مائیکروسافٹ کی ڈیجیٹل ڈیفنس رپورٹ 2026 کے مطابق متحدہ عرب امارات دنیا بھر میں سائبر حملوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں چھٹے نمبر پر ہے۔ رپورٹ میں جنوری سے جون 2026 کے دوران مائیکروسافٹ صارفین کو نشانہ بنانے والی سائبر سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکا پہلے، اسرائیل دوسرے، یوکرین تیسرے، تائیوان چوتھے، برطانیہ پانچویں جبکہ متحدہ عرب امارات چھٹے نمبر پر رہا۔ بھارت، جاپان، کینیڈا، جرمنی، آسٹریلیا اور فلپائن بھی دنیا کے 12 زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہیں۔
مائیکروسافٹ کے اعداد و شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دنیا بھر میں ریکارڈ کی گئی سائبر سرگرمیوں کے اثرات کا تقریباً 2.8 فیصد حصہ سامنے آیا۔ یو اے ای مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے خطے میں سائبر سرگرمیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق ایران سے منسلک سائبر حملہ آوروں کیلئے بھی متحدہ عرب امارات اہم ہدف ہے اور ایران سے منسلک حملوں میں یو اے ای تیسرا سب سے زیادہ نشانہ بننے والا ملک ہے۔ ایسے حملہ آور اکثر معروف سکیورٹی خامیوں، کمزور تصدیقی نظام، انٹرنیٹ سے براہِ راست منسلک نظام، فِشنگ اور اسناد چوری کرنے کی تکنیکوں کو استعمال کرتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مصنوعی ذہانت سائبر حملوں اور ان کے دفاع، دونوں کے طریقہ کار کو تیزی سے تبدیل کر رہی ہے۔ اسی تناظر میں مائیکروسافٹ، یو اے ای سائبر سکیورٹی کونسل اور Core42 نے اماراتی حکومت کے اداروں میں مائیکروسافٹ کی مصنوعی ذہانت پر مبنی سائبر سکیورٹی صلاحیت MDASH متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سرکاری اداروں کو سکیورٹی کمزوریوں کی نشاندہی، خطرات کو ترجیح دینے اور ابھرتے ہوئے سائبر خطرات کا زیادہ تیزی سے جواب دینے میں مدد ملے گی۔
متحدہ عرب امارات دنیا میں سائبر حملوں کے 12 بڑے اہداف میں شامل: مائیکروسافٹ

