صومالیہ میں ہائی جیک کیے گئے آئل ٹینکر MT Honour 25 کی بازیابی کے آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے تین پاکستانیوں کی میتیں ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا پہنچ گئیں۔
جاں بحق پاکستانیوں میں رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری شامل ہیں۔ آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 5 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں تین پاکستانی اور دو دیگر ممالک کے شہری شامل تھے، جبکہ چار افراد زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق میتیں ادیس ابابا پہنچنے کے بعد ایتھوپین ایئرلائنز کے عملے نے تابوتوں اور سفری انتظامات کا جائزہ لیا، جس کے بعد کراچی روانگی کیلئے حتمی کلیئرنس دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر پاکستانی حکام میتوں کی جلد وطن واپسی کیلئے متعلقہ اداروں اور ایتھوپین ایئرلائنز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔ وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
بعد ازاں ایتھوپین ایئرلائنز کی پرواز ET-694 کے ذریعے تینوں میتیں اور صومالیہ میں زخمی ہونے والے چار پاکستانیوں کو کراچی روانہ کر دیا گیا، جبکہ پرواز کی کراچی آمد آج شام متوقع ہے۔
جاں بحق پاکستانیوں کے اہلخانہ نے حکومت کی جانب سے میتوں کی جلد وطن واپسی کیلئے کیے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔
صومالیہ میں جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں وطن واپسی کیلئے ادیس ابابا پہنچ گئیں

