لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ماڈل ٹاون ڈویژن سے انسدادِجرائم میٹنگ کا انعقاد کیا۔ میٹنگ میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی ماڈل ٹاون، سرکل افسران،ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پیشہ وربھکاری بہت سی سماجی برائیوں،جرائم میں ملوث ہوتے ہیں۔اس لیے چوکوں،چوراہوں میں کھڑے بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاون کیا جانا ضروری ہے۔فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کو قیمتی اشیاء سے محروم کرنے والے چوروں،جیب تراشوں کا محاسبہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل ودیگر چوری کی وارداتیں کنٹرول کرنے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائیں۔نوسربازی کی ذریعے شہریوں کو مالی نقصان پہنچانے والے گروہوں کو پکڑیں۔ فیصل کامران نے کہا کہ ڈالہ کلچر،ناجائز اسلحہ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ سود خوروں، منشیات فروشوں،جواریوں،پتنگ بازوں کے خلاف کارروائیاں کریں اس کے علاوہ رات کے اوقات میں آوارہ پھرنے والے افراد کو لازمی چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ دورانِ ڈیوٹی خصوصا رات کے اوقات میں ہر افسر واہلکار نیم پلیٹ آویزاں کرنے کا پابند ہے۔۔
