لاہور(خبریں ڈیجیٹل) سعودی عرب کے مختلف مقامات پر حوثیوں کے حملے کے تناظر میں مکہ مکرمہ میں پہلی بار فضائی حملے کے خطرے کا الرٹ جاری کردیا گیا۔نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ الرٹ سعودی سول ڈیفنس نے جاری کی ہے جس میں مکہ مکرمہ، جدہ اور طائف سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ فضائی خطرے کے حوالے سے ہنگامی الرٹس جاری کیے تاہم کچھ ہی دیر بعد مکہ مکرمہ میں خطرہ ٹلنے کا اعلان کردیا گیا۔سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے جاری الرٹ میں شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔ جس کے بعد حوثیوں کے مسلسل میزائل اور ڈرون حملوں پر تشویش مزید بڑھ گئی۔تاہم تھوڑی دیر بعد ہی سعودی سول ڈیفنس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ مکہ مکرمہ میں خطرہ ٹل گیا ہے لیکن شہری احتیاطی تدابیر جاری رکھیں غیر ضروری اجتماعات اور متاثرہ مقامات پر جانے سے گریز کریں۔رپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ میں اس نوعیت کا الرٹ پہلی بار جاری کیا گیا ہے۔ اس سے قبل سعودی سول ڈیفنس نے ملک کے 6 علاقوں میں بھی مختصر دورانیے کے فضائی خطرے کے الرٹس جاری کیے تھے۔ یہ الرٹس ایک ایسے وقت میں جاری کیے گئے جب یمن کے حوثی جنگجوں نے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں میں شدت پیدا کردی ہے۔
