غزہ شہر کے علاقے الرمال میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم 5 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غزہ کی سول ڈیفنس اور الشفا اسپتال کے حکام کے مطابق شہید ہونے والوں میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔
فلسطینی حکام کے مطابق حملہ ہفتے کی علی الصبح کیا گیا، جس کے دوران رہائشی اپارٹمنٹ پر دو میزائل گرنے سے عمارت میں آگ بھڑک اٹھی اور کئی حصے متاثر ہوئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے پانچ لاشیں اور متعدد زخمیوں کو نکال کر الشفا اسپتال منتقل کیا۔
رپورٹس کے مطابق شہید ہونے والوں میں ایک مسیحی ماں میسا ابو داؤد اور ان کی بیٹی میری بھی شامل تھیں۔ دونوں کی نمازِ جنازہ غزہ شہر کے تاریخی سینٹ پورفیریئس یونانی آرتھوڈوکس چرچ میں ادا کی گئی، جہاں اہلخانہ اور دوستوں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے کا مبینہ ہدف حماس کے ایک سینئر سیاسی رہنما علی العمودی تھے، تاہم اسرائیلی فوج نے فوری طور پر اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ یہی حملہ مذکورہ پانچ افراد کی ہلاکت کا سبب بنا یا نہیں۔
حملے کے بعد فلسطینی سول ڈیفنس کی ٹیمیں متاثرہ عمارت کے ملبے میں مزید افراد کی تلاش کرتی رہیں، جبکہ علاقے میں اسرائیلی ڈرونز کی پروازیں بھی جاری رہیں۔