All posts by Khabrain News

کراچی پولیس آفس پر حملہ، پی ایس ایل سے متعلق اہم فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کراچی پولیس آفس پر حملے کے باوجود پی ایس ایل 8 کے میچز شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
پی سی بی اور پی سی بی فرنچائزز کے مالکان کا کراچی پولیس ہیڈ آفس پر حملے کے بعد اجلاس ہوا۔ جس میں پی ایس ایل 8 کے میچز شیڈول کے مطابق جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا کہ دہشتگردی کے واقعے کا براہ راست پی ایس ایل سے کوئی تعلق نہیں۔
پی سی بی کے فیصلے کے بعد آج کراچی میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والا میچ اپنے وقت پر شروع ہو گا جبکہ دیگر ٹیمیں بھی اپنے شیڈول کے مطابق کراچی میں کھیلیں گی۔
اجلاس میں کھلاڑیوں کو دی گئی سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ملک بھر میں شب معراج آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں آج رحمتوں اور برکتوں والی رات شبِ معراج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔
سرِ لامکاں سے طلب ہوئی
سوئے منتہی وہ چلے نبی
کوئی حد نہ ان کے عروج کی
بلغ العلیٰ بکمالہ
27 رجب المرجب کی شب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو معراج کا شرف عطا کیا گیا، جب حضرت جبرائیل براق لے کر نبی آخرالزماں کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی اے اللہ کے رسولﷺ ، آپ کا رب آپ سے ملاقات چاہتا ہے، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم براق پر سوار ہوئے۔
اس مقدس سفر کے دوران آپﷺ مکہ سے مسجد اقصیٰ گئے اور وہاں تمام انبیائے کرام کی نماز کی امامت فرمائی، پھر آپ کو آسمانوں میں اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرانے کے لئے لے جایا گیا، وہاں رسول اکرمﷺ کو جنت اور دوزخ بھی دکھائی گئی، آپﷺ کی ملاقات مختلف انبیائے کرام سے بھی کرائی گئی، اسی سفر میں نماز بھی فرض ہوئی۔
شب معراج کے موقع پر ملک بھر میں مساجد کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا جاتا ہے، آج رات مساجد میں خصوصی محافل اور عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے، لوگ نوافل ادا کرتے ہیں اور دعائیں مانگتے ہیں، علمائے کرام واقعہ معراج اور اس کی فضلیت پر روشنی ڈالتے ہیں۔

زرداری پر عمران کے قتل کی سازش کاالزام ، شیخ رشید پر2 مارچ کو فردجرم عائدہوگی

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف عمران خان کے قتل کی سازش سے متعلق کیس میں عدالت نے شیخ رشید پر فردجرم عائد کرنے کیلئے 2مارچ کی تاریخ مقرر کردی۔
سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف عمران خان کے قتل کی سازش سے متعلق کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے کی ، اسلام آباد پولیس نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کیخلاف چالان پیش کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست واپس کردی ، جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ یہ درخواست سیشن جج کی عدالت میں جمع کرائیں ،میرا اختیار نہیں ہے ، عدالت نے شیخ رشید پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 2مارچ کی تاریخ مقرر کردی ۔
دوران سماعت شیخ رشید نے عدالت سے استدعا کی کہ ایک کانفرنس میں شریک ہونا ہے ، پندرہ مارچ کی تاریخ دے دیں ، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کے آرڈرز ہیں ، چالان آگیا ہے ،لمبی تاریخ نہیں دے سکتے ، عدالت ٹرائل شروع ہوجائے تو پھر دیکھ لیں گے ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کم بیک کرنے کو تیار، آج کراچی کنگز کیساتھ ٹاکرا

کراچی: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل کے پہلے میچ میں شکست کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کم بیک کرنے کو تیار ہے جبکہ آج کراچی کنگز کے ساتھ مقابلہ ہو گا، ۔آج کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والا میچ اپنے مقررہ وقت پر شروع ہو گا۔
پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ پہلا میچ بطور ٹیم اچھا نہیں کھیل سکے تھے پورا ٹورنامنٹ باقی ہے، کم بیک کریں گے۔
واضح رہے کہ 15 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل 8 کے اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
نسیم شاہ نے کہا کہ جو پہلے میچ کی غلطیاں تھیں اس سے سیکھ کر آئندہ میچ میں بہتر کریں گے، ایک میچ کے بعد یہ نہیں کہہ سکتے کہ کیا کرنا چاہیے یا کیا نہیں کرنا چاہیے۔
نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں بیٹنگ لائن نہیں چلی، مضبوط بیٹنگ ہے امید ہے آئندہ بہتر کریں گے، ہر ٹیم جیت کیلئے کھیلتی ہے، میری کوشش ہوتی ہے بطور پلیئر اپنی ٹیم کو میچ جتواؤں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب جیتیں گے تب ہی پرفارمنس گنتی میں آئے گی، بطور باؤلر کوشش ہوتی ہے کہ ہر بیٹر کے خلاف بہترین باؤلنگ کروں، کسی ایک بیٹر کو نشانے پر رکھنا کوئی ہدف نہیں ہوتا، اصل بات یہ ہے کہ آپ وقت پر اپنی ٹیم کو وکٹ لے کر دیں، کسی ایک بیٹر نہیں ہر کسی کے خلاف بہترین باؤلنگ کرنا اور وکٹ لینا ہے۔
نسیم شاہ نے مزید کہا کہ پی ایس ایل میں پچز اچھی ہیں، جو فیلڈنگ سے رن روکے گا اس کو فائدہ ہوگا، ہر ٹیم کے پاس دنیا کے بہترین پلیئرز ہیں، کسی کو ہلکا نہیں لے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں 6 کی 6 ٹیمیں بہترین ہیں، کراچی اور لاہور دونوں اچھی ٹیمیں ہیں، اچھا مقابلہ سب انجوائے کرتے ہیں، پشاور اور کوئٹہ کی تو کوئی رائیولری نہیں، ہم ہر ٹیم کے خلاف میچ کو اہمیت دیتے ہیں۔

پاکستانی ڈرامے سعودی عرب میں نشر ہونے چاہئیں، عتیقہ اوڈھو

جدہ: (ویب ڈیسک) چیئرپرسن ایکٹ اور سابق چیئرپرسن یو پی اے عتیقہ اوڈھو نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈرامے سعودی عرب میں نشر ہونے چاہئیں۔
جدہ میں اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسے ڈرامے اور فلمیں بنانے کی اشد ضرورت ہے جو نہ صرف ثقافتی طور پر قابل قبول ہوں بلکہ انہیں عربی زبان میں ڈب بھی کیا جا سکے تاکہ وہ سعودی عرب کے چینلوں پر چلائے جاسکیں اور مقامی لوگ اسے انجوائے کر سکیں۔
عتیقہ اوڈھو کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ اب وقت بدل چکا ہے اور ہم اپنے مواد کو صرف دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں تک محدود نہیں رکھ سکتے، بین الاقوامی سطح پر تفریحی مواد کو مختلف زبانوں میں ڈب کیا جا رہا ہے جسے پوری دنیا میں دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ریاض میں متعلقہ سعودی حکام سے درخواست کی ہے کہ پاکستانی ڈراموں کو عربی زبان میں ڈب کر کے انہیں سعودی چینلوں پر ٹیلی کاسٹ کرنے کے لیے یہاں لایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری نے سعودی عرب سمیت پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے اور اپنے غیر معمولی کام سے زرمبادلہ کمایا ہے، صحافی بیرونی دنیا میں پاکستان کی ثقافت کو متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، حکومت پاکستان کو اب شوبز انڈسٹری کی حمایت اور سرپرستی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

خیریت سے ہوں مداح پریشان نہ ہوں، جاوید میاں داد

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میاںداد نے طبیعت خرابی اور ہسپتال میں داخل ہونے کی خبروں پر کہا ہے کہ ان کی حالت ٹھیک ہے اور وہ میڈیکل چیک اپ کے لیے ہسپتال آئے تھے جلد گھر روانہ ہوجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا میں خبریں گردش کررہی تھیں کہ جاوید میاں داد کی طبیعت خراب ہے اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں جس پر جاوید میاں داد کا وضاحتی پیغام سامنے آیا ہے۔
جاوید میاں داد نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میں اپنے چاہنے والوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں ںے میری طبیعت خرابی پر تشویش کا اظہار کیا، میری طبیعت زیادہ خراب نہیں، سر میں درد کے سببب چیک اپ کے لیے آیا تھا کوئی فکر کی بات نہیں ہے، دنیا بھر میں جہاں بھی مجھ سے محبت کرنے والے موجود ہیں وہ پریشان نہ ہوں۔

شکار پور : پولیس کی بڑی کارروائی، انعام یافتہ دو بدنام زمانہ ڈاکو گرفتار

شکار پور : (ویب ڈیسک) شکارپور پولیس نے ٹاؤن رستم کے قریب چمن پل لنک روڈ پر خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 30 ، 30 لاکھ انعام یافتہ دو بدنام زمانہ ڈاکو سکندر معرفانی اور اصغر مارفانی کو گرفتارکرلیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس آفیسر ( ایس ایس پی ) شکار پور فیضان علی کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار کئے جانے والے ڈاکو ڈکیتی، قتل ، اغوا برائے تاوان، لوٹ مار، رہزنی اور قبائلی تصادم سمیت سنگین 28 مقدمات میں مطلوب تھے جبکہ حکومت سندھ کے جانب سے ملزمان کے سر کی قیمت 30 ، 30 لاکھ مقرر کی گئی تھی۔
فیضان علی نے بتایا کہ بدنام زمانہ ڈاکو سکندر معرفانی اور اصغر معرفانی پر 14 ، 14 مقدمات درج ہیں جبکہ دونوں ڈاکو ضلع میں دہشت کی علامت تھے ، ملزمان کا مزید کریمنل ریکارڈ دیگر اضلاع سے بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کو گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جہلم : دو گروپوں کے درمیان معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ، 4 افراد زخمی

جہلم : (ویب ڈیسک) سوہاوہ میں دو گروپوں کے درمیان معمولی تلخ کلامی پر جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے، تین شدید زخمی افراد کو راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے۔
جہلم پولیس کے مطابق جہپم، پختون گروپوں کے درمیان تندور کے سامنے تندور لگانے پر جھگڑا ہوا ، جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے
پولیس نے بتایا کہ پولیس تھانہ سوہاوہ اور ایلیٹ فورس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں کے درجنوں افراد ہسپتال کے باہرجمع ہیں جبکہ جہلم پولیس نے مزید نفری طلب کر لی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے ایلیٹ فورس تیار ہے۔

چشتیاں : دوستوں نے کھانے کی دعوت پر بلا کر دوست کو قتل کردیا، مقدمہ درج

چشتیاں : (ویب ڈیسک) چشتیاں میں دوستوں نے اپنے ہی دوست کی جان لے لی، دو ملزمان نے کھانے کی دعوت پر بلا کر دوست کو قتل کردیا۔
چشتیاں پولیس کے مطابق مقتول ساجد کی 15سال سے ملزمان عثمان اورعدنان سے دوستی تھی ، دونوں دوستوں نے کھانے پر بلاکر اپنے دوست ساجد کو تشدد کا نشانہ بنایا، مقتول صدمہ ضربات کی وجہ سے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
پولیس نے بتایا کہ مقتول ساجد 3 بچوں کا باپ تھا، ساجد کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالےکردی گئی ہے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

امریکا : فائرنگ سے خاتون سمیت 6 افراد ہلاک

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکی ریاست مسی سپی میں فائرنگ کے واقعے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے، حملہ آور کو گرفتار کرلیاگیا ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مسی سپی کے قصبے ٹیٹ کاؤنٹی میں پیش آیا، جہاں مسلح شخص نے سابقہ بیوی سمیت پانچ افراد کو موت کے گھاٹ اُتار دیا ، مسلح شخص نے مختلف مقامات پر لوگوں کو قتل کیا ، واقعہ میں ملوث 52 سالہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مسلح شخص نے دکان میں داخل ہوکر ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، اس سے قبل اس نے قریبی گھر میں داخل ہوکر اپنی سابقہ بیوی کو قتل کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملزم نے پھر ایک گھر میں داخل ہوکر مزید دو افراد کو قتل کیا، جبکہ اسی علاقے سے مزید دو افراد کی بھی گولیاں لگی نعشیں برآمد ہوئیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ریاست کے گورنرکا کہنا ہے کہ بظاہر لگ رہا ہے کہ ملزم نے اکیلے ہی واردات کو انجام دیا ہے، تاہم فائرنگ کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں ۔
واشنگٹن گن وائلنس آرکائیو کے مطابق سال کے آغاز سے اب تک یہ امریکا میں فائرنگ کا 73واں واقعہ ہے۔