All posts by Khabrain News

رمضان المبارک ، مسجد نبوی میں خواتین سکیورٹی اہلکار تعینات ہونگی

ریاض : (ویب ڈیسک) مسجد نبوی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس سال رمضان کے دوران خواتین سکیورٹی اہلکار تعینات کی جائیں گی ۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق مسجد نبوی کی انتظامیہ نے رمضان کے انتظامات کے لیے خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا جس میں ہنگامی صورتحال ، خطرات سے نمٹنے ، امن و سلامتی کے انتظامات اور سہولتوں کا نظام جدید خطوط پر استوارکرنے کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں امن و سلامتی کے انتظامات کرنے والے ادارے اوردیگر عہدیداروں نے شرکت کی ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسجد نبوی میں خواتین سکیورٹی اہلکار تعینات کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ حرمین الشریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی ہدایات پر زائرین کو رمضان میں نئی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم کی خالد مقبول سے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی ہے ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، خالد مقبول صدیقی نے جواب میں کہا کہ کراچی اور پنجاب کے سیاسی حالات میں فرق ہے ، اس لیے ایک فیصلہ دونوں جگہ کے لیے موزوں ہونا ضروری نہیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان پہلے ہی بلدیاتی انتخابات سے بائیکاٹ کر چکی ہے ، دیکھنا ہوگا کہ ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کرنا ایم کیو ایم کیلئے کیسا ہوگا۔
خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم کو رابطہ کمیٹی کی رائے لینے کے بعد فیصلے سے آگاہ کرنے کا کہا ہے ، خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم کو جلد رابطہ کمیٹی کا مشاورتی اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک کا شیڈول جاری کردیا

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے ’جیل بھرو تحریک‘ کا شیڈول جاری کر دیا ہے ۔
تحریک انصاف کے جاری شیڈول کے مطابق 22 فروری سے یکم مارچ تک روزانہ 200 کارکنان رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دیں گے، کارکنوں کے ہمراہ سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا چھ رکنی گروپ بھی گرفتاری دے گا جبکہ گرفتاریاں نہ ہونے کی صورت میں کارکنان اور ارکان اسمبلی مقررہ مقام پر دھرنا دیں گے۔
شیڈول کے مطابق 22 فروری کو شاہراہِ قائداعظم لاہور پر گرفتاریاں پیش کی جائیں گی ، 23 فروری کو پشاور، 24 کو راولپنڈی ،25 ملتان، 26 فروری کو گوجرانولہ کے کارکنان گرفتاری دیں گے ، 27 فروری کو سرگودھا ،28 فروری ساہیوال اور یکم مارچ کو فیصل آباد میں رضاکارانہ گرفتاری دی جائے گی۔
22 فروری کو لاہور میں دی جانے والی رضا کارانہ گرفتاری کے لیے کارکنان کی فہرست تیار کرلی گئی ، لاہور میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ،ارکان اسمبلی کے گروپ کے ہمراہ گرفتاری پیش کریں گے ۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ناموں پر مشاورت جاری ہے ، رضاکارانہ گرفتاری پیش کرنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ناموں کی حتمی منظوری عمران خان دیں گے۔
یاد رہے کہ 15 فروری کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور سے ’جیل بھرو تحریک‘ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

غلام محمود ڈوگر کے تقرر کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا اجلاس 21 فروری کو طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کے تقرر کے معاملے پر 21 فروری کو اجلاس بلا لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں غلام محمود ڈوگر کو عہدے سے ہٹانے یا نہ ہٹانے سے متعلق فیصلہ ہوگا،غلام محمود ڈوگر سی سی پی او رہے تو الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھیں گے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ غلام محمود ڈوگر سی سی پی او رہے تو لاہور کے الیکشن ملتوی کرنا ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے تبادلے کا آرڈر معطل کردیا۔

آرڈیننس فیکٹری توسیع منصوبے پر زمین کے تنازع کا کیس 33 سال بعد حل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے آرڈیننس فیکٹری کی توسیع کے لیے سرکاری قیمت سے کم پر زمین کی خریداری کے لیے وفاقی حکومت اور وزارت دفاع کی اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔
سپریم کورٹ نے آرڈیننس فیکٹری توسیعی منصوبے پر زمین کے تنازع سے متعلق کیس کا 33 سال بعد فیصلہ سنا دیا ہے۔
عدالت نے کم قیمت پر زمین کی خریداری کے لئے وفاقی حکومت اور وزارت دفاع کی اپیلیں مسترد کر دیں اور آرڈیننس فیکٹری منصوبے کے متاثرین کو زمین کی مارکیٹ ریٹ پر ادائیگی کا حکم دے دیا ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ عوامی منصوبے کے لیے کسی شہری سے مارکیٹ ریٹ پر زمین لینا اس کا بنیادی حق ہے، کسی منصوبے کے لیے شہریوں سے زبردستی سستی زمین لینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ عوامی منصوبے کے لیے شہریوں سے زمین لینے کے لئے گائیڈ لائنز ہونی چاہئیں۔
عدالت عظمٰی نے حکم دیا کہ آرڈیننس فیکٹری توسیعی منصوبے کے لیے 29 ہزار کنال زمین 30 ہزار روپے فی کنال پر خریدی جائے۔
واضح رہے کہ آرڈیننس فیکٹری توسیعی منصوبے کے لیے 1990 میں ضلع اٹک کے تین دیہات کی زمین لی گئی تھیں۔

مریم نواز پہلے شوہر کو آن بورڈ کرے پھر ورکروں سے خطاب کرے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز پہلے اپنے شوہر کو آن بورڈ کرے پھر ورکروں سے خطاب کرے، (ن) لیگ کے گھر کے بھیدی لنکا ڈھا رہے ہیں، مخالفوں کی ضرورت نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ سامراجی طاقتوں کے کہنے اور خیرات کی خاطر چین کی دوستی کو داؤ پرنہیں لگایا جا سکتا، پاکستان کی چین سے دوستی ہمالیہ سے بلند ہے، اسحاق ڈار کے آئی ایم ایف کو غلط اعدادوشمار دینے پر مشرف کی حکومت نے جرمانہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ 380 ارب روپے کی بجلی چوری بھی غریبوں کے بجلی کے بلوں میں ڈال دی گئی، مریم کہتی ہےیہ میری حکومت نہیں پھربتائے حکومت کس کی ہے اور اسےکون لایا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گنیز بک کا ریکارڈ توڑنے والی 88 وزراء کی کابینہ کس کوجواب دہ ہے، صدر اور سپریم کورٹ ملک کی ڈوبتی کشتی بچا سکتےہیں، میرا ٹویٹ میرا جرم بن گیا ہے، قوم میرا ٹویٹرجوائن کرے۔

پاکستان ڈیفالٹ ہو نہیں رہا، ہو چکا ہے: وفاقی وزیر خواجہ آصف

سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو نہیں رہا، ہو چکا ہے، ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں۔
سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہو گا، ملک کے تمام مسائل کا حل ملک کے اندر ہی ہے، آئی ایم ایف کے پاس نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو نہیں رہا، ہو چکا ہے، ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں، اسٹیبلشمنٹ، بیورو کریسی اور سیاست دان سب موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ہیں، ملک میں آئین و قانون کمپرو مائزڈ ہوتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال قبل دہشت گردوں کو اپنی سر زمین پر لا کر بسایا گیا، ایسے کھیل کھیلے گئے کہ دہشت گردی مقدر بن گئی۔ جس نے آواز اٹھائی اس کو ملک بدر کر دیا گیا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ کراچی پولیس آفس حملے میں سکیورٹی اداروں نے بہادری سے دہشت گردوں کا سامنا کیا، سکیورٹی اہلکار رات بھر دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے رہے۔

عمران خان نے کراچی پولیس پر حملے کو انٹیلی جنس کی ناکامی قرار دیدیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی پولیس پرحملہ انٹیلیجنس کی ناکامی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ شہری مراکز میں دہشت گردی میں اچانک اضافہ انٹیلیجنس کی ناکامی اور انسداد دہشتگردی کے لیے ریاست کی غیر فعال حکمت عملی کو ظاہر کرتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی پولیس آفس پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، ایک مرتبہ پھر ہماری بہادر پولیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

کراچی پولیس آفس حملہ، صدر مملکت کی جناح ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت

کراچی: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی پولیس آفس حملے کے زخمیوں کی عیادت کی، پولیس اور رینجرز کی بہادری کو سراہا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی جناح ہسپتال کراچی پہنچے جہاں پولیس اور رینجرز اہلکاروں سے اظہار یکجہتی کیا، انہوں نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
اس موقع پر صدر مملکت نے جام شہادت نوش کرنے والے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

حکمران جعلی مقدمےکروا کے ہمیں خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں: پرویز الہٰی

لاہور : (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کاکہنا ہے کہ شریفوں نے جھوٹے پرچوں کی سیاست نہیں چھوڑی ، ہمارے خلاف جعلی مقدمے کروا کے خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے سابق ایم پی اے پیر سید تقی شاہ نے ملاقات کی ، ملاقات میں چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت، نگران حکومت اور گورنر عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں ، خوف کا یہ عالم ہے کہ پنجاب اور کے پی کے میں الیکشن کی تاریخ نہیں دے رہے ، اعلیٰ عدلیہ نے نگران حکومت کو اپنا اصل کام یاد کروا دیا ہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ نواز شریف کا عمران خان سے کسی بھی میدان میں حقائق اور اعداد و شمار کے ساتھ کوئی موازنہ نہیں ، نواز شریف لندن علاج کروانے گئے ہیں علاج ہی کروائیں، ہمارے خلاف جعلی مقدمے درج کروا کے خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کے بعد اعلیٰ عدلیہ انصاف مہیا کر رہی ہے، حکمرانوں کی اصل کام کی طرف توجہ نہیں ، مہنگائی اور ٹیکسوں کی بھر مار نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی سے تلہ گنگ کی معروف سیاسی سماجی شخصیات، سابق چیئرمینوں اور مسلم لیگی عہدیداران نے بھی ملاقات کی ، ضلع صدر پاکستان مسلم لیگ ملک اسد کوٹ گلہ، چیئر مین بلدیہ ملک قدیر الطاف، چیئر مین ملک ممتاز حیدر، شیخ سعید احمد،رانا محمد شفیق، حضرت علامہ مولانا مجید انور، مولانا اخلاق احمد، مولانا صابر ایوب و دیگر بھی موجود تھے۔