صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 31 اگست کی رات سے 4 ستمبر تک گرم موسم کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جس کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار میں اضافہ اور گلیشیائی جھیلوں میں پانی کی سطح بلند ہوسکتی ہے۔
الرٹ کے تحت اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت وارننگ جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ انتظامیہ کو حساس علاقوں میں انخلا کی مشقیں کرنے، محفوظ مقامات تیار رکھنے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو ممکنہ خطرے سے بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
شہریوں کو دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر، کیمپنگ اور ٹریکنگ سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق تیز بہاؤ والا پانی گاڑیوں سمیت دیگر اشیا کو بہا سکتا ہے۔ شہریوں کو ندی نالوں کے پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی یا غیر معمولی آوازوں پر بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ یہ اچانک سیلاب کی ممکنہ علامات ہوسکتی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشنز سینٹر صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی کر رہا ہے، جبکہ ہنگامی صورتحال میں شہری ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

