راولپنڈی(خصوصی رپورٹر) تھانہ وارث خان راولپنڈی کے علاقے میں 2 نوجوان مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے باعث جاں بحق ہوگئے ہیں تفصیلات کے مطابق تھانہ وارث خان راولپنڈی کے کمیٹی چوک میں 2 نوجوانوں کی حالت غیر ہونے پر اہل خانہ نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو کال کی۔ ذرائع کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے معاملہ پولیس کیس قرار دیتے ہوئے مدد کے لیے پولیس ہیلپ لائن ون فائیو کو اطلاع دے دی۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں نوجوانوں کی لاشوں کو قبضے میں لے کر بے نظیر بھٹو ہسپتال (بی بی ایچ)منتقل کردیا۔ بعد ازاں لاشوں کو مزید کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (سول ہسپتال) راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔ورثا کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے تاحال لاشیں حوالے نہیں کی جا رہیں، جس کے باعث اہل خانہ کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اہل خانہ نے اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ لاشیں جلد حوالے کی جائیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد موت کی حتمی وجہ کا تعین ہوسکے گا۔
