اسلام آباد(عادل عباسی )نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کی تیاری کرلی گئی ہے زرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کا نام تبدیل کرکے سائبر پولیس رکھنے اور ملک کے ہر ضلع میں سائبر پولیس اسٹیشن قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی سے متعلق تجاویز وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہیں۔ تجاویز میں سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے پولیس اور سائبر پولیس کا مشترکہ نظام متعارف کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت این سی سی آئی اے کی موجودہ عمارتوں کو سائبر پولیس اسٹیشنز میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ ہر ضلع میں سائبر جرائم کی تحقیقات اور کارروائی کے لیے سائبر پولیس اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر ضلع میں قائم کیے جانے والے سائبر پولیس اسٹیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کی جگہ اسٹیشن ہاس آفیسر تعینات کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ بڑے اضلاع میں ایس پی اور ڈی ایس پی رینک کے افسران تعینات کیے جائیں گے، جبکہ چھوٹے اضلاع میں ڈی ایس پی رینک کا افسر سائبر پولیس اسٹیشن کی نگرانی کرے گا۔ذرائع کے مطابق لاہور کے ہر پولیس ڈویژن میں بھی سائبر پولیس اسٹیشن قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ سائبر جرائم کی تحقیقات کو ضلعی پولیس کے نظام سے منسلک کرنے اور پولیس و سائبر پولیس کے درمیان مشترکہ طریقہ کار وضع کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے بھجوائی گئی تجاویز پر وزارت داخلہ غور کررہی ہے، جبکہ سائبر پولیس کے قیام، نام کی تبدیلی اور نئے انتظامی ڈھانچے کی حتمی منظوری وزارت داخلہ کی جانب سے دی جائے گی۔
