کراچی(آئی این پی ) پٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کا اونٹوں پر سوار ہوکر انوکھا احتجاج ریکارڈ کرایا اور قافلہ گورنر ہائوس کے باہر قائم دھرنا گاہ پہنچا۔ تفصیل کے مطابق جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری احتجاج کے 29 ویں روز شہر کے مختلف علاقوں سے پیدل مارچ اور اونٹوں پر مشتمل انوکھا قافلہ گورنر ہائوس کے باہر قائم دھرنا گاہ پہنچ گیا۔کیماڑی سے شتربانوں اور اونٹوں پر مشتمل ایک انوکھا قافلہ ریگل چوک پہنچا، جہاں سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان اور سیف الدین ایڈووکیٹ کی قیادت میں ریلی گورنر ہائوس کی جانب بڑھی۔ اونٹ سواروں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی اور پٹرول کی قیمتوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ مطاہرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرانے آئے ہیں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں پٹرول ڈلوانا اب عام آدمی کے بس میں نہیں رہا، حکومت کو بتانا چاہتے ہیں کہ مہنگائی سے ہر طبقہ شدید متاثر ہے۔احتجاج کے سلسلے میں ایئرپورٹ ناتھا خان سے گورنر ہائو س اور نارتھ کراچی پاور ہائوس سے گورنر ہائوس تک کارکنان اور شہریوں نے طویل پیدل مارچ کیا۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہ کی تو 20 ستمبر کو عوامی سیلاب کا رخ اسلام آباد کی جانب ہو گا۔
