انگلینڈ کے مایہ ناز آل راؤنڈر اور ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے 15 سالہ شاندار بین الاقوامی کیریئر کے اختتام کا اعلان کر دیا۔ اسٹوکس جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر تمام بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔
35 سالہ اسٹوکس نے 2011 میں انگلینڈ کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا جبکہ 2022 سے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالی۔ انہوں نے 2019 ورلڈ کپ فائنل میں ناقابلِ فراموش اننگز کھیل کر انگلینڈ کو پہلی بار عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ اسی سال ایشز سیریز کے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں 135 رنز کی تاریخی اننگز بھی ان کے کیریئر کا یادگار لمحہ رہی۔
بطور کپتان انہوں نے کوچ برینڈن میک کولم کے ساتھ مل کر جارحانہ "بیزبال” انداز متعارف کرایا، جس نے انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ کو نئی شناخت دی۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے انہیں جدید دور کے عظیم ترین کپتانوں اور آل راؤنڈرز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

