اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ 28 ستمبر کو جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جبکہ شہری اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے سیدپور میں 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ گولڑہ میں 25، پیرودھائی میں 28 اور گوالمنڈی میں 27 ملی میٹر بارش ہوئی۔ راولپنڈی میں واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فیلڈ افسران اور بھاری مشینری کو نشیبی علاقوں میں تعینات کردیا۔
حکام کے مطابق نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے، تاہم شہریوں کو نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں مزید بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی کی ہے۔

