سابق فاسٹ بولر شعیب اختر قومی ٹیم کی بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عبرتناک شکست پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے کہا کہ میری کرکٹ میں دلچسپی ختم ہوگئی ہے اب صرف نوکری کے لیے آتا ہوں کیونکہ پیسے ملتے ہیں، کھلاڑی اس قسم کی پرفارمنس دیں گے تو آپ اب کیا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شان مسعود سمیت کوئی بھی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بننے کے لائق نہیں ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ اگر آپ کو وائٹ بال کا کپتان بنانا تھا تو فخر زمان کو بناتے اور اس کو نہ اوپنر ہٹانے اور نہ کپتان ہٹانے اسے وقت دیتے تو نتائئج اچھے آتے۔
شعیب اختر نے کہا کہ شاہین آفریدی کو ون ڈے کے بجائے ٹی 20 کا کپتان بنایا جانا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 78 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا، اس سے قبل پاکستان میں بھی بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔
سابق کرکٹرز کی جانب سے شان مسعود کو کپتانی سے ہٹائے جانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ پی سی بی کھلاڑیوں کے خلاف ایکشن لے۔





































