، اللہ سے دعا کی تھی جب مجھے موقع ملے گا تو قوم کو کسی کے سامنے نہیں جھکنے دوں گا، اسی لیے 30 سال سے ملک لوٹنے والوں نے سازش کی، انہوں نے مشرف کی طرح مجھ سے این آراولینے کی پوری کوشش کی، کبھی لانگ مارچ اور کبھی اسمبلی میں برا بھلا کہا گیا، اپوزیشن کا ایک مقصد کرپشن کے کیسزمعاف کرانا تھا۔ پیپلزپارٹی، ن لیگ نے 11 سال اقتدار کی باریاں لی تھیں، مشرف نے دونوں پارٹیوں کو این آراودیا، دونوں پارٹیوں کے اقتدارکی وجہ سے 6 ہزارارب کا قرضہ 30 ہزارارب تک پہنچا، انہوں نے کرپشن کیسزمعاف کرنے کے لیے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی، ہاتھ کھڑا کر کے بتاؤ کیا مجھے ان کے کرپشن کیسز معاف کرنے چاہئیں تھے؟ لندن میں بھگوڑا بیٹھا ہوا ہے۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے مسلم لیگیوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ والو خدا کے واسطے مجھے جواب دو، کیا کبھی گیدڑ لیڈر بن سکتا ہے۔ زرداری نے کہا تھا نوازشریف اٹک جیل میں اتنا روتا تھا ٹشو ختم ہو جاتے تھے، مشرف سے معاہدہ کرکے سعودی عرب بھاگ گیا تھا، اس بار پھرجھوٹ بول کر ڈرامہ کر کے لندن بھاگ گیا،ہمارے اجلاس کے دوران شیریں مزاری بیماریاں سن کر کابینہ میں رونا شروع ہوگئی تھیں، نوازشریف جیسے جہازپرچڑھا تو بیماری ختم ہو گئی، نوازشریف جہاز کی سیڑھیاں ایسے چڑھا جیسے اولپمک کھیلنے جارہا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ والو جھوٹے آدمی کو عدالت نے سزا دی، آپ لوگ کیسے اس آدمی کے پیچھے چل سکتے ہو، چھوٹا بھائی چیری بلاسم ہے، چھوٹے بھائی نے لاہورہائیکورٹ میں نوازشریف کی واپسی کی گارنٹی دی تھی، شہباز شریف کو جھوٹی گارنٹی پربھی سزا ہونی چاہیے تھی، ان کے ساتھ وہ مل گیا جس کی آج کل قیمت بڑھانی ہے، یہ اتنے ڈرے ہوئے ہیں پٹرول کی قیمت نہیں بڑھارہے، انہوں نے امریکا کے ساتھ مل کرسازش کی۔
عمران خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب والے بتائیں اتنے زیادہ لوٹے کیوں نکلے؟ اللہ کا شکرادا کرتے ہیں آج سب ڈس کوالیفائی ہو گئے، 8مارچ کو ڈونلڈ لو سفیر کو دھمکی دی تھی، ڈونلڈ لونے کہا اگرعمران کو ہٹا دیا تو معافی مل جائے گی، کیا اس قوم کوامریکا سے معافی کی ضرورت ہے، ہم ایک خود دارقوم ہیں، بدقسمتی سے ہماری اشرافیہ امریکی دھمکی سے ڈر گئے، ملک کی ایلیٹ کلاس ڈر گئی تھی سب نے ملکر 22 کروڑ عوام کے وزیراعظم کو ہٹایا، یہ سمجھ رہے تھے تحریک انصاف دفن ہو جائے گی، اللہ کا پلان ہی کچھ اورتھا اس نے میری قوم کو جگا دیا، یاد رکھنا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا انقلاب آرہا ہے، 30 سال سے لوٹ مار کرنے والوں کی اب قبریں بن رہی ہیں، قوم جاگ گئی ہے، ڈیزل کے خاندان کا بھی وقت ختم ہوگیا ہے، اسلام آباد میں عوام کا سمندرآنے والا ہے، ملتان والوں اسلام آباد کے لیے تیارہو۔
انہوں نے کہا کہ مارچ سے پہلے میرا آج آخری جلسہ ہے، انہوں نے پلان کچھ اور بنایا اللہ نے کچھ اورکردیا، شہبازشریف پہلے سے ہی نیشنل حکومت بنانے کا اعلان کررہے تھے، یہ سمجھ رہے تھے ڈیڑھ سال حکومت کریں گے، الیکشن کمیشن پہلے ہی ان کے ساتھ تھا، یہ سمجھ رہے تھے دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیت جائیں گے، انہوں نے تو قوم کو بتایا تھا بڑے تجربہ کارہیں، وزیراعظم کو 6 ہفتے ہو گئے ہیں کہتے ہیں صبح چھ بجے جاگ جاگ جاتا ہے، چھ بجے جاگنے سے کچھ نہیں ہو گا، ڈالر 200 کا ہوگیا ہے، اب پتا چلا ہے ان کا سارا تجربہ کرپشن کا ہے، یہ جب اقتدارمیں آتے ہیں تو پیسہ بناتے ہیں اورملک مقروض ہوجاتا ہے، پچھلے ایک سال سے سازش کرنے میں لگے تھے، اب اقتدار مل گیا تو کیوں نہیں مل سنبھل رہا؟ شہبازشریف کبھی لندن بھاگتا ہے، کبھی کہتے ہیں نیشنل سکیورٹی چیزیں مہنگی کرے، 30 سال سے مقروض کرنے والے ملک کے مسئلے حل نہیں کرسکتے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیلنج کرتا ہوں ہمارے ساڑھے تین سالوں جتنی پہلے ترقی اور خوشحالی نہیں آئی، ایوب خان دورکے بعد ہماری حکومت میں سب سے زیادہ گروتھ ہوئی، ہماری حکومت میں ریکارڈ زیادہ ایکسپورٹ ہوئی، ہماری حکومت نے سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا، ہماری حکومت میں 75 فیصد آئی ٹی کی ایکسپورٹ بڑھی، برصغیرکی نسبت کورونا کے دوران سب سے زیادہ روزگار ملا، آپ لوگوں نے اتنا زور لگا کر حکومت گرائی، شکر ہے ہماری حکومت اور انکے دور حکومت کا موزانہ ہو رہا ہے، اگر مجھے ملک کی فکر نہ ہو تو ان کو مزید حکومت میں رہنے دوں، یہ جتنی دیرحکومت میں رہیں گے اتنا ہی ذلیل ہوں گے، جنہوں نے سازش میں ساتھ دیا وہ بھی ذلیل ہوں گے، ملک کا دیوالیہ نکل رہا ہے روپے کی قدر گرنے سے ہر چیز مہنگی ہو گی۔ اگرہم سیاست کا سوچتے تو ان کو مزید چلنے دیتے، ہمیں پتا ہے جتنی زیادہ یہ حکومت کریں گے، یہ پاکستان کو سری لنکا والی صورتحال کی طرف لیکرجارہے ہیں، جلدی سے جلدی الیکشن کی تاریخ دواوراسمبلیوں کوتحلیل کرو۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پرکسی نے مجھے مریم نوازکی تقریربھیجی، مریم نے تقریر میں اتنی دفعہ جذبے اور جنون سے اتنی بار میرا نام لیا، لیگی نائب صدر جتنی دفعہ میرا نام لیتی ہو کہیں تمہارا خاوند ناراض نہ ہو جائے۔ ہمیشہ سوچتا ہوں ان کو اتنا زیادہ مجھ پرغصہ کیوں ہے، ان کے چچا، بھائیوں کو مجھ پر اتنا غصہ کیوں، ان کے سارے کیسز تو پیپلزپارٹی دور کے بنے ہوئے ہیں، شہبازشریف مقصود چپڑاسی کیس کے علاوہ باقی سب پرانے کیس ہے، مجھ پر اتنا غصہ کیا کیس معاف نہیں کرتا، مہذب معاشروں میں سب کے لیے قانون یکساں ہوتا ہے، جوقوم بڑے ڈاکوؤں کو نہ پکڑے وہ قوم تباہ ہو جاتی ہے، ہمارا المیہ یہ ہے بڑے ڈاکوایوانوں میں اورچھوٹے چورجیل جاتے ہیں۔

شاہ رخ اور امیتابھ بچن سمیت دیگر بالی ووڈ اسٹارز پر مقدمہ

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکاروں شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، اجے دیوگن اور رنویر سنگھ کو گٹکے اور تمباکو برانڈ کی تشہیر کرنا مہنگا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان فلم اسٹارز کے گٹکے اور تمباکو برانڈ کے اشتہار میں کام کرنے پر تمنا ہاشمی نامی سوشل ایکٹویسٹ کی جانب سے مقامی عدالت میں مقدمہ درج کرایا گیا جبکہ کیس کو سماعت کے لیے بھی مقرر کرلیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ رخ، امیتابھ، اجے اور رنویر کو بہار کورٹ میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مدعی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ معروف فلمی شخصیات اپنی شہرت کا غلط استعمال کررہے ہیں۔
تمنا ہاشمی کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ اسٹارز کو بچے اور کم عمر لڑکے لڑکیاں بھی فالو کرتی ہیں اگر وہ گٹکے اور تمباکو جیسے برانڈ کی تشہیری مہم میں شامل ہوں گے تو مداحوں کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور وہ بھی غلط اشیا کا استعمال کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ مذکورہ بھارتی اداکاروں کے خلاف کیس کی پہلی سماعت بہار کورڈ میں رواں ماہ 27 مئی کو ہوگی۔

پاکستان کے ملٹری انفراسٹرکچر میں بہتری لانے کی ہر ممکن کوشش کرینگے: ترک صدر

کراچی: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور اس کے عوام کا ہماری قوم اور ہماری نظر میں ایک خاص مقام ہے۔ ہم پاکستان کے ملٹری انفراسٹرکچر میں بہتری لانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو ترکی جتنی اہمیت دیتے ہیں۔
پاکستان ملگیم پروجیکٹ کا تیسرا جہاز بدر کراچی شپ یارڈ میں تقریب کے ساتھ لانچ کیا گیا جس میں وزیر قومی دفاع حلوصی آقار، وزیر اعظم شہباز شریف، پاکستان کے دفاعی پیداوار کے وزیر محمد اسرار ترین اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
ویڈیو میں ترک صدر نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی ٹھوس مثال کی حیثیت رکھنے والے اس منصوبے کے پاکستان کے لیے مفید ہونے کی نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان ملگیم پراجیکٹ کو دفاعی صنعت کے تجربے سے اپنے دوست اور برادر ملک پاکستان کے لیے موثر اور مفید ثابت ہونے کی نیک تمنا کرتا ہوں۔ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان وسیع تعاون کا ایک اہم مثال ہے۔
ترک صدر نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ سٹریٹجک محل وقوع کا حامل ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی خوشحالی، استحکام اور سیکورٹی کو اپنے ملک کی خوشحالی، استحکام اور سیکورٹی ہی سمجھتے ہیں اسلئے پاکستان کے فوجی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے اسے اپنے برادر ملک کا بھی حق سمجھتے ہیں ۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسی سوچ کے ساتھ ہم نے اس منصوبے کے لیے 4 عدد MİLGEM بحری جہاز کورنا کے دوران بھی ترک بحریہ نے بنانے کا سلسلہ جاری رکھا تاکہ بلا تاخیر جہازوں کو پاکستان کے حوالے کیا جاسکے۔ بحری جہازوں میں سے دو پاکستان میں اور دو ترکی میں ایک ایک کرکے مکمل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابر جہاز کو گزشتہ سال استنبول میں پاکستان ملگیم پراجیکٹ کے ایک حصے کے طور پر لانچ کیا گیا تھا، جس میں پاکستانی صدر عارف علوی نے شرکت کی تھی جبکہ آج وہ بحری جہاز بدر کے سمندر میں اتارے جانے پر خوشی محسوس کررہے ہیں۔ منصوبے کا ایک اور بحری جہاز ” خیبر” ستمبر میں استنبول میں سمندر میں اتارا جائے گا۔
ترک صدر نے کہا کہ ان تمام بحری جہازوں کی پیداواری عمل، جو ہمارے ملک کے تیار کردہ جدید ترین ہتھیاروں اور سینسر سسٹم سے لیس ہیں، منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان 4 جہازوں کی ترسیل، جو فضائی دفاع سے لے کر آبدوزوں کا دفاع اور ہر قسم کے فوجی فرائض انجام دے سکتے ہیں ان چاروں بحری جہازوں کو اگست 2023 سےشروع کرتے ہوئے ہر 6 ماہ بعد پاکستان کے حوالے کردیا جائے گا۔

ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.42 فیصد مزید اضافہ ہوگیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران زندہ مرغی 28 روپے 26 پیسے فی کلو، دال مسور 14 روپے 88 پیسے، دال چنا 6 روپے 54 پیسے اور دال ماش 5 روپے 18 پیسے فی کلوتک مہنگی ہوئی، 20 کلو آٹے کا تھیلا 54 روپے 62 پیسے اضافے کیساتھ 1425 روپے تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق انڈے 6 روپے 28 پیسے فی درجن، مٹن 6 روپے 67 پیسے اور بیف 5 روپے 84 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، دہی دودھ، چینی، گھی، چائے اور لہسن کی قیمت میں بھی مزید اضافہ ہوا۔
دوسری جانب ایک ہفتے میں صرف 4 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

صحافی اگر آزاد نہیں، تو ہماری آزادی بھی خطرے میں ہے: شازیہ مری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ صحافی اگر آزاد نہیں ہے تو ہماری آزادی بھی خطرے میں ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والی وفاقی وزیر شازیہ عطا مری نے عالمی یوم صحافت کے موقع پر آر آئی یو جے کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضیا الحق نے اس معاشرے کو تقسیم کیا اور لوگوں کو مختلف طبقات میں بانٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو زبان اور کسی کو مذہب میں تقسیم کیا، ضیاء الحق کی باقیات بھی کسی ڈکٹیٹر شپ سے کم نہیں ہیں۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ فیک نیوز جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سابقہ حکومت نے نیوز کم اور فیک نیوز کا زیادہ استعمال کیا۔
سیمینار سے خطاب میں شازیہ عطا مری نے کہا کہ صحافت ہو یا سیاست ہمیں اپنی ذمہ داری کو پورا کرنا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی میں ہمیں اخلاقیات کی تربیت دی جاتی ہے۔

امریکا، روس، چین سمیت بڑی طاقتوں سے متوازن تعلقات کے خواہشمند ہیں: دفتر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان ‏امریکا، روس، چین سمیت تمام بڑی طاقتوں سے متوازن تعلقات کا خواہاں ہے۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا تعلق کسی ایک علاقے یا خطے سے نہیں ہے، یہ ایک عالمی مسئلہ ہے، پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ اس پر بات چیت کے لئے تیار ہے، پاکستان امریکا، روس، چین سمیت تمام بڑی طاقتوں سے متوازن تعلقات کا خواہاں ہے، امریکہ سمیت تمام پاورز سے با مقصد بات چیت چاہتے ہیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکا پر بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے دورہ امریکا کے دوران دوطرفہ ملاقاتوں کے علاوہ نیویارک میں دو اجلاسوں میں بھی شرکت بھی کی ہے، بلاول بھٹو نے سکیورٹی کونسل میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی عدالت سے نامور حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کو جعلی مقدمے میں سزا کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کے غیر قانونی اور غاصبانہ ہتھکنڈے انتہائی قابل مذمت ہیں، یاسین ملک کو سزا دینا سوچی سمجھی بھارتی سازش ہے، جس کے تحت بھارتی حکومت ان کے عدالتی قتل کی تیاریاں کر رہی ہے، پاکستان اس گھناؤنے منصوبے کی مذمت کرتا ہے۔
عاصم افتخار نے کراچی میں خود کش حملے کے بعد ملک میں مقیم چینی باشندوں کی وطن واپسی کی اطلاعات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ کچھ چینی اساتذہ موسم گرما کی تعطیلات گزارنے چین گئے ہیں جو مقررہ مدت کے بعد پاکستان واپس آجائیں گے، پاکستان سی پیک منصوبے میں کام کرنے والے چینی باشندوں کے تحفظ سے بخوبی آگاہ ہے۔، کسی کو پاک چین دوستی خراب نہیں کرنے دی جائے گی۔

وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش کیا جائے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مالی سال 23-2022 کا وفاقی بجٹ 10 جون بروز جمعہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 10 جون کو وفاقی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے، بجٹ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پیش کریں گے، قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری کے بعد اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
سیکرٹری خزانہ نے سیکرٹری کابینہ کو خط لکھا ہے کہ بجٹ تجاویز کی منظوری کیلئے کابینہ اجلاس 10 جون کو طلب کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں ٹیکس آمدن کا ہدف 7225 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے، ترقیاتی بجٹ کا حجم 700 سے 900 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔

عملی طور پر وفاق اور پنجاب حکومت ختم ہو چکی: فواد چوہدری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عملی طور پر وفاقی اور پنجاب حکومت ختم ہو چکی ،شریف خاندان بندر کی طرح ایک درخت سے دوسرے درخت پر چھلانگیں لگانا چھوڑے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا “عملی طور پر وفاقی اور پنجاب حکومت ختم ہو چکی ہے، اب صرف آیئنی اختتام ہونا باقی ہے، شریف خاندان بندر کی طرح ایک درخت سے دوسرے درخت پر چھلانگیں لگانا چھوڑے، ملک کو بحران کی اس دلدل میں مزید گہرا نہ ڈبوئیں، استعفیٰ دیں اور ملک کو انتخابات کی طرف لے کر جائیں۔”
تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کو قائد حزب اختلاف بنائے جانے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا “راجہ ریاض جیسے جوکرز کو قائد حزب اختلاف بنانے جیسے تجربے نہ کریں، کچھ ذمہ داری کا آحساس کریں اور سنجیدہ اقدامات کریں، الیکشن کی تاریخ دیں ، نیا الیکشن کمیشن بنائیں اور قابل قبول فریم ورک کے تحت نئے انتخابات کرواؤ۔”

کتے نے شیر کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی مالکن کو بچا لیا

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر ایک کتے نے مالک کی حفاظت کے دوران شیر کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی مالکن کو بچا لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 24 سالہ ولسن ٹرینیٹی کاؤنٹی میں رہتی ہیں۔ اپنے پالتو کتے کے ساتھ قریبی پہاڑی علاقے میں سیر کر رہی تھیں اسی دوران ایک شیر نے ان پر حملہ کر دیا۔ اس شیر نے ولسن کے کندھے کو زخمی کر دیا۔
ولسن کا کہنا تھا کہ میں چلائی اور میں نے اپنے کتے کو پکارا، وہ فوراﹰ دوڑتی ہوئے آیا اور بہت زور سے اس شیر پر حملہ کر دیا۔
اے پی کے مطابق اس مادہ کتے کا وزن 25 کلو گرام ہے۔ اس کا حجم شیر سے کافی کم تھا لیکن اس کے باوجود وہ بھرپور انداز میں شیر سے لڑی۔
ولسن نے کہا کہ ان دونوں نے کچھ سیکنڈز لڑائی کی اور پھر میں نے ایوا کی رونے کی آوازیں سنی۔ یہ شیر ایوا کو کسی صورت نہیں چھوڑ رہا تھا۔ اسی دوران میں نے شیر پر پتھر مارے لیکن پھر بھی وہ ایوا کو نہیں چھوڑ رہا تھا۔
اے پی کے مطابق اسی دوران ولسن پھر اپنی گاڑی کی طرف بھاگیں۔ انہوں نے گاڑی میں موجود لوہے کی سلاخ نکالی اور مدد کے لیے سڑک سے گزرنے والی گاڑی کو روکا۔ اس گاڑی میں سوار خاتون نے ایوا کے ساتھ ملکر اس شیر کوڈنڈے سے مارنا شروع کیا۔ اور پھر اس کی آنکھوں میں کالی مرچوں کا سپرے کر دیا۔ جس کے بعد شیر نے شدید زخمی کتے کو چھوڑ دیا اور وہ بھاگ گیا۔
اس حملے میں ولسن کے کتے کو شدید زخم آئے اور ہسپتال میں ایوا کا علاج جاری ہے۔
ولسن کا کہنا تھا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا ان کا پالتو جانور اس قدر وفادار ہو گا۔