برطانیہ میں مہنگائی 40 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

برطانیہ میں مہنگائی کی شرح 9 فیصد پر جا پہنچی ہے جو کہ 40 برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں مہنگائی میں اضافہ توانائی بل بڑھنےکے باعث ہوا ہے،گزشتہ ماہ اوسط گھرانے کے بجلی،گیس کے بلوں میں سالانہ 700 پاؤنڈ کا اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق  روس، یوکرین جنگ کے سبب کھانے پینےکی اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، کھانے پینےکے علاوہ ٹرانسپورٹ اور مشینری کے اخراجات بھی بڑھے ہیں۔

قومی ادارہ شماریات برطانیہ کے مطابق اپریل سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح واپس 20 فیصد پر آنے سے ریسٹورنٹس میں بھی اشیا مہنگی ہوئی ہیں۔

ڈالر کی ڈبل سنچری، اوپن مارکیٹ میں201میں فروخت

کراچی : امریکی ڈالر نے ڈبل سنچری مکمل کرلی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2روپے مہنگا ہوکر 200.50 روپے پر پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہبازحکومت 5 ہفتے بعد بھی معیشت سنبھالنے میں بری طرح ناکام ہے۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی امریکی ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے اور ڈالر ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پرٹریڈ رہا ہے۔

اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر نے نے ڈبل سنچری مکمل کرلی اور تقریبا دو روپے بڑھ کردو سو روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔

فاریکس ڈیلز نے بتایا کہ انٹر بینک میں ڈالر مزیددو روپےایک پیسے مہنگا ہو کر 197 روپے 75 پیسے پرپہنچ گیا۔

نئی حکومت کے آنے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 15.50 روپے بڑھا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 2روپے ایک پیسے کا اضافہ ہوا۔

گیارہ اپریل سے اب تک ڈالر 14روپے 82پیسے کا اضافہ ہوا ، ڈالر بڑھنے کے باعث 1700ارب روپے اضافی بوجھ بڑھ گیا ہے۔

ماہرین کاکہنا ہے آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہوتے نظر نہیں آ رہے۔ مذاکرات کئی ہفتے تک جاری رہ سکتے ہیں۔

بھارتی ہدایتکار کا قندیل بلوچ کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان

بھارتی فلمساز النکریتا شریواستو  نے  پاکستانی ماڈل اور سوشل میڈیا اسٹار قندیل بلوچ کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق  بھارتی پروڈیوسر وکاس شرما اور سنی کھنہ نے   فلم کی ہدایتکاری کرنے والی النکریتا شریواستو کے ساتھ مل کر پاکستانی صحافی صنم مہر کی کتاب The Sensational Life and Death of Qandeel Baloch کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔

النکریتا شریواستو اپنی نیٹ فلکس سیریز بمبئی بیگم کے لیے مشہور ہیں کا کہنا ہے کہ جب  2016 میں قندیل بلوچ کے قتل نے مجھے ہلا کر رکھ دیا تھا، یہ غیرت کے نام پر ایک گھناؤنا قتل تھا۔ میں اس کے بارے میں سوچتی ہوں،  میں نے قندیل کی ویڈیوز بار، بار دیکھنی شروع کیں، اس کی زندگی بہت دلکش تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک چھوٹے سے گاؤں کی ایک غریب لڑکی، جس نے مشہور ہونے کیلئے  کام کیا۔ وہ صرف 26 سال کی تھی جب اسے قتل کیا گیا۔

النکریتا شریواستو نے مزید کہا کہ وہ اس فلم کو قندیل بلوچ کے دلیرانہ جذبے کی علامت کے طور پر دیکھتی ہیں جس سے  اس کی شہرت میں اضافہ ہوگا۔

فلمساز نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس فلم میں  باغی اور کمزور نوجوان لڑکی کی یادوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش کروں گی  جس کی زندگی اس لیے  ختم کردی گئی  کیونکہ وہ مشہور ہونا چاہتی تھی۔

واضح رہے کہ قندیل بلوچ  جن کا  اصل نام فوزیہ عظیم  تھا،  وہ ایک ماڈل، اداکارہ، سوشل میڈیا کی مشہور شخصیت تھیں۔ قندیل سوشل میڈیا پر اپنے روزمرہ زندگی اور پاکستانی خاتون کے طور پر ان کے حقوق اور دیگر حساس موضوعات کے بارے میں ویڈیوز پوسٹ کرنے کے بعد مشہور ہوئیں۔

تاہم بعد ازاں  قندیل بلوچ کو 15 جولائی 2016 کو مظفرآباد میں غیرت کے نام پر قتل کیا گیا تھا، قندیل کی لاش گھر سے ملی تھی جس کے بعد اس کے بھائی محمد وسیم کو گرفتار کیا گیا، ملزم کو 27 ستمبر 2019 کو ملتان کی ماڈل کورٹ نے عمر قید سنائی تھی۔

تاہم قندیل بلوچ کے والد عظیم کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ہم نے اللہ کی رضا کی خاطر اپنے بیٹوں کو معاف کر دیا ہے لہٰذا عدالت بھی اسے معاف کردے۔

موسمیاتی تبدیلیاں: پاکستان میں ہیٹ ویو کا امکان 100 گنا بڑھ گیا

موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ماضی کے مقابلے میں اب پاکستان اور بھارت میں ہیٹ ویو کا امکان100 گنا زیادہ بڑھ گیا ہے۔

برطانیہ کے محکمہ موسمیات سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں نے ایک تجزیے میں بتایا کہ قدرتی طور پر اوسط درجہ حرارت سے زیادہ کی ہیٹ ویو کا سامنا 312 سال میں ایک بار ہوتا ہے، مگر موسمیاتی تبدیلیوں نے قدرتی طریقہ کار کو بدل دیا ہے اور اب برصغیر میں ایسا ہر 3.1 سال بعد ہوسکتا ہے۔

اپریل اور مئی 2010 کو قدرتی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے درمیان موازنے کو استعمال کیا گیا تھا کیونکہ وہ مہینے ہیں جن میں 1900 کے بعد سے اب تک سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔

پاکستان اور بھارت میں حالیہ ہفتوں کے دوران درجہ حرارت میں اضافے سے فصلوں کو نقصان پہنچا، بجلی کی فراہمی پر دباؤ بڑھا جبکہ متاثرہ علاقوں میں لوگ گھروں کے اندر رہنے پر مجبور ہوئے۔

جیکب آباد دنیا کے چند گرم ترین شہروں میں سے ایک ہے جہاں 15 مئی کو درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا جبکہ 14 مئی کو 50 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

بھارتی دارالحکومت میں درجہ حرارت 15 مئی کو 49 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

اس تجزیے میں یہ بھی بتایا گیا کہ رواں صدی کے آخر تک اس خطے میں ہر1.15 سال بعد ہیٹ ویو کا سامنا ہوسکتا ہے۔

برطانوی سائنسدانوں نے بتایا کہ برصغیر میں مون سے قبل اپریل اور مئی میں درجہ حرارت بڑھنا غیرمعمولی نہیں ، مگر ہماری تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درجہ حرارت کی شدت میں اضافے سے ہیٹ ویو کا امکان 100 گنا بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 21 ویں صدی کے اختتام تک موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درجہ حرارت میں اوسطاً ہر سال اضافہ ہوگا۔

پاکستان اور بھارت موسمیاتی بحران بالخصوص شدید گرمی سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں اور سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ حالیہ ہیٹ ویو کے دوران خطے میں درجہ حرارت کا نیا ریکارڈ بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں برصغیر کے درجہ حرارت میں معمولی کمی آئی ہے مگر رواں ہفتے کے دوران اس میں پھر سے اضافہ ہوگا، خاص طور پر ہفتے کے اختتام پر درجہ حرارت عروج پر ہوگا اور کچھ مقامات پر یہ 50 سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا اور وہاں رات کا درجہ حرارت بھی بہت زیادہ ہوگا۔

سبسکرائبرز کم ہونے پر نیٹ فلکس نے درجنوں ملازمین فارغ کردیے

موجودہ دور میں ویڈیو اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلکس کو دنیا کا سب سے مقبول ترین پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے جہاں صارفین اپنی پسند کے مطابق ہر قسم کی فلمیں، ڈرامے اور شوز دیکھ سکتے ہیں۔

تاہم ایک دہائی میں پہلی بار سبسکرپشن والی ویڈیو اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلکس نے سبسکرائبرز کم ہونے کی وجہ سے امریکا میں اپنی تقریباً 150 ملازمتیں ختم کردیں جس سے عملے کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑا۔

نیٹ فلکس کے مطابق ملازمتوں میں کمی کا فیصلہ کمپنی کی آمدنی میں کمی کی وجہ سے  کیاگیا ہے۔

کمپنی نے ایک بیان میں کہا یہ تبدیلیاں بنیادی طور پر انفرادی کارکردگی کے بجائے کاروباری ضروریات سے ہوتی ہیں، جو انہیں خاص طور پر مشکل بناتی ہیں کیونکہ ہم میں سے کوئی بھی ایسے عظیم ساتھیوں کو الوداع نہیں کہنا چاہتا’۔

رپورٹس کے مطابق یہ نہیں بتایا گیا کہ کمپنی کے کن ڈپارٹمنٹ میں  ملازمتیں کم کی گئی ہیں لیکن لاس اینجلس ٹائمز کا کہنا ہے کہ  کمیونیکیشن اور مواد (Content)کے شعبے بھی اس فیصلے سے متاثر ہوئے ہیں۔

کمپنی کے کچھ ملازمین نے  اپنی ملازمت سے محروم ہونے کا آن لائن انکشاف بھی کیا۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں نیٹ فلکس کی جانب سے  انکشاف کیا  گیا تھا کہ 2022 کے پہلے تین مہینوں میں کمپنی کے تقریباً 2 لاکھ سبسکرائبرز کم ہوئے اور اس نے خبردار کیا کہ آنے والی سہ ماہی میں مزید 20 لاکھ سبسکرائبر کم ہونے والے ہیں۔

اگرچہ نیٹ فلکس  عالمی سطح پر 22 کروڑ  سبسکرائبرز کے ساتھ سب سے آگے ہیں لیکن حالیہ برسوں میں ڈزنی پلس، ایچ بی او اور ایمازون  پرائم  جیسے حریف پلیٹ فارمز کی آمد کے ساتھ اسے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی میں عارضی جنگ بندی پراتفاق ہوگیا

افغانستان کے نائب وزیراطلاعات و ثقافت و طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) میں عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھاکہ پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان افغان حکومت کی ثالثی میں کابل میں مذاکرات ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران اہم پیش رفت ہوئی ہے اور عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا۔

ان کا کہنا تھاکہ  افغان حکومت نے مذاکراتی عمل کیلئے نیک خواہشات اور فریقین سے مذاکرات میں رواداری اور لچک دکھانے کی بھی خواہش کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب خبر سامنے آئی تھی کہ افغانستان میں حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان( ٹی ٹی پی) کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور پاکستان نے 30 کالعدم ٹی ٹی پی قیدیوں کو رہا کیاہے۔

راولپنڈی:ایوب پارک ،موت کا کنواں ،بیٹی کے سامنے باپ زندگی ہارگیا

راولپنڈی: راولپنڈی میں جان خان خطرے میں ڈال کر لوگوں تفریح فراہم کرنے والا موٹر سائیکلٹ بخت الله حادثے کا شکار ہوکر دم توڑ گیا۔

راولپنڈی میں لکی ایرانی سرکس کے موت کے کنویں میں موٹر سائیکل چلانے والا بخت الله حادثے کا شکار ہوا، زخمی موٹر سائیکلسٹ کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔

حادثے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موت کے کنویں میں موٹر سائیکل چلاتے محنت کش سے موٹر سائیکل لاکھڑائی جس کے باعث بخت اللہ کو شدید چوٹیں آئیں۔
دوسری جانب راولپنڈی پولیس حادثے سے بے خبر نکلی، تھانہ مورگاہ کے ڈیوٹی محرر نے بتایا کہ سرکس میں پیش آئے واقعے کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔

ایونٹ آرگنائزر لکی ایرانی سرکس محمد ستار کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے کے باعث دم توڑنے والے ملازم کی سرکس انتظامیہ کی جانب باقائدہ کفالت جائے گی۔

ایونٹ آرگنائزرنے مزید کہا کہ ایوب پارک میں لکی ایرانی سرکس کا شیڈول مکمل ہوچکا اب گوجرخان منتقل کی جا رہی ہے۔

وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کو اصلاحات اور اہداف پورے کرنے کی یقین دہانی کرادی

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے دوحہ مذاکرات کے پہلے روز عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو اصلاحات اور اہداف پورے کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان دوحہ میں مذاکرات کے پہلے روز وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مذاکرات میں آن لائن شرکت کی۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا اور سیکرٹری خزانہ  بھی شریک تھے۔

وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کو اصلاحات اور اہداف پورے کرنےکی یقین دہانی کرائی جبکہ آئی ایم ایف کے مشن چیف نیھتن پورٹر نے پاکستانی معیشت کو درپیش چیلنجز کی نشاندہی کی۔

آئی ایم ایف مشن چیف نے معیشت کودرپیش چیلنجوں کے بارے میں آئی ایم ایف کے جائزے کا تبادلہ کیا اورکہاکہ پاکستانی معیشت کوفوری اورطویل مدتی اقدامات کی ضرورت ہے۔

پاکستان پروگرام کی کامیابی سے تکمیل تک آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پردستخط کیلئے پرامید ہے اور وزیرخزانہ  نے پروگرام کے تحت تجویزکردہ اصلاحات اوردیگر اقدامات مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ حکومت موجودہ معاشی مشکلات کو سمجھتی ہے، متوسط اورکم آمدنی گروپوں پرافراط زرکے اثرات کوکم کرنےکے ساتھ سخت فیصلےکرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال کوبری طرح متاثرکرنے والے چند عوامل حکومت کے قابو سے باہر ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق فریقین نے ساتویں اقتصادی جائزےکی کامیابی سےتکیمل کی خواہش ظاہرکی اور آئی ایم ایف کے ساتھ اگلے ہفتے معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل مذاکرات میں شرکت کیلئے اگلے ہفتے دوحہ جائیں گے، حکومت قرض پروگرام کی تکمیل تک آئی ایم ایف سےتعاون جاری رکھنےکی خواہاں ہے۔

ایک تاثر کی بنیاد پر ازخود نوٹس لینا ادارے کی ساکھ کیلئے تباہ کن ہوگا، رانا ثنا

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کے تفتیشی اداروں میں حکومتی مداخلت پرازخود نوٹس لینے پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا بیان سامنے آگیا ہے۔

انہوں نےکہا کہ شہزاد اکبر کے چیلوں نے غلط مقدمے بنائے ، کیا غلط مقدمے بنانے والے کا ٹرانسفر نہیں ہونا چاہیے تھا؟، میری ضمانت لینے والے جج کو واٹس ایپ پر ٹرانسفر کر دیا گیا ، قانون بدلنا پارلیمنٹ کا کام ہے ، اگر کوئی ترمیم قانون کے خلاف ہو تو عدالت اسے غیر آئینی قرار دے سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے فیصلے میں جہاں تین جج معزز ہیں ، وہاں باقی دو جج بھی معزز ہیں ۔

رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ملک دشمنوں نے کیا ، آئی ایم ایف سے بات چیت کر کے اب ایسا معاہدہ کریں گے کہ غریب متاثر نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے فیصلوں کا  آج اعلان کردیا جائے گا۔ آئی ایم ایف کا پروگرام بھی بحال ہوگا اورحکومت نے مدت بھی پوری کرنے کافیصلہ کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز افسران کوتبدیل کرنے اور ہٹانے پر سپریم کورٹ کے ایک جج کے نوٹ پرازخود نوٹس لیا گیا جس پر چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ سماعت آج کرے گا۔

جج کے نوٹ میں کہا گیا ہے کہ کریمنلز معاملات میں حکومتی عہدوں پر موجود لوگ مداخلت کررہے ہیں، خدشہ ہےکہ اس مداخلت سے پراسیکیوشن کے معاملات پر اثرانداز ہوا جاسکتا ہے

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی ملاقات

 اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سبطین خان، مراد راس اور دیگر شریک ہوئے۔

ملاقات میں پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال پر آئندہ آئینی و قانونی آپشنز زیر بحث رہے۔ مشاورت میں اتفاق کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز کی جعلی حکومت کا خاتمہ ہو چکا۔ اجلاس میں رائے دی گئی کہ اس وقت ایوان وزیر اعلی میں حمزہ شہباز کی حیثیت  قبضہ گروپ کی ہے۔ انہیں فوری طور پر وزیر اعلی آفس چھوڑ دینا چاہئے۔

ملاقات میں سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الہی بھی شریک ہوئے۔ تحریک انصاف کی پنجاب ایڈوائزری کونسل کے سربراہ سبطین خان، ڈاکٹر  مراد راس، مخدوم ہاشم جواں بخت ، سید علمدار عباس بھی اس موقع پر موجود تھے۔