اسلام آباد(خبریں ڈیجیٹل ) انسانی جانوں کو درپیش شدید خطرات کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت کے تمام ڈیموں، دریائوں اور ندی نالوں میں سوئمنگ اور نہانے پر 2 ماہ کیلئےمکمل پابندی عائد کر دی گئی ۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد ڈاکٹر انعم فاطمہ کی جانب سے جار ی حکم نامے میں کہا گیا کہ راول ڈیم، سملی ڈیم، سوان ریور، کورنگ نالہ، انگوری روڈ نالہ، چھتر پارک نالہ، شاہدرہ، سنڈے مار ڈیم اور دیگر ندی نالوں میں نہانے پر دافعہ 144 کے تحت پابندی لگائی گئی ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ان مقامات پر شہریوں کی جانب سے نہانے اور تلاطم خیز پانی میں اترنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جہاں پہلے بھی افسوسناک حادثات پیش آ چکے ہیں۔دفعہ 144 (CrPC 1898) کے تحت اس پابندی کا فوری اطلاق کر دیا گیا ہے جو اگلے 2 ماہ تک برقرار رہے گی۔متعلقہ حکام اور پولیس کو حکم نامے پر سختی سے عمل درآمد کروانے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے اس پابندی کی وسیع پیمانے پر تشہیر کیلئے اسے آفیشل گزٹ، مقامی اخبارات اور دیگر میڈیا میں شائع کرنے کے ساتھ ساتھ عدالتوں، تھانوں اور اہم عوامی مقامات پر بھی آویزاں کرنے کا حکم دیا ہے۔
