واشنگٹن، تہران ( نیوز ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دی ہے کہ وہ یا تو ایک انتہائی منصفانہ معاہدے پر دستخط کرے گا یا پھر اس کا وجود مزید باقی نہیں رہے گا۔ادھر امریکہ نے ایران کے خلاف ممکنہ نئی کارروائیوں کے پیش نظر مشرق وسطیٰ میں 10ہزار اضافی فوج بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب ایران میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں پاسداران انقلاب کے 5اہلکار جاں بحق ہوگئے جبکہ آبنائے ہرمز میں بحری ٹینکر پروجیکٹائل کی زد میں آگیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی ہے کہ اگر ایران رواں ہفتے پیش آنے والے فلائی دبئی واقعہ سے منسلک پایا گیا تو تہران کو بہت سخت نشانہ بنایا جائے گا۔موجودہ کشیدگی بہت جلد ختم ہو جائے گی، تاہم تہران کی جانب سے واشنگٹن کے ساتھ معاہدہ نہ کرنے کی صورت میں اسے سنگین نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق ٹیکساس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اگر ایران رواں ہفتے پیش آنے والے فلائی دبئی واقعہ سے منسلک پایا گیا تو فکر نہ کریں، ایران پر بہت سخت حملہ کیا جائے گا۔تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کا معاملہ ختم ہوتے ہی تیل کی قیمتیں نیچے آنا شروع ہو جائیں گی، اور یہ معاملہ تقریبا ابھی ختم ہو چکا ہے، ہم آبنائے ہرمز سے جنگ سے پہلے کے مقابلے میں اب زیادہ تیل نکال رہے ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران یا تو ایک انتہائی منصفانہ معاہدے پر دستخط کرے گا یا پھر اس کا وجود مزید باقی نہیں رہے گا۔انہوں نے ایران کی جانب سے کسی بھی معاہدے کی پاسداری پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب میں اس کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرتا ہوں تو آپ اس کی پاسداری کریں گے، لیکن جب آپ ایران کے ساتھ معاہدہ کریں گے تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ اس کی پاسداری نہیں کریں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس جدید ریڈار موجود نہیں، ایران سمندر میں بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کررہاہے، ایرانی جہاز کئی ماہ سے آبنائے ہرمز عبور نہیں کرسکا، ایران کی فوجی سازوسامان بنانے کی صلاحیت تقریبا ختم ہوچکی،بیشتر کمانڈر جاچکے۔ادھر امریکہ نے ایران کے خلاف ممکنہ نئی کارروائیوں کے پیش نظر مشرق وسطیٰ میں 10ہزار اضافی فوج بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔امریکی حکام کے مطابق بحری جہازوں کے گروپ میں 7ہزار سے زائد سیلرز اور 2 ہزار سے زائد میرینز شامل ہیں جن میں یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ کیریئر اسٹرائیک گروپ اور یو ایس ایس میکن آئی لینڈ ایمفی بیئس ریڈی نیس گروپ شامل ہیں۔اس تعیناتی کے بعد اکتوبر کے آخر تک خطے میں تین امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے موجود ہو سکتے ہیں۔ادھر ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے پاسداران انقلاب کے 5اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی زمینی افواج کے جنوب مشرقی قدس ہیڈکوارٹر کے مطابق دھماکا صوبے کی ایک سڑک پر اس وقت ہوا جب سکیورٹی قافلہ وہاں سے گزر رہا تھا۔یہ حملہ اس علاقے میں ہونے والی حالیہ جھڑپوں کے بعد ہوئی جس میں سکیورٹی فورسز نے متعدد مسلح افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔پاسداران انقلاب نے حملہ آوروں کو دہشت گرد قرار دیا تاہم بیان میں کسی تنظیم کا نام نہیں بتایا گیا۔دریں اثناء ایران کے قائم مقام وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل مجید ابن رضا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کیا ہے کہ ایران کی فوج مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطاقب ابن رضا نے کہا فرضی جنگی ڈرامے امریکی فوج کی تھکن اور جنگ کی بڑھتی لاگت کو چھپا نہیں سکتے، جنگ کے خلاف عوامی دبائو ، امریکی افواج کی تھکن اور بڑھتے اخراجات نے واشنگٹن کی حکمت عملی کو متاثر کیا ہے۔ایرانی وزیر دفاع نے کہا دفاعی صنعت کی تباہی کے دعوے میدان جنگ میں ایران کی صلاحیت اور اقدام کو تبدیل نہیں کرسکتے۔علاوہ ازیںآبنائے ہرمز سے گزرنے والا بحری ٹینکر نامعلوم پروجیکٹائل کی زد میں آگیا، ٹینکر پر آگ لگ گئی۔ غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی بحری ادارے نے بتایا ہے کہ عملہ محفوظ رہا۔نقصان اور ماحولیاتی اثرات کے بارے میں ابھی تک کوئی معلومات نہیں ہوسکیں۔
ٹرمپ
