پراسرار دھاتی گیندیں آسمان سے آ گریں، لوگ خوفزدہ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں پراسرار دھاتی گیندیں آسمان سے گرنے پر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست گجرات کے علاقوں بھالج، کھمبھولاج اور رام پور میں رہائشیوں کو آسمان سے گرنے والی عجیب و غریب دھاتی گیندیں ملیں۔ پر اسرار گیندوں کو دیکھ کر دیہاتی حیران و پریشان ہو گئے۔ آسمان سے دھاتی گیندیں گرتے ہی مقامی رہائشی زور دار آواز سن کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
تاہم باہر آتے ہی ان کی نظریں دھاتی گیندوں پر پڑیں، پولیس کو اطلاع دی گئی تو ان کو بھی عجیب و غریب گیندوں کا کوئی سراغ ہاتھ نہ آیا جس پر ڈیٹا فرانزک ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیا گیا۔

بچہ ہاتھی نے ایئر میٹریس پر سوئے شخص کو ہٹاکر قبضہ جمالیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک دلچسپ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک بچہ ہاتھی رکاوٹ عبور کرکے اندر جاتا ہے اور ایئرمیٹریس پر سوئے شخص کو اپنی سونڈ اور ٹانگوں سے ہٹاکر خود اس پر براجمان نظر آرہا ہے۔
ٹویٹر پر وائرل ہونے والے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہاتھی کا شریر بچہ اپنے جنگلے سے تیزی سے باہر نکلتا ہے اور ہوا بھرے پلاسٹک میٹرس کی جانب لپکتا ہے۔ اس بستر پر ایک شخص آرام کررہا ہوتا ہے۔
یہاں پہنچ کر ہاتھی بچہ اپنی بہترین صلاحیتوں کی بنا پر انسان کو سونڈ اور لاتوں سے ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔ بچہ ہاتھی بستر پر بیٹھنے کی کوشش کرتا ہے۔ آخرکار وہ اس پر بیٹھنے میں کامیاب ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد میٹریس پر بیٹھا شخص دوبارہ لیٹنے کی کوشش کرتا ہے تو ہاتھی نے مزاحمت کی لیکن ہاتھی کا نگراں بیٹھنے میں کامیاب ہو ہی جاتا ہے۔
یہ ویڈیو جنگلی حیات کے نگراں افسر ڈاکٹر سمراٹ گوڈا نے بنائی جسے لوگوں نے پسند کیا ہے اور اب یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
’اوئے یہ میرا بستر ہے!‘ اس کے نام سے مشہور یہ ویڈیو اب تک ہزاروں افراد نے دیکھی ہے اور 12000 سےزائد افراد اسےپسند کرچکے ہیں۔

دائرے میں یکساں آواز خارج کرنے والا انقلابی اسپیکر

نیویارک: (ویب ڈیسک) تصویر میں انوکھے ڈیزائن والا ٹریساؤنڈ ون اسپیکر نمایاں ہے جو 360 درجے دائرے میں اعلی معیار کی آواز بکھیرتا ہے۔ اس طرح ایک ہی اسپیکر مکمل سراؤنڈ ساؤنڈ کا تجربہ فراہم کرتا ہے۔
دوسری جانب اس کی بیس بہت ہی شاندار ہے جو آپ کے گھر میں موسیقی اور آوازکو ایک نیا عنوان دیتی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اپنے تمام خواص کے باوجود اس کی جسامت بہت ہی چھوٹی ہے۔ اسے سالگرہ کی ٹوپی کی طرح بنایا گیا ہے جس کے اطراف باریک خانے یکساں انداز میں آواز خارج کرتے ہیں۔
ہائی فائی ساؤنڈ کے لیے ٹرے ساؤنڈ ون کو خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے اور اسے مکمل طور پر ہاتھ سے بنایا گیا ہے۔ لکڑی کے فریم کے اندر اس کی حساس برقیات کو رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب بلیوٹوتھ ٹیکنالوجی سےبھی کام کرتا ہے۔
آپ کمرے میں تنہا ہو یا پھر کوئی تقریب ہو، ٹرے ساؤنڈ ون ہرطرح کے ماحول کےتحت بنایا گیا ہے۔ اگر اسے کمرے کے کونے میں بھی رکھ دیا جائے تو اپنے ڈیزائن کی بنا پر یہ پورے کمرے میں ہرسو آواز بکھیرتا ہے۔
اس کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ موسیقی کے مختلف نوٹس اور سازکی آواز کو یہ اس طرح خارج کرتا ہے کہ ہر قسم کی آواز یکساں انداز میں محسوس کی جاسکتی ہے۔ دوسری جانب باریک آوازیں خارج کرنے کے لیے اس میں خاص مقناطیسی ٹویٹر لگائے گئے ہیں۔
مکمل طور پر ہاتھ سے بنے اسپیکر کو ایک درجن سے زائد پرتوں سے تشکیل دیا گیا ہے اور اسے ایک ماہر فنکار نے ڈیزائن کیا ہے۔ ان سب کے باوجود ٹریساؤنڈ ون اسپیکر کی قیمت صرف 400 ڈالر ہے جو بہت کم ہے۔

دانتوں کو حرارت سے صاف کرنے والے نینوروبوٹ ایجاد

نئی دلی: (ویب ڈیسک) نینو ٹیکنالوجی کے علوم اب ثمرآور ہورہے ہیں اور اب ایسے نینوبوٹ بنائے گئے ہیں جو حرارت کی مدد سے نہ صرف دانتوں کی صفائی کرسکیں گے بلکہ گہرائی تک جاکر مضر بیکٹیریا کو بھی تلف کرسکیں گے۔
وجہ یہ ہے کہ دانت بہت گہرائی تک پیوست ہوتے ہیں جہاں ان کی صفائی بہت مشکل ہوجاتی ہے۔ اب انڈین انسٹٰی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کے سائنسدانوں نے ایسے نینوبوٹ بنائے ہیں جنہیں مقناطیسی قوت سے کسی بھی جگہ پہنچایا جاسکتا ہے۔ وہ دانتوں کے گہرے مقام یعنی روٹ کینال تک پہنچ کر صفائی کرسکیں گے اور یوں دانتوں کو بچانا ممکن ہوگا۔
دانتوں کی گہرائی میں ایک مقام ’ڈینٹینل ٹیوبولز‘ کہلاتا ہے جو دانت کی گہرائی میں خردبینی راستے ہوتے ہیں۔ یہ دانتوں کی بیرونی خول سے پیچے تک موجود ہوتے ہیں۔ یہاں بیکٹیریا دانت کو گھلانے لگتے ہیں اور روٹ کینال تھراپی کی ضرورت پیش آتی ہے۔ بصورتِ دیگر انفیکشن پیدا ہوکر اسے مزید تباہ کن بنادیتا ہے۔ نینوبوٹس اس عمل کو روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
ڈینٹینل ٹیبولز بہت ہی باریک ہوتی ہیں اوربافتوں کے اندر تک موجود ہوتی ہیں۔ روٹ کینال عمل میں دانت صاف کرکے وہاں موجود بیکٹیریا کو ہٹایا جاتا ہے۔ لیکن بعض انواع کے بیکٹیریا ہر علاج کو ناکام بنادیتے ہیں اور کچھ باقی بھی رہ جاتے ہیں۔
اس کے لیے بھارتی سائنسدانوں نے سلیکن ڈائی آکسائیڈ اور اس پر لوہے کی پرت چڑھا کر بہت چھوٹے روبوٹ بنائے ہیں۔ یہ روبوٹ 2000 مائیکرومیٹر گہرائی میں جاتے ہیں۔ باہر سے انہیں حرارت دی جاتی ہے اور وہ اپنے اطراف کے بیکٹیریا کو تلف کردیتے ہیں۔
فی الحال خارج شدہ دانتوں پر ان کی آزمائش کی گئی تو وہ ڈینٹینل ٹیوبولز کی گہرائی تک پہنچے اور بیکٹیریا کو تباہ و برباد کردیا۔ اپنا کام ختم کرنے کے بعد روبوٹ کو وہاں سے باہر نکالا جاسکتا ہے۔ اس کےبعد چوہوں کے دانتوں پر ڈینٹسٹ نینوبوٹس کی آزمائش کی گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چوہوں پر تجربات کے بعد ایک تجارتی کمپنی بناکر دانت صاف کرنے والے نینوبوٹس کی تیاری بھی شروع کردی گئی ہے۔

کوئٹہ: کروڑوں روپے مالیتی غیر ملکی سامان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ میں کسٹمز عملے نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیتی غیر ملکی سامان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ضبط کر لیا۔
ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس کے مطابق ان کے عملے نے خفیہ اطلاع پر ائیر پورٹ روڑ پرایک ٹرک پر چھاپہ مار کر اس میں لدا ہوا بھاری مقدار میں غیر ملکی خشک دودھ،پلاسٹک بیگز، خمیرہ اوردیگرسامان برآمد کرکے قبضہ میں لے لیا۔
پکڑے جانےوالے سامان کی مالیت 2 کروڑ 50لاکھ روپے سے زائد ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونا سستا، ملک بھر میں مزید مہنگا ہو گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں قیمت کم ہونے کے باوجود ملک بھر میں سونے کی قیمت کو پر لگ گئے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 17 امریکی ڈالر کی گراوٹ دیکھی گئی اور نئی قیمت 1 ہزار 816 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، فیصل آباد، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 300 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت 1 لاکھ 38 ہزار 400 روپے ہو گئی ہے۔
اُدھر دس گرام سونے کی قیمت میں 258 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 1 لاکھ 18 ہزار 656 روپے ہو گئی ہے۔

سندھ: نویں اور دسویں کے امتحانات مذاق بن گئے، بورڈز پیپر آؤٹ ہونے کو روک نہ سکے

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ میں نویں اور دسویں کے امتحانات مذاق بن گئے، بورڈز نقل اور پیپر آؤٹ ہونے کو روک نہ سکے ۔
کراچی ، نوابشاہ ، لاڑکانہ اور میر پور خاص میں پیپر وقت سے پہلے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے جبکہ نقل کا رحجان بھی عروج پر رہا۔ ہر امتحانی سینٹر پر کھلے عام نقل کی گئی۔ لاڑکانہ میں اردو اور سندھی زبان کے سوالیہ پیپرز مختلف واٹس ایپ گروپس میں گردش کر تے رہے، بعض شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث طلبا کو مشکلات کا سامنا رہا۔

پولیو کا چیلنج اب بھی موجود، خاتمے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پولیو کا چیلنج اب بھی موجود ہے جس کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، پولیو کے خاتمے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز، وفاقی اداروں، صوبائی حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں کا کردار قابل ستائش ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ ڈبلیو ایچ او، بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن اور دیگر اداروں کے انسداد پولیو مہم میں بھرپور مدد پر ان کے شکر گزار ہیں، حکومت بین الاقوامی اداروں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
بعد ازاں وزیر اعظم نے بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا، یہ مہم 27 مئی تک جاری رہے گی۔

ہم سے جو غلطی ہوئی ہمیں معاف کیا جائے، فواد چودھری

لاہور : (ویب ڈیسک) سابق وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم سے جو غلطی ہوئی اس پر ہمیں معاف کیا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ملک بچانے نکلے ہیں اور آج پوری قوم عمران خان کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسان، وکیل اور ہر شعبے کا آدمی عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے جبکہ عمران خان نے لوگوں میں حقیقی آزادی کا شعور پیدا کیا۔
فواد چودھری نے کہا کہ ہماری حکومت میں وکلا کو نظر انداز کیا گیا اور ہمیں اپنی اس غلطی کا اندازہ ہے تاہم ہم سے اپنی حکومت میں جو غلطی ہوئی ہے ہمیں معاف کیا جائے۔

مارگلہ پہاڑیوں پرآگ، خاتون ٹک ٹاکر کے 3 ساتھی گرفتار

امریکا: (ویب ڈیسک) مارگلہ پہاڑیوں پرآگ لگانے کا کیس، خاتون ٹک ٹاکرکے 3 ساتھی گرفتار ہو گئے ہیں، جبکہ خاتون ٹک ٹاکرکی گرفتاری کےلیے ٹیم لاہورروانہ ہو گئی ہے۔
مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ کے قریب ویڈیو بنانے والی خاتون ٹک ٹاکر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا، گرفتار افراد میں خاتون ٹک ٹاکرکے پروڈیوسر، کیمرہ مین اور ویڈیو ایڈیٹر شامل ہیں۔
تینوں کو تھانہ کوہسار منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ جلد خاتون ٹک ٹاکرکو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔ دوسری جانب ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مبینہ طور پر مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا علاقہ ہے جہاں کچھ دنوں سے آتشزدگی کے متعدد واقعات ہوئے ہیں۔ آگ سے چرند پرند پودوں اور درختوں وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔خاتون جنگل میں آگ لگا کر ویڈیو شوٹ کروارہی تھی۔