نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے شمالی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈ، شہری سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارش اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) اور اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
گلگت بلتستان میں گلگت، دیامر، غذر، ہنزہ، اسکردو، استور، شگر، نگر، روندو، غانچے اور کھرمنگ کے علاقوں کو ممکنہ سیلاب کے حوالے سے حساس قرار دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، صوابی اور مردان سمیت مختلف علاقوں میں فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر میں مظفرآباد، باغ، پونچھ، حویلی، بھمبر، میرپور، کوٹلی اور سدھنوتی کے علاقوں میں بھی سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری اور گلیات میں بھی شدید بارش کے باعث شہری سیلاب کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئر جھیلوں اور پہاڑی علاقوں کے خطرناک مقامات کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ضلعی انتظامیہ و این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کریں۔

