All posts by Khabrain News

کراچی : پرانا گولیمار میں مکان کی چھت گر گئی، 2 افراد جاں بحق

کراچی : (ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقے پرانا گولیمار میں شاہ نواز چوک کے قریب مکان کی چھت گرنے کے باعث 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق چھت گرنے کے باعث جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں جن کی شناخت محمد علی اور سلطانہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ گل بانو اور 8 سالہ ریان زخمی ہوئے۔
ریسکیو ذرائع نے مزید بتایا کہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ٹھٹھہ : تیز رفتار ہائی روف الٹ گئی، 10 سالہ بچہ جاں بحق، 15 افراد زخمی

ٹھٹھہ: (ویب ڈیسک) سجاول روڈ پر برانچ موری کے قریب تیز رفتار ہائی روف الٹ گئی جس کے نتیجے میں 10 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ تمام زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت ذیشان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ بچے کی لاش اور حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ہسپتال منتقل کئے جانے والے زخمیوں میں سے تین کی حالت نازک ہے۔

امریکا کی کراچی پولیس آفس پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کراچی پولیس آفس پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تشدد کسی بھی چیز کا جواب نہیں، اسے رکنا چاہیے۔
نیڈ پرائس نے دہشت گردی میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
دوسری جانب کراچی پولیس آفس حملے کے بعد امریکا نے اپنے شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں متاثرہ علاقے میں جانے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کر دی۔
اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ نے کہا کہ ہم امریکی شہریوں کو ہدایت کرتے ہیں کہ وہ زیادہ احتیاط برتیں، متاثرہ علاقے میں جانے سے گریز کریں، دوستوں اور اہل خانہ کو اپنی حفاظت کے بارے میں مطلع کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

کراچی پولیس آفس پر حملہ کرنیوالے 2 دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی پولیس ہیڈ آفس ( کے پی او ) کو کلیئر کرنے کی کارروائی کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں مارے جانے والے تین میں سے دو دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں دہشت گردوں کا تعلق صوبہ خیبرپختونخوا سے تھا، ایک دہشت گرد کی شناخت کفایت اللہ ولد میرز علی خان کے نام سے ہوئی ہے جو لکی مروت کا رہائشی تھا۔
پولیس نے بتایا کہ دوسرے دہشت گرد کی شناخت ذالا نور علی ولد وزیر رحمان کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں دہشت گردوں کا مزید ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے ان کے فنگر پرنٹس بھی نادرا کو بھجوا دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور عمارت کو تقریباً 4 گھنٹے بعد کلیئر کرالیا گیا۔

کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد میں کمی، 11 مریض زیر علاج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5 ہزار 160 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 160 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 17 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.33 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 11 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

دہشت گردی سے پی ایس ایل کو کوئی فرق نہیں پڑے گا: وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی : (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی پولیس آفس پر حملے سے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، پی ایس ایل کے لئے بہترین سکیورٹی پلان ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آپریشن مکمل ہونے کے بعد کراچی پولیس آفس کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے پی ایس ایل کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ، پی ایس ایل کو روکا گیا تو یہ بزدل لوگ سمجھیں گے کہ وہ کامیاب ہوگئے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دیکھا جائے گا کہ ہم سے کس مقام پر غلطی ہوئی، ہمارے جوانوں نے جواں مردی سے مقابلہ کیا، شہدا کو شہید کوٹے کے تحت معاوضہ دیا جائے گا ، پشاور دھماکے کے بعد ہم متحرک تھے مگر کوئی مخصوص تھریڈ نہیں تھا، حملے میں تین دہشت گرد تھے جنہیں ہلاک کردیا گیا ہے، حملے اور کلیئرنس آپریشن کے دوران چار جوان شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میچز شیڈول کے مطابق کراچی میں جاری رہیں گے، تمام ٹیموں کو صدارتی سطح کی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے، آج کراچی کنگز اور کو ئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ بھی اپنے مقررہ وقت پر شروع ہوگا، پلان کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ میچ کھیلنے کے لئے ملتان روانہ ہوگئی ہے جبکہ زلمی بھی اگلے میچ کے لئے کراچی پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور عمارت کو تقریباً 4 گھنٹے بعد کلیئر کرالیا گیا۔

کراچی پولیس ہیڈ آفس پر حملہ، آپریشن مکمل، تمام دہشت گرد مارے گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) پولیس ہیڈ آفس پر حملہ کے بعد کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا، آپریشن کے دوران تمام دہشت گرد مارے گئے اور عمارت کو کلیئر کرا لیا گیا۔
آپریشن مکمل ہونے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تصدیق کی کہ حملہ آور 3 تھے، تینوں ہلاک ہو گئے جبکہ دہشت گردوں کےخلاف بہادری کا مظٓاہرہ کرتے ہوئے 2 پولیس، ایک رینجرز اہلکار اور ایک سویلین ملازم شہید ہو گئے۔
کراچی پولیس ہیڈ آفس پر حملہ شام سوا سات بجے کیا گیا، دہشت گرد مزاحمت کے باوجود عمارت میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے، شدید فائرنگ اور دستی بموں کا استعمال ہوا، وقفے وقفے سے گولیوں کی تڑتڑاہٹ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
واقعات کے مطابق کراچی پولیس آفس پر شام سوا 7 بجے کے قریب دہشت گردوں نے حملہ کیا، پولیس آفس کے قریب شدید فائرنگ اور دھماکے بھی سنے گئے، شدید فائرنگ کی آوازوں اور دھماکوں سے علاقہ گونج اٹھا، شہر بھر سے پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی۔
پولیس ہیڈ آفس میں عملہ موجود تھا، حملہ کے فوراً بعد پولیس حکام نے کے پی او کی تمام لائٹس بند کر دیں، پولیس ہیڈ آفس کے عقب سے حملہ آوروں نے دستی بم پھینکے، دہشت گرد کراچی پولیس آفس داخل ہوئے، وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور گروپ کی شکل میں تھے، یہ ایک منظم حملہ تھا، مسلح دہشت گرد مزاحمت کے باوجود اندر داخل ہو گئے اور پارکنگ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، اطلاعات ہیں کہ وہ عقبی راستے سے داخل ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کی جانب 20 سے 25 گرنیڈ کے حملے کیے گئے، ان کا گھیراؤکرکے ہم نے آپریشن کیا، گرنیڈ مارنے کا مقصد گیٹ سے داخل ہونا تھا۔
ڈی آئی جی آر آر ایف کے مطابق دہشت گرد خودکش جیکٹ سے لیس تھے، چنے بھی ساتھ لائے تھے، وہ تمام سامان نیلے بیگ میں ساتھ رکھ کر لائے تھے۔
کراچی پولیس ہیڈ آفس پر حملہ کے خلاف پولیس کی بھاری نفری اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کیا، پاک فوج کے دستے بھی ساتھ تھے، جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، سرچنگ کے دوران اہلکار نعرے بھی لگاتے رہے۔
جناح ہسپتال میں لائے گئے زخمیوں اور مرنے والوں کی فہرست کے مطابق 18 افراد جناح ہسپتال لائے گئے، جن میں 4 جاں بحق شامل ہیں، جاں بحق افراد میں پولیس کانسٹیبل غلام عباس، 24 سالہ رینجرز اہلکار تیمور، خاکروب اجمل مسیح اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے، 7 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈی جی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے دورہ پاکستان کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے 15 سے 16 فروری تک پاکستان کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے وزیر اعظم، وزیر خارجہ سے ملاقاتوں سمیت مختلف انسٹی ٹیوٹس کے دورے کیے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال پر تعاون بڑھانے پر زور دیا، پاکستان اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی زور دیا۔
ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، پاکستانی حکام نے ڈی جی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کو نیوکلیئر سکیورٹی اور ریگولیٹری نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔
ڈی جی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے نیشنل ریڈی ایشن ایمرجنسی کوآرڈینیشن سینٹر کا بھی افتتاح کیا، اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ نے بریف کیا کہ پاکستان کے پاس سول نیوکلیئر پاور پلانٹس کے محفوظ آپریشنز کا 5 دہائیوں کا تجربہ ہے، پاکستان انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے معیار اور رہنما اصولوں پر عمل کرتا ہے۔
مزید برآں ڈی جی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے چشمہ نیوکلیئر پاور جنریٹنگ سٹیشن، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، نیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی اور پاکستان سینٹر آف ایکسی لینس آن نیوکلیئر سکیورٹی کا بھی دورہ کیا۔

پرویز الہٰی آڈیو لیکس کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل بھیجنا چاہیے، نواز شریف

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی آڈیو لیکس کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل بھیجنے کا مطالبہ کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ چودھری پرویز الہیٰ کی جسٹس مظاہر نقوی سے متعلق آڈیو لیکس بڑا سنگین معاملہ ہے، انہی کرداروں کی وجہ سے آج پاکستان اس مقام پر پہنچا ہے، ان لوگوں کی وجہ سے پاکستان لڑھک رہا ہے اور سر کے بل گر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کا بھرپور نوٹس لیا جانا چاہیے، سپریم جوڈیشل کونسل کو یہ کیس ضرور بھیجا جانا چاہیے، اگر ان کا نام سپریم جوڈیشل نہیں بھیجنا تو میرا نام بھیج دیں، اتنے الزامات مجھ پر لگائے ہیں ایک اور الزام لگ گیا تو کیا ہو جائے گا۔
نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ میرے 4 سالہ دور حکومت کا موازنہ عمران خان کے 4 سالوں کے ساتھ کیا جانا چاہیے، گینگ آف فائیو کو بھی معافی نہیں ملنی چاہیے، ہم پاکستان کی بہتری کیلئے ڈٹے رہیں گے، ہم پیچھے ہٹ گئے تو پھر کون خبر لے گا۔

آرٹیکل 187 سپریم کورٹ کو پارلیمان سے بھی زیادہ با اختیار بناتا ہے، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر قانون فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 187 سپریم کورٹ کو ایسے اختیارات دیتا ہے کہ پارلیمنٹ بھی اتنا اختیار نہیں رکھتی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے آرٹیکل 190 کے تحت سپریم کورٹ کے احکامات کے پابند ہیں، الیکشن کمیشن اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ جائے ورنہ یہ سپریم کورٹ کو چیلنج کرنے والی بات ہے۔
خیال رہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے بدھ کے روز سپریم کورٹ میں پیش ہو کر کہا تھا کہ حکومت پیسے اور آرمی سکیورٹی دینے کو تیار نہیں، شفاف انتخابات کیسے کروائیں؟، آئین کے آرٹیکل 105 کے تحت الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ نہیں دے سکتا۔
اس پر سپریم کورٹ نے انتخابات کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر الیکشن کمیشن سے تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی۔
عدالت پیش ہونے کے بعد الیکشن کمشنر نے قانونی ٹیم سے رائے طلب کی کہ کیا الیکشن کمشنر کو عدالت کے سامنے پیش ہونا بھی چاہیے یا نہیں؟، جس پر قانونی ٹیم نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر عدلیہ کے سامنے پیش ہونے کے پابند نہیں۔