پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (PMD) نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 17 سے 21 اگست کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے ایک طویل اسپیل کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مضبوط مون سون ہوائیں اس وقت ملک کے شمالی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جو آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کی سرگرمی میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔
پیشگوئی کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں 17 سے 19 اگست کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی 17 سے 19 اگست تک شدید بارشیں متوقع ہیں۔
پنجاب اور اسلام آباد میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملحقہ علاقوں میں 17 سے 19 اگست کے دوران بارش جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور بعض مقامات پر اچانک سیلاب کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

