All posts by Khabrain News

چیف الیکشن کمشنر نے صدر کے خط کا جواب دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر نے صدر کے خط کا جواب دے دیا، دنیا نیوز نے الیکشن کمشنر کے صدر کو جوابی خط کی کاپی حاصل کر لی۔
چیف الیکشن کمیشن نے خط میں کہا ہے کہ صدر کا دفتر اعلیٰ ترین آئینی باڈی ہے، ہمیں یقین ہے یہ باڈی غیر جانب دار ہو گی، توقع کرتے ہیں دوسرے آئینی اداروں کے لیے صدر رہنما کا کردار ادا کریں گے۔
خط میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ توقع کرتے ہیں آئینی اداروں کے لیے آئندہ الفاظ کا بہتر چناؤ کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کسی دباؤ کے بغیر اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے۔
انہوں نے خط میں لکھا کہ اگر قومی اسمبلی تحلیل ہو تو صدر الیکشن کی تاریخ دے سکتا ہے، صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہوں تو گورنر الیکشن کی تاریخ دے سکتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین الیکشن کمیشن کو الیکشن کی تاریخ دینے کی اجازت نہیں دیتا۔

چودھری پرویز الہٰی کی عمران خان سے ملاقات، جیل بھرو تحریک کی حمایت کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم عمران خان سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال، جیل بھرو تحریک اور عام انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عدلیہ کے خلاف چلائی جانے مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اس کے علاوہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اعلان کردہ جیل بھرو تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی گفتگو میں کہا مسلم لیگ (ن) اپنی روایت کے مطابق عدلیہ پر حملہ آور ہے، حکمران آئین کو مان رہے ہیں نہ عدالتی فیصلے تسلیم کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نااہل حکمران ٹولہ الیکشن سے خوفزدہ ہوکر انتقامی کارروائیوں پر اتر آیا ہے، جیل بھرو تحریک کے تحت ملک بھر سے پارٹی رہنما، کارکن اور عوام رضاکارانہ گرفتاریاں دیں گے، قوم خوف کے بت توڑ کر میدان میں آ رہی ہے۔
عمران خان نے مزید کہا نااہل ٹولے نے پہلے ملکی معیشت کو تباہ کیا اب آئین کی پامالی کی جا رہی ہے، یہ حکمران مزید جتنے دن اقتدار میں رہیں گے ملک کو اتنا ہی زیادہ نقصان ہو گا، ملک کو درپیش معاشی بحران سے نکالنے کیلئے الیکشن ناگزیر ہیں۔
چودھری پرویز الہٰی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پرعمل نہیں کیا جا رہا، حکمران اتحاد عمران خان سے خوفزدہ ہے، ان کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ پی ڈی ایم ٹولہ الیکشن سے بھاگ کر آئین شکنی کا مرتکب ہو رہا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان پاکستانی عوام کیلئے امید کی روشنی ہیں، الیکشن کمیشن اور گورنرز یاد رکھیں آئین شکنی پر آئین ہی ان کے خلاف راستہ لے گا، آج کے سیاسی فرعونوں کے خلاف قوم نے خوف کے بت توڑ دیئے ہیں، قوم عمران خان کی ہر کال پر لبیک کہنے کو تیار ہے۔

شیخ رشید کی لاہور بھٹہ چوک میں ڈھابے پر کھانا کھانے کی ویڈیو وائرل

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھٹہ چوک لاہور کے ڈھابہ پر دوپہر کا کھانا کھایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
شیخ رشید کی جانب سے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لاہور بھٹہ چوک میں ڈھابے پر بیٹھ کر کھانا کھانے کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔
قبل ازیں سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ مریم نواز پہلے اپنے شوہر کو آن بورڈ کرے پھر ورکروں سے خطاب کرے، (ن) لیگ کے گھر کے بھیدی لنکا ڈھا رہے ہیں، مخالفوں کی ضرورت نہیں۔
شیخ رشید احمد نے لکھا کہ سامراجی طاقتوں کے کہنے اور خیرات کی خاطر چین کی دوستی کو داؤ پرنہیں لگایا جا سکتا، پاکستان کی چین سے دوستی ہمالیہ سے بلند ہے، اسحاق ڈار کے آئی ایم ایف کو غلط اعدادوشمار دینے پر مشرف کی حکومت نے جرمانہ ادا کیا۔

یاسمین راشد اور سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگرکی مبینہ آڈیو سامنے آگئی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی رہنما یاسمین راشد اور کیپیٹل سٹی پولیس کے افسر ( سی سی پی او ) لاہور غلام محمود ڈوگر کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔
مبینہ آڈیو میں غلام محمود ڈوگر کہتے ہیں کہ ابھی تک آرڈر نہیں ملے، سپریم کورٹ سے آرڈر ہونے ہیں، وہ جیسے ہی ہوں گے مل جائیں گے، ہمارے بندے بیٹھے ہیں۔
مبینہ لیک کی گئی آڈیو میں یاسمین راشد کہتی ہیں کہ ڈوگر صاحب آپ کا کیا حال ہے، ٹھیک ہیں؟ غلام محمود ڈوگر جواب دیتے ہیں کہ جی میڈم اللہ کا شکر ہے۔
یاسمین راشد نے سوال کیا کہ کوئی اچھی خبر سنا دیں، آرڈر ہو گئے ہیں؟ غلام محمود ڈوگر نے جواب دیا کہ ابھی تک آرڈر نہیں ملے۔
یاسمین راشد نے کہا کہ ان کا ارادہ کیا ہے، ویسے ہی پوچھ رہی ہوں، غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ نہیں نہیں وہ تو سپریم کورٹ سے آرڈر ہونے ہیں، جیسے ہی ہوں گے مل جائیں گے، وہاں ہمارے بندے بیٹھے ہوئے ہیں۔
جس پر یاسمین راشد نے کہا کہ اچھا، غلام محمود ڈوگر نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ وہ ڈاک جاتی ہے ناں ساتھ، تو جج صاحبان اس پر سائن کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہاں اچھا، غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ کورٹ ٹائم میں تو نہیں کرتے، وہ تو عدالت کے ٹائم کے بعد ہی کرتے ہیں، یاسمین راشد نے کہا کہ اچھا وہ خان صاحب کافی کنسرن تھے ناں۔
سابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ اچھا ٹھیک، یاسمین راشد نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ میری خبر کے مطابق آرڈر نہیں ملے ابھی تک۔
جواباً غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ جی ابھی تک نہیں، وہ آجائیں گے رات کو، رات کو ڈاک سائن ہو کر آجاتی ہے۔
اس موقع پر یاسمین راشد قہقہہ لگاتے ہوئے کہتی ہیں کہ ہماری رات آج خاموشی سے گزر جائے گی، میں ویسے ہی پوچھ رہی ہوں۔
غلام محمود ڈوگر نے جواب دیا کہ اللہ خیر کرے گا۔

کے الیکٹرک نے بجلی مہنگی اور سستی کرنے کی درخواستیں دائر کر دیں

کراچی: (ویب ڈیسک) کے الیکٹرک نے نیپرا میں بجلی مہنگی اور سستی کرنے کی 2 الگ الگ درخواستیں جمع کرا دیں۔
کے الیکٹرک نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں ایک درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ جبکہ دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق جمع کرائی ہے۔
نیپرا میں جمع کرائی گئی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست میں بجلی جنوری کے لیے 2 روپے 69 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی استدعا کی گئی ہے، قیمت میں اضافے کی صورت میں کراچی کے بجلی صارفین پر 2 ارب 77 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔
کے الیکٹرک نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق درخواست میں اکتوبر سے دسمبر کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 7 روپے 36 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی استدعا کی ہے۔
اس طرح مارچ میں مجموعی طور پر کراچی والوں کے لئے بجلی 4 روپے 67 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور کمی کا اثر لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے الیکٹرک کی درخواستوں پر سماعت 28 فروری کو کرے گی۔

فلپائن میں چھوٹا طیارہ اُڑان بھرنے کے فورا بعد لاپتا

منیلا : (ویب ڈیسک) فلپائن میں ایک چھوٹاطیارہ اڑان بھرنے کے فورا بعد لاپتا ہوگیا ، طیارے میں پائلٹ سمیت 4 افراد سوار تھے۔
چینی خبررساں ادارے کے مطابق فلپائن کا 6 سیٹر سیسنا 340 طیارہ ہفتے کی صبح 6 بجکر 43 منٹ پر بیکول انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے فورا بعد لاپتا ہو گیا۔
طیارے میں پائلٹ اور عملے کے ایک رکن سمیت 2 مسافر سوار تھے ، طیارہ فلپائن کے دارالحکومت منیلا جا رہا تھا جس کا رابطہ 6 بجکر 46 منٹ پر منقطع ہو گیا ۔
خبررساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں ۔

این ٹی ڈی سی کو بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کا ذمے دار قرار دیدیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے افسروں، پاور کنٹرول مینجمنٹ اور شفٹ انچارج کو بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کا ذمہ دار قرار دے دیا گیا ہے۔
انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے پن بجلی منصوبے ٹرپنگ کے بعد بجلی کی پیداوار میں ناکام رہے۔
یاد رہے کہ 23 جنوری کی صبح ملک بھر میں ہونے والا بجلی کا بریک ڈاؤن تقریباً 24 گھنٹے بعد بحال ہوا تھا، وزیراعظم نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر مملکت مصدق ملک کو تحقیقات کر کے ذمے داروں کا تعین کرنے کا حکم دیا تھا۔
انکوائری کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ این ٹی ڈی سی، واپڈا، آئی پی پیز بجلی بحالی کا باقاعدہ نظام مرتب کریں، تحقیقاتی کمیٹی نے سفارش کی ہے بجلی کی پیداوار کے لیے پاور پلانٹس کے میرٹ آرڈر پر سختی سے عمل کیا جائے۔

بلغاریہ : ٹرک سے 18 افغان تارکین وطن کی لاشیں برآمد

بلغاریہ : (ویب ڈیسک) یورپی ملک بلغاریہ کی پولیس نے دارالحکومت صوفیہ کے پاس ایک ٹرک سے 18 افغان تارکین وطن کی لاشیں برآمد کرلیں ۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق بلغاریہ کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لوکورسکو گاؤں کے قریب ملنے والا ٹرک لکڑی اور کمپارٹمنٹس میں چھپے غیرقانونی تارکین وطن کو لے جا رہا تھا۔
اس حوالے سے نیشنل تحقیقاتی سروس کے سربراہ کا بتانا تھا کہ تارکین وطن کی اموات دم گھٹنے کے باعث ہوئیں ، ان افراد نے غیرقانونی طور پر ہمسایہ ملک ترکیہ کی سرحد عبور کی اور بلغاریہ کے شہر یامبول کے قریب ٹرک پر چڑھنے سے قبل دو دن تک جنگل میں چھپے رہے۔
بلغاریہ کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ پانچ بچوں سمیت 34 تارکین وطن کو ہسپتالوں میں پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت بہتر ہے جبکہ پولیس نے چار افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے ۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سینیئر پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے چار افراد میں سے ایک کو پہلے ہی انسانی سمگلنگ کے الزام میں سزا سنائی جا چکی ہے، مزید ثبوت ملنے پر الزامات عائد کیے جائیں گے۔

ٹیسٹ کرکٹ کا قحط ختم کریں: چھوٹی ٹیموں کا آئی سی سی سے مطالبہ

دبئی: (ویب ڈیسک) زمبابوے کرکٹ چیف ٹوینگوا مکھلانی نے آئی سی سی سے چھوٹی ٹیموں کیلئے ٹیسٹ کرکٹ کا قحط ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
زمبابوے، افغانستان اور آئرلینڈ آئی سی سی ورکنگ گروپ سے ٹیسٹ کرکٹ کا قحط ختم کرنے میں معاونت کے خواہاں ہیں، افغانستان اور آئرلینڈ کو 2017 میں ٹیسٹ سٹیٹس ملا تھا مگر میچز کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے، تینوں ملکوں نے 2017 کے بعد مجموعی طور پر صرف 23 ٹیسٹ میں حصہ لیا ہے۔
زمبابوے کرکٹ چیف ٹوینگوا مکھلانی پہلے بھی میچز کی تعداد بڑھانے پر زور دیتے رہے ہیں، اب ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ آئی سی سی ورکنگ گروپ کے اجلاس میں تینوں ملکوں کو زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کا کوئی راستہ نکالنا ہو گا۔

پی ایس ایل جاری رہےگی، ایونٹ کو کوئی خطرہ نہیں ہے: نجم سیٹھی

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کو کوئی خطرہ نہیں، ایونٹ جاری رہے گا۔
ٹوئٹر پر ایک بیان میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل جاری رہےگی، پی ایس ایل کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی نےکہا ہے کہ وہ صرف سٹیٹ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کو ٹارگٹ کرے گی، ان کہنا ہے کہ معاہدوں کو توڑا گیا ہے اس لیے ٹارگٹ کریں گے۔
دوسری جانب کراچی میں سکیورٹی صورتحال سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایچ بی ایل پی ایس ایل فرنچائز مالکان کا اجلاس ہوا جس میں اتفاق کیا گیا کہ واقعےکا براہ راست پاکستان سپرلیگ سے کوئی تعلق نہیں۔
فرنچائز مالکان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 8 کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان آج میچ بھی کراچی میں کھیلا جائے گا۔