All posts by Khabrain News

کراچی پولیس آفس حملہ: کلیئرنگ کا عمل مکمل،شہدا کی نماز جنازہ ادا

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی پولیس آفس میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، دہشت گردوں کے ناکام حملے میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، پولیس آفس کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔
کلیئرنس آپریشن میں شریک اہلکاروں نے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے بعد اللہ اکبر کے بلند نعرے بھی لگائے۔
واضح رہے کہ آپريشن کے دوران رینجرز کے سب انسپکٹر تیمور اور پوليس اہلکار غلام عباس سميت چار افراد شہيد ہوئے تھے، جبکہ 19 زخمی بھی ہوئے، زخميوں ميں رینجرز کے لیفٹیننٹ کرنل جواد، ایس ایس یو کے ڈی ايس پی حاجی عبد الرزاق بھی شامل ہیں۔
ڈی آئی جی سکیورٹی مقصود میمن کے مطابق تین دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، سندھ پولیس ایسے حملوں سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔
نماز جنازہ ادا
کراچی میں پولیس آفس پر حملے میں شہید ہونے والے رينجرزکے سب انسپکٹر تيمور کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، نماز جنازہ ميں وزيراعلیٰ سندھ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رينجرز، آئی جی سندھ اور ايڈيشنل آئی جی کراچی سميت ديگر افسران نے شرکت کی، شہید کی ميت تدفين کیلئے شجاع آباد ملتان روانہ کر دی گئی۔
سوئپنگ کا عمل مکمل
شارع فیصل پر پولیس چیف آفس میں دہشت گردوں کے مارے جانے کے بعد پولیس اور حساس اداروں نے سوئپنگ کا عمل مکمل کرلیا ہے۔
دہشت گردوں کی گاڑی کہاں سے آئی اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں، کرائم سین یونٹ نے دہشتگردوں کی گاڑی کا معائنہ مکمل کرلیا ہے۔
دہشت گردوں کی گاڑی سے اسلحہ اور کھانے پینے کا سامان بھی ملا، کے پی او کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کردیئے گئے ہیں، دہشت گرد خار دار تاریں کاٹ کر اندر داخل ہوئے، زیر استعمال سفید رنگ کی گاڑی سے دو میگزین بھی برآمد کیے گئے۔
دہشت گردوں کی شناخت
کراچی پوليس چيف آفس پر حملے کے بعد آپریشن میں ہلاک ہونے والے دو دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی، ایک کا تعلق لکی مروت اور دوسرے کا شمالی وزیرستان سے ہے۔
دہشت گرد شام 7 بجے کے قريب پوليس کی ورديوں ميں عقبی راستے سے پوليس آفس ميں داخل ہوئے، دہشت گردوں کے پاس نیلے رنگ کے بیگز موجود تھے، کھجوریں اور چنے لے کر آئے تھے، پاک افواج کے کمانڈوز، رينجرز اور پوليس نے آپريشن ميں حصہ ليا۔

ایف نائن پارک زیادتی کیس: مشتبہ پولیس مقابلے کی تحقیقات شروع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کے ایف نائن پارک میں زیادتی کیس میں مشتبہ پولیس مقابلے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
اسلام آباد میں لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے کیس میں مبینہ ملزمان کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے معاملے پر تحقیقات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، اس سلسلے میں قانونی کارروائی کے لیے انتظامیہ نے 3 رکنی ٹیم تشکیل دے دی۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے 3 رکنی انکوائری کمیٹی کو مراسلہ بھیج دیا، کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر صدر، ایس پی صدر، ڈی ایس پی سپیشل برانچ شامل ہیں۔
مراسلے کے مطابق مقتولین نواب خان اور اقبال خان کی فیملی کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی، معاملے کی قانون کے مطابق تحقیقات کی جائے اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کے خط کے الفاظ پر اعتراض اٹھا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر مملکت کے خط کے الفاظ پر اعتراض اٹھا دیا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے خط میں نامناسب الفاظ استعمال کئے، ڈاکٹر عارف علوی کے خط کا جواب تیار کر لیا ہے، الیکشن کمیشن آج ہی جواب دے گا۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق صدر کی دعوت پر ایوان صدر جائیں گے، دیکھنا ہو گا صدر کو تاریخ دینے کا آئینی اختیار ہے یا نہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا تھا جس میں ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت دی گئی تھی۔
صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بے حسی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک پہلے خط کا جواب نہیں دیا، میں بے چینی سے انتظار کر رہا تھا کہ کمیشن اپنے آئینی فرائض کا احساس کرے گا اور اس کے مطابق کام کرے گا۔

آشیانہ اقبال ریفرنس: وعدہ معاف گواہ نے شہباز شریف کو کلین چٹ دیدی

لاہور: (ویب ڈیسک) آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت میں جرح کے دوران وعدہ معاف گواہ وزیراعظم شہباز شریف کیخلاف بیان سے منحرف ہوگیا۔
احتساب عدالت نمبر 5 کے جج ساجد علی اعوان کے روبرو وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس میں نیب کے وعدہ معاف گواہ کرنل (ر) عارف مجید نے شہباز شریف کو کلین چٹ دے دی۔
وعدہ معاف گواہ اسرار سعید نے کہا کہ شہباز شریف کا اس مقدمے میں کوئی کردار نہیں ہے، اس وقت کے چیئرمین نیب ، ڈی جی نیب اور دیگر نے یہ بیان لیا، اس وقت نیب کے افسران نے تحریری صورت میں مجھے صفحات دیے کہ یہ بیان عدالت میں دیں۔
نیب کے وعدہ معاف گواہان اسرار سعید اور کرنل (ر) عارف مجید کے بیان پر وکلا کی جرح مکمل ہوگئی، احتساب عدالت میں وکیل امجد پرویز، وکیل قاضی مصباح الحسن سمیت دیگر نے وعدہ معاف گواہ پر جرح مکمل کی، وعدہ معاف گواہوں نے عدالت میں کہا کہ نیب افسران کے دباؤ کی وجہ سے وعدہ معاف بن کر بیان دیا تھا۔
سماعت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے انوار حسین حاضری کے لیے پیش ہوئے۔
یاد رہے کہ عدالت نے شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو حاضری سے استثنا دے رکھا ہے۔ دوران سماعت عدالت میں شریک ملزم ندیم ضیا پیرزادہ ، کامران کیانی اور دیگر ملزمان پیش ہوئے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس پر مزید سماعت 4 مارچ تک ملتوی کرنے کا حکم دے دیا۔

آئی ایم ایف کیساتھ سٹاف لیول معاہدے کے مسودے پر اتفاق، دستخط آئندہ ہفتے ہونگے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ا یف) کے درمیان میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشنل پالیسز(ایم ای ایف پی) اور سٹاف سطح پر معاہدے کے مسودے پر اصولی اتفاق ہوگیا ہے اور آئندہ ہفتے معاہدے پر دستخط کی توقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ جائزہ مشن کی طرف سے اصلاحات کے تحت طے پانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے اور پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو وزیراعظم کی سطح پر اصلاحات پرعملدرآمد کی گارنٹی فراہم کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ 30 جون تک ملکی زرمبادلہ ذخائر دو ماہ کی درآمدات کے مساوی لانے پر بھی اتفاق ہواہے، پاکستان کو دوست ممالک، عالمی اداروں اور کمرشل قرض کے ذریعے 10 ارب ڈالرسے زائد کا انتظام کرنا ہو گا، اس کے علاوہ آئی ایم ایف کے ساتھ اس سال معاشی شرح نمو دو فیصد تک اور مہنگائی 29 فیصد سے زیادہ رہنے کا تخمینہ طے ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق دوست ممالک اور عالمی مالیاتی ادارے بھی موجودہ قرض پروگرام کی نگرانی کریں گے، جبکہ جون 2023ء تک 2.5 ارب ڈالرملنے کے بعد آئی ایم ایف کا قرض پروگرام ختم ہوجائے گا، ضرورت ہوئی تو پاکستان نئے قرض پروگرام کے لئے اگلے مالی سال کیلئے نئی درخواست دے گا۔
حکام کے مطابق آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ معاہدے کے 3 سے 4 ہفتے بعد 1.1 ارب ڈالر قسط کی منظوری دے گا، توقع ہے کہ پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف سے سپیشل بورڈ میٹنگ بلانے کی درخواست کی جائے گی۔

ترکیہ میں آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: وزیراعظم

انقرہ: (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں تباہ کن زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر بے حد افسوس ہے، نقصان بہت زیادہ ہے، آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جو ترکیہ میں 21 ویں صدی کے بدترین زلزلے کے بعد مدد کو پہنچا، زلزلے کے بعد صدر طیب اردوان کو فون کر کے تعزیت کی اور مدد کی پیشکش کی، اپنی حکومت، پاکستانی عوام کی جانب سے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جتنی بھی امداد کی جائے کم ہے، ہم اب تک 500 ٹن سے زائد امدادی اشیاء پہنچا چکے ہیں، وزراء، ارکان پارلیمنٹ نے ایک ایک ماہ کی تنخواہ ترک بھائیوں کے لیے عطیہ کی، صدر طیب اردگان کی اہلیہ امینہ نے سیلاب متاثرین کیلئے اپنے کنگن عطیہ کئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی مدد کیلئے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانا چاہیے، پاکستانی قوم مشکل گھڑی میں ترکیہ کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، پاکستان پر جب بھی مشکل وقت آیا ترکیہ نے ہماری مدد کی، مجھے یقین ہے ترک حکومت اور عوام جلد مشکل سے نکل آئیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سردیوں کے خیمے تیار کرنے والی کمپنیوں کا ہنگامی اجلاس بلایا ہے، ہماری توجہ سردیوں کے خیمے زیادہ سے زیادہ ترکیہ بھیجنے پر ہے، اعلیٰ معیار کے سردیوں کے خیمے جلد تیار کر کے بھیجیں گے،
2010ء کے سیلاب کے بعد صدر اردوان نے دورہ کیا، لاکھوں ڈالر امداد دی، بین الاقوامی برادری کو ترکیہ میں بحالی اور تعمیر نو کے لیے کام کرنا چاہیے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ انسانیت کی بھلائی سے بڑا کوئی کام نہیں ہے، کاش ہم کسی خوشی کے موقع پر آئے ہوتے، ترکیہ میں آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

نیب ملک کا سب سے بڑا کرپٹ ادارہ، ختم کیے بغیر حکومت نہیں چل سکتی: خاقان

کراچی: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب ملک کا سب سے بڑا کرپٹ ادارہ ہے اسے ختم کیے بغیر حکومت نہیں چل سکتی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تین جمہوری حکومتیں گزرنے کے باوجود نیب قائم ہے، نیب ملک کا سب سے بڑا کرپٹ ادارہ ہے، اس ادارے کو ختم کریں ورنہ پاکستان کی حکومت نہیں چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اہلکار اختیارات کے استعمال سے گھبراتے ہیں، آج جو بدحالی ہے اس کی وجہ یہ نیب کا ادارہ ہے، آج لوگ سوال کررہے ہیں کہ ملک کے حالات ایسےکیوں ہیں، جو ظلم نیب نے کیا اس کے حقائق بھی عوام کے سامنے لائیں، نیب صرف سیاسی انتقام کے لیے بنایا گیا تھا، سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کو ان سوالات کا جواب دینا پڑے گا۔
شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ میں 23 سال سے نیب کو سمجھتا ہوں، ملک کے سیاستدان اور صنعتکار نیب کی عدالتوں میں چکر لگا رہے ہیں، نیب کو ملکی سیاست پر قبضے کے لیے بنایا گیا، جاوید اقبال کا احتساب ہونے تک معاملات آگے نہیں چل سکتے۔
پارٹی سے ناراضی کے سوال پر لیگی رہنما نے کہا کہ 31 سال پارٹی میں بغیر عہدے کے کام کیا ہے، (ن) لیگ سے کوئی معاملات نہیں، نواز شریف میرے لیڈر ہیں، (ن) لیگ کے بعد سیدھا گھر جاؤں گا۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ جس سٹیج پر ملک کے حالات پہنچے ہیں ہم سب اس کے ذمے دار ہیں، جو نئی لیڈر شپ آئے اسے کام کا موقع دینا چاہیے۔

پولیس آفس حملہ:وزیراعظم کا جام شہادت نوش کرنیوالوں کوشہداپیکج دینے کااعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر حملے میں جام شہادت نوش کرنے والوں کو شہدا پیکج دینے کا اعلان کیا ہے۔
شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور شہید 2 پولیس، ایک رینجر اہلکار اور ایک سویلین کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی بھی کی جب کہ آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والوں کو شہدا پیکج دینے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تینوں افواج، رینجرز، پولیس سمیت مشترکہ آپریشن میں شریک تمام فورسز کو خراج تحسین کرتا ہوں، ایک گھنٹے طویل آپریشن میں فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشنل تیاری، پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہوگی، دہشتگردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہو گا۔
وزیراعظم نے حملے کے زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

یوٹیلیٹی سٹورز پر درجنوں برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یوٹیلیٹی سٹورز پر درجنوں برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت شیمپوز، صابن، سرف، کیچپ، نوڈلز سمیت درجنوں اشیاء مہنگی کی گئی ہیں۔
صابن 30 روپے اور ہینڈ واش کی قیمت میں 21 روپے تک کا اضافہ کیا گیا، بچوں کا خشک دودھ 140 روپے، ایک کلو سرف 59 روپے، ٹوائلٹ رول 10 اور ٹشو پیپر کا ڈبہ 43 روپے تک مہنگا کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق باڈی واش 400 ملی گرام 42 روپے، چلی گارلک ساس 50 روپے مہنگا ہوا ہے، کیچپ 30 روپے، نوڈلز چکن اور چیز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا، بچوں کے ڈائپرز کی قیمتیں 350 روپے تک بڑھ گئی ہیں۔

یہ الیکشن سے بھاگ چکے ، سپریم کورٹ ہی پاکستان کو بچا سکتی ہے: شیخ رشید

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے موجودہ حکومت کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، اب صرف سپریم کورٹ ہی پاکستان کو بچا سکتی ہے۔
اسلام آباد میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدالت نے کہا ہے کہ 2 تاریخ کو فرد جرم عائد کی جائے گی ، اللہ نہ دبائے تو شیخ رشید کبھی نہیں دبے گا، یہ ان لوگوں کے جہاز استعمال کرتے ہیں جنہوں نے عوام کا خون چوسا ہے، انہوں نے یہاں مجھے دھکا دے کر گرایا، مجھے ہتھکڑیاں لگائی گئیں، منہ پر کپڑا ڈالا گیا، 16 بار وزیر رہا ہوں، پھر بھی باہر نکل کر ان کو معاف کردیا، میں نے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں، یہ شیخ رشید کو نہیں جانتے ۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں ، انہوں نے طے کرلیا ہے کہ مرکز اور صوبے کے الیکشن اکٹھے کرائیں گے، اب صرف سپریم کورٹ ہی پاکستان کو بچا سکتی ہے ، امید ہے سپریم کورٹ الیکشن کرائے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ان کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ عمران خان کو ختم کرو، آصف زرداری چوروں اور کرپٹوں کا بادشاہ ہے ، امید ہے سپریم کورٹ نیب کے چوروں کو نہیں چھوڑے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسے یہ چالان کاٹ رہے ہیں لگتا ہے دوبارہ سسرال جانا پڑے گا، اگر مجھ پر کرپشن کا کیس ہے تو خود کو قوم کے سامنے لٹکا لوں گا۔
قبل ازیں عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف عمران خان کے قتل کی سازش سے متعلق کیس میں شیخ رشید پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 2مارچ کی تاریخ مقرر کردی ہے ۔