روس اور یوکرین نے ایک بار پھر ایک دوسرے پر رات گئے فضائی حملوں کے الزامات عائد کیے ہیں، جن میں یوکرینی حکام کے مطابق 8 افراد ہلاک ہوئے۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے جاری جنگ میں فضائی کارروائیاں تیز ہوگئی ہیں۔
یوکرین کی ایمرجنسی سروس کے مطابق دارالحکومت کیف میں روسی حملوں کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور کم از کم 8 زخمی ہوئے، جبکہ مختلف مقامات پر گوداموں، رہائشی عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب خارکیف کے گورنر نے بتایا کہ اسٹارا ہنیلیٹسیا کے علاقے میں ایک فارم پر حملے کے نتیجے میں مزید 6 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے۔ یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے رات کے دوران 282 ڈرونز اور 7 میزائل داغے، جن میں سے 220 ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
روس کی وزارت دفاع نے بھی جوابی کارروائیوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی افواج نے یوکرین میں ڈرون سازی، لاجسٹکس اور ٹیلی کمیونیکیشن سے متعلق تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ روس نے مزید دعویٰ کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مختلف روسی علاقوں اور کریمیا کے اوپر 40 یوکرینی ڈرونز مار گرائے۔
روس کے جنوبی علاقے کراسنودار میں حکام کے مطابق ایک مقام پر ڈرون کے ملبے سے آگ بھڑک اٹھی، تاہم وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دونوں جانب سے حملوں میں شہری تنصیبات کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی تردید کی جاتی ہے، جبکہ جنگ کے باعث فریقین کے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق مشکل ہے۔

