All posts by Khabrain News

برطانوی بچی کے پیٹ پر دل کی شکل کا غیرمعمولی سرخ پیدائشی نشان

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی ایک بچی کو لوگوں نے ’کیوپڈ بے بی‘ کا نام دیا ہے کیونکہ وہ ایک ایسے پیدائشی نشان کے ساتھ دنیا میں آئی جو مکمل طور پر دل کی شکل کا ہے اور اس کی رنگت بھی سرخی مائل تھی اور آج بھی یہ نشان ویسا ہی دکھائی دیتا ہے۔
ایک سالہ جورجیا ویلش نے 22 فروری 2022 کو جنم لیا تو اس کے پیٹ پر یہ نشان تھا جو اب عمر کے ساتھ بڑھ کر مزید واضح ہو چکا ہے جو غیرمعمولی طور پر سرخ بھی ہے، اگرچہ دنیا بھر میں بچے پیدائشی علامات اور نشانات کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں جو بہت سی اشکال اور جسامت کے ہو سکتے ہیں لیکن جورجیا اس ضمن میں غیرمعمولی ثابت ہوئی ہیں۔
جب ڈاکٹروں اور اس کی 37 سال والدہ جین ویلش نے بچی کے بدن کو دیکھا تو وہ حیران رہ گئیں کہ اس کے پیٹ کے بائیں جانب سرخ نشان ہے جو ہوبہو دل کی شکل کا ہے، پیدائش کے وقت یہ نشان بالکل ہموار تھا اور اب اس میں معمولی ابھار پیدا ہوچکا ہے۔
جین ویلش نے کہا ہے کہ وہ بچی کے پیٹ کے دائیں جانب مخالف سمت میں ایسا ہی ایک اور دل کا نشان گدوانے کا سوچ رہی ہیں۔

کرپشن کی تحقیقات، ایف آئی اے نے فرخ حبیب کو طلب کرلیا

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن کی تحقیقات کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کو طلب کرلیا۔
ایف آئی اے نے فرخ حبیب کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا اور انہیں 21 فروری کو فیصل آباد آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے فرخ حبیب کیخلاف اختیارات کا ناجائز استعمال، کرپشن کے حوالے سے انکوئری کی جارہی ہے۔ رہنما پی ٹی آئی پر الزام ہے کہ انہوں نے این ٹی یو کے عہدیدارات تنویر حسین کے ساتھ مل کر اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

پاکستان ڈیفالٹ ہوچکا، اسٹیبلشمنٹ، بیورو کریسی و سیاستدان ذمے دار ہیں، وزیردفاع

سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ ہو چکا ہے اور موجودہ حالات کے ذمے دار اسٹیبلشمنٹ، بیورو کریسی اور سیاستدان سب ہیں۔
سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آپ نے سنا ہوگا، پاکستان دیوالیہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہے۔ ہم ایک دیوالیہ ملک میں رہ رہے ہیں۔
ملکی معاشی صورت حال پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ مستحکم ہونے کے لیے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ناگزیر ہے۔ ہمیں درپیش مسائل کا حل ملک کے اندر ہی ہے، آئی ایم ایف کے پاس پاکستان کے مسائل کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے ذمے دار اسٹیبلشمنٹ، بیورو کریسی اور سیاستدان سب ہیں کیوں کہ پاکستان میں آئین اور قانون پر سمجھوتا کیا جاتا ہے۔
سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ڈیڑھ دو سال قبل دہشت گردوں کو خود یہاں لاکر بسایا گیا، نتیجہ یہ نکلا کہ دہشت گردی ہمارا مقدر بن گئی ہے اور اس پر جس نے آواز اٹھانے کی کوشش کی، اسے ملک سے نکال دیا گیا۔ کراچی میں پولیس آفس پر حملے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اداروں نے کے پی او پر حملے کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ میرا زیادہ تر وقت اپوزیشن میں گزرا ہے۔ میں نے 32 برس میں یہاں سیاست کو رسوا ہوتے ہی دیکھا ہے۔

سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز کی ٹانگ کی کامیاب سرجری

لندن: (ویب ڈیسک) سابق فاسٹ باولر سرفراز نواز کی لندن میں دائیں ٹانگ کی سرجری کردی گئی، اب بائیں ٹانگ کا آپریشن اگلے ماہ ہوگا.
ریورس سوئنگ کے موجد سرفراز ان دنوں لندن میں اپنی فیملی کے ساتھ سکونت اختیار کرچکے ہیں۔ سرفراز نواز کو دونوں ٹانگوں میں تکلیف کی وجہ سے چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا آرہا تھا اور ڈاکٹرز نے سرجری کا مشورہ دیا تھا.
گزشتہ شب ان کی دائیں ٹانگ کا آپریشن کردیا گیا۔ سرفراز نواز کے مطابق اب وہ سپتال سے گھر منتقل ہوچکے ہین اور ایک ماہ بعد بائیں ٹانگ کا آپریشن ہوگا.
سرفراز نواز نے مداحوں سے مکمل صحت یابی کی دعا کی اپیل کی ہے۔

پی ایس ایل 8: کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت لیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کر لیا۔
کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان میچ کراچی میں کھیلا جا رہا ہے جس میں پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کم بیک کیلئے پر امید ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل 8 کے اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ادھر کراچی کنگز کی ٹیم بھی ایونٹ کے اپنے پہلے دونوں میچز ہار چکی ہے، کراچی کنگز کو پہلے میچ میں پشاور زلمی جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی رمضان پیکیج میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں رمضان پیکیج کے حوالے سے نگران حکومت کو مختلف تجاویز ارسال کر دی گئیں، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے رمضان پیکیج میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کر دی۔
رمضان پیکیج کے حوالے سے خصوصی بازار، بجلی فری اور ہاؤس ہولڈ کو کیش دینے کی مختلف تجاویز پیش کی گئی ہیں، 550 روپے آٹے کے تھیلے پر 6 ارب روپے کے اخراجات جبکہ فیئر پرائس اور دیگر اخراجات سمیت 313 رمضان بازاروں پر مجموعی طور پر 12 سے 13 ارب کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
رمضان پیکیج میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہاؤس ہولڈ کو ایک ماہ کیلئے 5000 روپے بطور کیش دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے، فی خاندان 5000 روپے کیش دینے سے 40 ارب روپے خرچ ہوں گے، اس کے علاوہ پنجاب میں ایک ماہ کیلئے 100 یونٹس تک بجلی مفت دینے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے، 100 یونٹس تک بجلی فری دینے سے 25 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے رمضان پیکیج پر وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو عوام کو رمضان میں ریلیف دینے کے حوالے سے جلد سفارشات پیش کرے گی، محسن رضا نقوی نے مقدس ماہ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیکیج کی پائی پائی عوام تک پہنچنی چاہئے، روایتی طریقہ کار کی بجائے منفرد انداز میں رمضان پیکیج کو حتمی شکل دی جائے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال کا سرکاری گاڑی اور پٹرول کا استعمال جاری رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے سرکاری پٹرول، سرکاری گاڑی کا استعمال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے وی ایٹ 4500 سی سی لینڈ کروزر گاڑی واپس لینے کیلئے خط لکھا ہے، انہوں نے سرکاری گاڑی یا سرکاری پٹرول لینے سے معذرت نہیں کی، واضح رہے وزیر اعظم کے منظور کردہ رولز کے تحت وفاقی وزیر 1800 سی سی گاڑی کا مجاز ہوتا ہے۔
یاد رہے کچھ روز قبل مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء نے ملک کی مالی صورتحال کے پیش نظر بغیر تنخواہ کے کام کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے کابینہ ارکان سے بغیر تنخواہ پر کام کرنے کی درخواست کی تھی۔
موجودہ وفاقی کابینہ میں شامل 34 وزراء میں سے 12 کا تعلق (ن) لیگ سے ہے اور 7 وزرائے مملکت میں سے 3 مسلم لیگ (ن) کے ہیں جبکہ 38 میں سے 14 معاونین خصوصی بھی بلا معاوضہ کام کرنے کی درخواست منظور کر چکے ہیں۔

خواتین کو با اختیار بنانے اور خصوصی بچوں کو معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی ضرورت ہے، بیگم ثمینہ عارف علوی

حیدرآباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت کی اہلیہ خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے ساتھ ساتھ خصوصی بچوں کو بھی معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جائے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔
بیگم ثمینہ عارف علوی نے راشد آباد ٹنڈوالہیار میں ٹوپین سپرٹ ٹرسٹ اکیڈمک کیمپس، خصوصی افراد کے بحالی مرکز دارالسکون اور سماعت سے محروم بچوں کے لئے قائم کردہ ڈیف ریچ سینٹر کا دورہ کیا، بچیوں کی جانب ہاتھ سے تیار کردہ مختلف چیزیں دیکھیں اور ان کے کام کو سراہا۔
بیگم ثمینہ عارف علوی نے خصوصی بچوں اور خواتین سے بھی ملاقات کی اور انہیں فراہم کردہ معیاری سہولیات پر مسرت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی خدمت ضرور کرنی چاہئے تاہم ہمیں انہیں خود کفیل بنانا چاہئے تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکیں جبکہ خواتین کے لئے تعلیم کا ہونا بہت ضروری ہے، ہم اس شعبہ میں بھی کام کریں گے اور تعلیم کے شعبہ میں بھی خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
دورے کے موقع پر ایئر چیف مارشل (ر) سہیل امان کی اہلیہ شگفتہ جبین بھی ان کے ہمراہ تھیں، جنہوں نے معاشرے کے نظر انداز بچوں اور بڑوں کو راشد آباد میں ملنے والی تعلیم و تربیت کی سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں تعلیم کا معیار بہت زیادہ بہتر ہے۔

الیکشن 90 دن سے آگے لے جانیوالا غدار، آرٹیکل 6 لگے گا، شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو الیکشن کو 90 روز سے آگے لے کر جائے گا وہ غدار ہو گا، الیکشن کو آگے لے جانے والوں پر آرٹیکل 6 لگے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج عمران خان نے زندگی میں پہلی بار کسی کو رہائی پر سگار کا ڈبہ دیا ہے، شیخ رشید نے ملنے والا سگار کا ڈبہ بھی میڈیا کو دکھا دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ صبح 11 بجے اہم پریس کانفرنس کروں گا، انہوں نے کہا کہ غریب ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر رہا ہے، تمام بحرانوں کا ایک ہی حل ہے ملک میں فوری الیکشن کرائے جائیں، مریم نوازکا خاوند ہی ان کے ساتھ نہیں، اگر مریم نواز میں جرات ہے تو قوم کو بتائے کس کی حکومت ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ 380 ارب کی بجلی چوری ہو رہی ہے، جو بجلی چوری ہوتی ہے وہ بلوں میں ڈال دی جاتی ہے، لوگو ملک بچانے کا وقت ہے، عمران کے ساتھ کھڑے ہو جاؤ، چور، اچکے آنکھیں دکھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پرایسا وقت کبھی نہیں آیا جو آج ہے، عمران خان 22 کروڑعوام کی آواز ہے، عمران خان کو کہا ہے گرفتاری کے لیے سب سے پہلے اپنا نام دوں گا۔

کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) آئی جی سندھ نے گزشتہ رات کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی جس کے سربراہ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک ہوں گے۔
کمیٹی میں ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ، ڈی آئی جی سی آئی اے کریم خان، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کو شامل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ کمیٹی دوسرے کسی بھی ممبر کو تفتیش میں مدد کیلئے خود شامل کر سکے گی۔
واضح رہے کراچی پولیس آفس میں 3 دہشت گردوں نے گزشتہ روز حملہ کیا تھا، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن کر کے حملے کو ناکام بنا دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ رینجرز کے سب انسپکٹر تیمور اور پوليس اہلکار غلام عباس سميت 4 افراد شہيد ہوئے تھے۔
آپريشن میں رینجرز کے لیفٹیننٹ کرنل جواد، ایس ایس یو کے ڈی ايس پی حاجی عبد الرزاق سمیت 19 افراد زخمی ہوئے تھے جن کو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے، کلیئرنس آپریشن میں شریک اہلکاروں نے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے بعد اللہ اکبر کے بلند نعرے بھی لگائے۔
دہشت گردوں میں سے ایک کا تعلق لکی مروت اور دوسرے کا شمالی وزیرستان سے ہے جبکہ تیسرے کے حوالے سے تفتیش جاری ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گرد شام 7 بجے کے قريب پوليس کی ورديوں ميں عقبی راستے سے پوليس آفس ميں داخل ہوئے تھے۔
Continue reading کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی