پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے لندن کے لیے اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ نئے شیڈول کے تحت 27 اکتوبر 2026 سے لندن کے لیے ہفتے میں 7 براہِ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔
پی آئی اے کے مطابق اس وقت لندن کے لیے ہفتہ وار 4 پروازیں چلائی جا رہی ہیں، جنہیں بڑھا کر 7 کردیا جائے گا۔ نئی پروازوں میں 5 اسلام آباد سے جبکہ 2 لاہور سے لندن کے لیے آپریٹ ہوں گی۔
قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ پروازوں کی تعداد میں اضافہ مسافروں کی بڑھتی ہوئی طلب اور پی آئی اے کی خدمات پر اعتماد میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔ اضافی پروازوں سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان براہِ راست فضائی رابطہ مزید بہتر ہوگا اور مسافروں کو سفر کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔
پی آئی اے نے تقریباً پانچ سال کے وقفے کے بعد برطانیہ کے لیے براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع کی تھیں۔ برطانیہ نے جولائی 2025 میں پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالا، جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز کے لیے برطانیہ میں آپریشن کی راہ ہموار ہوئی۔ پی آئی اے نے ستمبر 2025 میں برطانیہ کے لیے براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی منظوری حاصل کی۔
مانچسٹر پی آئی اے کا برطانیہ میں دوبارہ شروع ہونے والا پہلا روٹ تھا، جبکہ مارچ 2026 میں لندن کے لیے براہِ راست پروازیں بھی بحال کردی گئی تھیں۔ اب ہفتہ وار 7 پروازوں کے ساتھ لندن آپریشن کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔
پی آئی اے کے نئے شیڈول سے خصوصاً برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں اور کاروباری و دیگر مقاصد کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو پاکستان اور لندن کے درمیان براہِ راست سفر کے مزید آپشنز دستیاب ہوں گے۔

