لاہور (این این آئی) 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے تکیوں اور صوفے کے کشنز پر ہاتھ سے خوبصورت اور دلکش کشیدہ کاری کرکے سب کو حیران کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد نے سوئی اور دھاگے کی مدد سے کپڑوں پر رنگ برنگی کڑھائی کی ہے جس میں ہاتھی، گھوڑے، پرندے، تتلیاں، پھول اور دلکش بیل بوٹے نمایاں نظر آتے ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنی اس فن کے بارے میں جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ تخلیق کسی سٹوڈیو میں نہیں بلکہ پسِ زنداں کی گئی ہے جہاں کپڑے پر لگا ہر ایک ٹانکا صبر کی علامت اور ہر رنگ امید کی ایک نئی کرن ہے، جب وقت بالکل تھم جائے اور روح خالی محسوس ہو تو تخلیقی کام انسان کو تسکین فراہم کرتا ہے اور انسان کو یہ پختہ یقین ہونا چاہیے کہ سخت ترین اور مظلم حالات میں بھی خوبصورتی نمودار ہوکر رہتی ہے۔
