تازہ تر ین

کراچی : 3 روز قبل اغوا ہونے والے ڈھائی سالہ بچے کی لاش نالے سے برآمد

کراچی: جیکسن سے اغوا ہونے والے ڈھائی سالہ بچے کی لاش نالے سے مل گئی،پولیس نے مختلف زاویوں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جیکسن میں تین روز قبل مبینہ طور پر اغوا ہونے والے ڈھائی سالہ معصوم بچے صلاح الدین کی لاش گھر کے قریب ایک نالے سے برآمد ہوئی۔

اس واقعے نے علاقے میں سوگ کی لہر دوڑا دی ہے جبکہ پولیس نے مختلف زاویوں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ڈھائی سالہ صلاح الدین اتوار کی صبح اپنے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اچانک لاپتہ ہو گیا تھا، جس کے بعد بچے کے لاپتہ ہونے پر اہلخانہ کی مدعیت میں تھانہ جیکسن میں اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا گیا تھا، جس میں بچے کے اغوا ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ تین دن کی تلاش کے بعد آج بچے کی لاش گھر سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ایک نالے سے ملی ہے۔

پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی اور وجوہاتِ موت جاننے کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش کی جا رہی ہے، بچے کی موت حادثاتی طور پر نالے میں گرنے سے ہوئی یا یہ قتل کا واقعہ ہے، اس کا حتمی فیصلہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

مقتول بچے کے اہلخانہ اور اہل علاقہ نے معصوم صلاح الدین کی ہلاکت پر شدید دکھ کا اظہار کیا ہے۔

پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام شواہد کو اکٹھا کیا جا رہا ہے تاکہ حقیقت سامنے لائی جا سکے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain