111 ٹی شرٹس پہن کر دوڑ، شہری نے ورلڈ ریکارڈ بنا لیا

امریکا: (ویب ڈیسک) ایک سو گیارہ ٹی شرٹس پہنے میراتھن میں شرکت کر کے امریکی شہری نے نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کروالیا۔
دو سو ورلڈ ریکارڈ رکھنے والے ڈیوڈ نے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ اور ریاضی کے فروغ کے لیے اس مہم میں حصہ لیا۔
ڈیوڈ نے میراتھن دوڑ کا نصف فاصلہ دو گھنٹے 47 منٹ میں طے کیا جبکہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق انہیں تین گھنٹے میں یہ فاصلہ طے کرنا تھا۔
واضح رہے کہ میراتھن مکمل کرنے کے لیے 26 میل 300 گز کا فاصلہ طے کرنا تھا، تاہم، ڈیوڈ نے آدھا فاصلہ طے کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہاف میراتھن سے پہلے اس کی سپورٹ ٹیم کو اسے 111 ٹیز پہنانے میں تقریباً 25 منٹ لگے۔
ڈیوڈ کے 111 ٹی شرٹس کا وزن 18 کلوگرام تھا، جس کی وجہ سے میراتھن میں بھاگنا کوئی آسان کام نہیں تھا، ان کا کہنا ہے کہ کپڑوں کے وزن سے خون کی روانی متاثر ہونے لگی، جس سے ان کے جسم میں درد محسوس ہونے لگی، اور پسینے سے کپڑوں کا وزن مزید بڑھ گیا۔
تاہم ان تمام مشکلات کے بعد بھی انہوں نے ہمت نہ ہاری اور ریس کا نصف حصہ مکمل ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی فنانشل ایکسپرٹ نے الیکشن کمیشن میں سٹینڈرڈ آڈٹ رپورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف فنانشل ایکسپرٹ نے الیکشن کمیشن میں سٹینڈرڈ آڈٹ رپورٹ پیش کر دی۔ فنانشل ایکسپرٹ نے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی نے پی ٹی آئی کی پوری رپورٹ کو نظرانداز کیا، آڈٹ اکاؤنٹس کو غلط تصور کیا، یہ سکروٹنی کمیٹی کی یکطرفہ کارروائی تھی۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فندنگ کیس پر سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ پی ٹی آئی کے فنانشل ایکسپرٹ نے الیکشن کمیشن میں سٹینڈرڈ آڈٹ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی نے پی ٹی آئی کی پوری رپورٹ کو نظرانداز کیا، آڈٹ اکائونٹس کو غلط تصور کیا، یہ سکروٹنی کمیٹی کی یکطرفہ کاروائی تھی، بڑی رقوم چند اکاؤنٹس میں آئیں باقی چھوٹے اکاؤنٹس ہیں۔
پی ٹی آئی فنانشل ایکسپرٹ کا کہنا تھا کہ سکروٹنی کمیٹی کس طرح کام کرے گی، یہ طے نہیں ہوا، چاہتے تھے کہ سکروٹنی کمیٹی کچھ سوالات اٹھاتی، ریسرچ میں وقت لگاتی تو بہتر ہوتا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جن چیزوں پہ دلائل ہوچکے ان پر دوبارہ نہ آئیں، آپ اعداد و شمار پہ بات کریں۔
وکیل پی ٹی آئی انور منصور کی کمیشن کو یقین دہانی کہ وہ کل اعداد و شمار پر بات کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت کل 12 بجے تک ملتوی کر دی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو امریکا پہنچ گئے، کل امریکی ہم منصب سے ملاقات کریں گے

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو امریکا پہنچ گئے۔ کل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور امریکی ہم منصب اینٹونی بلنکن سے ملاقات کرینگے۔
گلوبل فوڈ سکیورٹی کے وزارتی اجلاس، بین الاقوامی امن و سلامتی کی بحالی اور خوراک کی حفاظت پر سلامتی کونسل کی کھلی بحث میں شرکت کے لیے وزیر خارجہ نیویارک پہنچ گئے ہیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم، امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان اور سفارت خانے کے دیگر افسران نے بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔

آم کی پیداوار میں 50 فیصد تک کمی کا خدشہ، برآمدی ہدف 25 ہزار ٹن کم کر دیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) موسمیاتی اثرات کی وجہ سے آم کی پیداوار میں 50 فیصد تک کمی کے خدشے کے سبب برآمدی ہدف 25 ہزار ٹن کم کر دیا گیا۔
موسمیاتی تبدیلی، بجلی اور ڈیزل کی قلت، پیکجنگ اور پراسیسنگ کی لاگت میں اضافہ اور بلند فریٹ چارجز کی وجہ سے رواں سیزن آم کے کاشتکاروں کے ساتھ ایکسپورٹرز کو بھی بحرانی کیفیت کا سامنا ہے، پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور بلند درجہ حرارت کی وجہ سے اس سال آم کی پیداوار میں 50 فیصد تک کمی ہو جائے گی۔
آم کی پیداوار میں کمی کے پیش نظر ایکسپورٹ کے ہدف میں گزشتہ سال سے 25 ہزار میٹرک ٹن کمی کردی گئی ہے، رواں سیزن کے لیے ایک لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ہدف پورا ہونے سے پاکستان کو 106 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔
رواں سیزن آم کی اوسط پیداوار 18لاکھ میٹرک ٹن ہے جو رواں سیزن 50 فیصد کمی سے 9 لاکھ میٹرک ٹن تک محدود رہنے کا خدشہ ہے۔ مارچ کے وسط میں آم کے پیداواری علاقوں میں اوسط درجہ حرارت 37سے 42ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو گزشتہ سیزن اوسط 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آب پاشی کے مسائل ، نہروں کی بندش کی وجہ سے پانی کی قلت، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور سیزن کے دوران ڈیزل کی قلت نے موسمی اثرات کو مزید سنگین بنا دیا۔
سرپرست اعلیٰ پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایسوسی ایشن وحید احمد کے مطابق رواں سیزن آم کی پیداوار اور ایکسپورٹ کو تاریخ کے سب سے مشکل سیزن کا سامنا ہے، روپے کی قدر میں کمی اور بجلی گیس کے ساتھ لیبر کی لاگت بڑھنے سے آم کی پراسیسنگ کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
پیکجنگ میٹریل گزشتہ سیزن سے 30فیصد تک مہنگا ہوا ہے جس سے آم کے ایکسپورٹرز کے لیے انٹرنیشنل مارکیٹ میں مسابقت مشکل ہو گئی ہے ۔ سمندری کرایوں میں نمایاں اضافے نے پاکستان کے آم کے لیے مسابقت کو دشوار بنانے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔
گزشتہ سال خلیجی ممالک اور دبئی کے لیے سمندری کرائے 1900ڈالر فی کنٹینر تھے جو اس سال 2800 ڈالر سے 3000 ڈالر فی کنٹینر تک پہنچ چکے ہیں۔ فضائی کرایوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے جس سے آم کی ترسیل کی لاگت غیرمعمولی طور پر بڑھ گئی ہے۔

والدہ کی شادی کا انجام دیکھ کر گھر بسانے سے خوف آتا تھا: صبا قمر

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ صبا قمر نے ایک ہی انٹرویو میں متعدد انکشافات کر ڈالے ہیں جس میں شادی کے متعلق ان کی رائے بھی سامنے آئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے کہا کہ وہ وقت بچانے اور مداحوں کی بھیڑ سے بچنے کیلئے اکثر عبائے اور حجاب میں مارکیٹ جاتی ہیں۔ مزید کہا کہ مجھے بہت برا لگتا ہے کہ جب اس سوچ پر عمل کیا جاتا ہے کہ عورت چاہے کما کر لا رہی ہے مگر گھر بیٹھ کر کھانے والے مرد کی ہی چلتی ہے، یہی وجہ ہے میں بہت سارے لوگوں کو زہر لگتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی والدہ کی شادی کا انجام دیکھ کر انہیں شادی سے بہت خوف آتا تھا۔ صبا نے بتایا کہ ان کے مینٹور نے انہیں بہت اچھی بات کہی، پوچھنے پر مینٹور نے کہا کہ شادی سے کیوں گھبراتی ہو، زیادہ سے زیادہ طلاق ہو جائے گی، تو دوسری شادی کر لینا، زندگی ایسی ہی ہے، اور کیا پتہ شادی کامیاب ہی ہو جائے۔

یوکرین جنگ کے دوران 229 بچے مارے گئے، اقوام متحدہ کے اعداد و شمار جاری

نیویارک: (ویب ڈیسک) یوکرین جنگ کے دوران 229 بچے مارے گئے، اقوام متحدہ نے بھی شہری اموات کی تصدیق کرتے ہوئے اعداوشمارجاری کر دئیے۔
یوکرین کے انسانی حقوق کے محتسب کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران روسی حملوں میں 229 بچے ہلاک، 424 زخمی ہوئے۔ اقوام متحدہ نےیوکرین جنگ میں 7 ہزار 814 شہریوں کے متاثرہونےکی تصدیق کی ہے۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمارکے مطابق جنگ کے دوران 3 ہزار 752 شہری ہلاک، 4 ہزار 62 یوکرینی شہری روسی حملوں میں زخمی ہوئے۔

چین میں مسافربردار طیارہ حادثے سے متعلق امریکی اخبار کی رپورٹ جاری

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) چین میں مسافربردارطیارہ حادثے کے حوالے سے امریکی اخبارنے رپورٹ جاری کردی۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی تحقیق کاروں کا ماننا ہے کہ چینی طیارہ جان بوجھ کر گرایا گیا۔ امریکا میں تباہ شدہ جہاز کا ریکارڈ تجزیہ کیلئے بھیجا گیا تو معلوم ہوا کہ طیارے کو کاک پٹ میں موجود ہی کسی شخص نے گرایا ، پائلٹ نے بھی کنٹرول ٹاور کی کالز کا جواب نہیں دیا۔
چائنہ ایسٹرن کی پرواز اکیس مارچ کو کن منگ سے گوانگ ژو جارہی تھی جس میں ایک سو بتیس افراد سوار تھے۔

کراچی: غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی زندگی اجیرن، دورانیہ 10گھنٹے سے تجاوز

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں گرمی بڑھتے ہی کے الیکٹرک کا سسٹم بھی جواب دینے لگا۔ لوگ ایک پنکھے سے بھی محروم ہو گئے۔ بیشتر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دس گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔
کے الیکٹرک کی بدترین کارکردگی، شدید گرمی میں کراچی پھر بجلی کو ترس گیا۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ کے الیکٹرک کا شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کا دعوی بھی غلط ثابت ہوا، شہر میں بجلی جانے کا کوئی وقت نہ رہا،غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان رہنے لگے۔
ملیرسٹی رفیع گارڈن، لائینزایریا،لیاقت آباد، اورنگی ٹاون،شاہ فیصل کالونی لوڈشیڈنگ سے زیادہ متاثر ہیں جبکہ گلستان جوہر، پہلوان گوٹھ، بھٹائی آباد، لانڈھی اور کورنگی سمیت دیگر علاقوں میں بھی بجلی کے تعطل نے لوگوں کی زندگی اذیت ناک بنا رکھی ہے۔
شدید گرم موسم میں بوڑھے،خواتین،بچے حتی کہ بیمار افراد کا بھی کوئی پرسان حال نہیں۔ سندھ ہائیکورٹ کی بھی بجلی صبح 5 بجے سے بند رہی، عملہ اور وکلا سمیت سائلین بھی شدید پریشان نظر آئے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کی بجلی سب اسٹیشن میں فالٹ کے باعث متاثر ہوئی، عدالتی امور کیلئے کے الیکٹرک متبادل ذرائع کا انتظام کر رہا ہے۔

حکومت کا غیر ضروری اور لگژری اشیا کی درآمد پر پابندی کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے غیر ضروری اور لگژری اشیا کی درآمد پر مکمل پابندی کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی معاشی تشویشناک صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے معاشی مشکلات سے نمٹنے کے لیے سخت فیصلے کرنے پر اتفاق کیا جس کے نتیجے میں روپے کی بے قدری میں کمی آئے گی۔
وزیر اعظم نے غیر ضروری اور لگژری اشیا کی درآمد پر پابندی کے فیصلے کو فوری طور پر اطلاق کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری و لگژری اشیا کی درآمد پر قیمتی زر مبادلہ خرچ نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعظم کی منظوری کی سمری موصول ہونے پر امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترامیم کی جائیں گی اور بڑی گاڑیوں، مہنگے موبائل فونز، کاسمیٹکس سمیت دیگر اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق درآمدات پر پابندی کا مقصد درآمدی بل کم کرنا ہے۔ اس اقدام سے ماہانہ ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے اور روپے کی قدر میں استحکام و بہتری لانے میں مدد ملے گی۔

بھارتی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قاتل کو رہا کر دیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قاتل کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
بھارتی سپریم کورٹ نے قتل کیس میں سزا کاٹ رہے مجرم اے جی پیراریولن کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے، اے جی پیراریوالن 30 سال سے زیادہ جیل میں قید تھے، انہیں 1998 میں سزائے موت سنائی گئی لیکن بعد میں اسے تبدیل کر دیا گیا۔
سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 142 کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پیریوالن کی رہائی کا حکم دیا۔، واضح رہے کہ راجیو گاندھی کو سال1991 میں تمل ناڈو میں قتل کردیا گیا تھا۔